اسلان مسخادوف
اسلان (خالد) علیئوچ مسخادوف (چیچن: مسخادان علی کانت اسلان ؛ اردو: اسلان ولد علی مسخادان (مسخادی)) (21 ستمبر 1951ء - 8 مارچ 2005ء) چیچن جمہوریہ اشکیریا کے تیسرے صدر تھے ۔
پہلی چیچن جنگ میں چیچنیا کی فتح کا سہرا بھی انہی کے سر جاتا ہے، جس کے نتیجے میں چیچن جمہوریہ اشکیریا کی آزادی عمل میں آئی۔ مسخادوف جنوری 1997ء میں چیچنیا کے صدر منتخب ہوئے۔ اگست 1999ء میں دوسری چیچن جنگ شروع ہونے کے بعد، روسی فوج کے خلاف گوریلا مزاحمت کی رہنائی کرنے کے لیے وہ میدان میں آئے۔ وہ مارچ 2005ء میں شمالی چیچنیا میں تولستوئی یورت گاؤں میں شہید ہوئے۔
سوانح حیات
[ترمیم]ابتدائی زندگی
اسلان علیئوچ مسخادوف 21 ستمبر 1951ء میں سویت اتحاد کی قازاق سویت سوشلسٹ جمہوریہ کے کاراگاندی صوبے کے ایک چھوٹے گاؤں "شکائی" میں، جوزف ستالین کے حکم سے چیچن لوگوں کے اپنے آبائی علاقوں سے جبری انخلا کے دوراں پیدا ہوئے۔ 1957ء میں اس کا خاندان چیچنیا واپس آیا اور نادتریچنی ضلع میں "زیبر یورت" میں آباد ہوا۔ مسخادوف نے سویت فوج میں شمولیت اختیار کی اور ہمسایہ ریاست گرجستان سویت سوشلسٹ جمہوریہ میں تربیت حاصل کی اور تبلیسی آرٹلری اسکول سے 1972ء میں گریجوئیشن کی۔ اس کے بعد وہ 1981ء میں لینن گراد کلینن ہائر آرٹلری سے گریجوئیٹ ہوئے۔ ان کو ہنگری میں ایک خود اختیار(self propelled) آرٹلری رجمنٹ میں بھیج دیا گیا جہاں وہ 1986ء تک رہے اور 1986ء سے بالٹک ملٹری ڈسٹرکٹ میں خدمات سر انجام دیں۔ 1990ء سے لتھوانیا کے دار الحکومت ویلنیوس میں سویت میزائل اور آرٹلری افواج کے چیف آف سٹاف کی حثیت سے خدمات دیں۔ جنوری 1991ء میں مسخادوف نے 'جنوری واقعات" میں حصہ لیا، جس میں سویت دستوں نے ٹیلی ویژن ٹاور کا گھیراؤ کیا۔ سویت فوج میں اپنی سروس کے دوران ان کو دو دفعہ " تمغا برائے خدمات وطن" سے نوازا گیا۔ مسخادوف 1992ء میں سویت فوج سے کرنل کے رینک سے ریٹائرڈ ہوئے اور اپنے آبائی علاقے میں لوٹ آئے۔ وہ 1992ء کے اخیر سے نومبر 1993ء کے درمیان چیچن جمہوریہ اشکیریا کے شہری دفاع کے سربراہ رہے ۔
سویت اتحاد کے خاتمے کے بعد، مسخادوف نے 1993ء کی گرمیوں میں، عروس مرتان، نیدتریچنی اور گودرمس ضلعوں میں جوہر دودائیف حکومت دے خلاف فوجی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ 1993ء کی ناکام بغاوت کے بعد چیچن مسلح افواج کے چیف آف سٹاف ویسخان شہابوف کو برطرف کر دیا گیا اور اسلان مسخادوف کو قائم مقام چیف آف سٹاف مقرر کر دیا گیا۔ 1994ء میں وہ مکمل چیف اف سٹاف بنائے گئے ۔
پہلی چیچن جنگ
[ترمیم]دسمبر 1994ء میں پہلی چیچن جنگ شروع ہو گئی اور چیچنیا کی طرف سے وہی سینئر فوجی شخصیت تھے اور اس جنگ میں چیچنوں کی روسی فوجوں پر فتح بھی ان ہی کی مرہون منت ہے ۔