املغم

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

املغم (amalgam) یا مغلوبہ سے مراد پارے اور کسی اور دھات کا آمیزہ ہوتا ہے۔ پارہ کمرے کے درجہ حرارت پر مائع حالت میں ہوتا ہے اور کئی دھاتوں کو اپنے اندر حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پارے اور دھات کا یہ محلول عام طور پر سخت ٹھوس ہوتا ہے مگر تھیلیئم اور پارے کو ملانے سے جو املغم بنتا ہے وہ نہ صرف مائع ہوتا ہے بلکہ پارے سے بھی کم درجہ حرارت(منفی 58 °C) پر جمتا ہے اور زیادہ سردی ناپنے والے تھرمامیٹر میں استعمال ہوتا ہے۔
صرف لوہا، پلاٹینم، ٹنگسٹن، گیلیئم اور ٹینٹیلم پارے سے مل کر با آسانی املغم نہیں بنا سکتے۔

Arqueriteجو چاندی اور پارے کا قدرتی املغم ہوتا ہے۔

چاندی کے ساتھ پارے کا املغم انسانی دانتوں میں موجود سوراخوں (cavities) کی بھرائی میں استعمال ہوتا ہے کیونکہ تازہ حالت میں یہ نرم ہوتا ہے لیکن کچھ منٹوں کے بعد سخت ہو جاتا ہے۔ سونے کی کان سے سونا نکالنے کے لیے پارے کا استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ سونا بھی پارے سے ملکر املغم بناتا ہے۔ پارے اور سونے کا املغم سونے کی ملمع کاری (gold plating) میں بھی استعمال ہوتا ہے۔

انسانی دانت میں بھرا ہوا املغم۔

کسی املغم کو بہت گرم کرنے پر پارہ بخارات بن کر الگ ہو جاتا ہے اور دھات باقی رہ جاتی ہے۔ پارے کے بخارات سخت زہریلے ہوتے ہیں۔ سونے اور پارے کے املغم سے سونا الگ کرنے کے لیے اس میں شورے کا تیزاب (نائٹرک ایسڈ) ملایا جاتا ہے جو پارے کو تو حل کر لیتا ہے مگر سونے کو حل نہیں کر سکتا۔

دوہرے املغم[ترمیم]

سیسہ اور پارے کا املغم ٹھوس ہوتا ہے۔ اسی طرح بسمتھ اور پارے کا املغم بھی ٹھوس ہوتا ہے۔ مگر جب ان دونوں ٹھوس املغم کو ملایا جاتا ہے تو دونوں ملکر پارے کی مانند مائع شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ اس دھاتی آمیزے کو Mackenzie’s alloy کہتے ہیں۔[1]

مزید دیکھیے[ترمیم]

حوالہ جات[ترمیم]

بیرونی روابط[ترمیم]

مائع گیلیئم اور پارے کا الگ الگ رہنا: یو ٹیوب کی ویڈیو