مندرجات کا رخ کریں

ویکیپیڈیا:آپ کا پہلا مضمون

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

نیا مضمون تحریر کرنا چاہتے ہیں؟
ذیل میں نیا مضمون لکھنے کا طریقہ اور ویکی اسلوب نگارش سیکھیں۔


یہ صفحہ آپ کے پہلے مضمون تحریر کرنے سے متعلق ہے، اسے تحریر کرنے کی جگہ نہیں ہے!

اگر آپ تجربہ کرنا چاہتے ہیں تو براہ کرم تختہ مشق یا اپنے صفحۂ صارف میں تشریف لے جائیں۔ اگر واقعی مضمون تحریر کرنا ہو تو ساحر تخلیق مضمون سے کوشش کریں۔

ویکیپیڈیا میں آپ کا خير مقدم ہے! یہاں اردو ویکیپیڈیا پر لکھنے سے قبل آپ شاید بلاگ نویسی یا سماجی ذرائع ابلاغ پر مراسلات نویسی کا وسیع تجربہ رکھتے ہوں گے اور اب آپ ویکیپیڈیا پر اپنا تحریری سفر شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ آپ کا یہ جذبہ انتہائی مستحسن اور آپ کا عزم قابل داد ہے۔ اس صفحہ میں آپ کو اردو ویکیپیڈیا پر اپنا پہلا مضمون لکھنے اور اسے شائع کرنے کی مکمل اور جامع ہدایات ملیں گی جن کی مدد سے آپ اردو ویکیپیڈیا پر اپنا پہلا مضمون بآسانی شائع کر سکتے ہیں۔ اگر ویکیپیڈیا پر آپ کا کھاتا نہ ہو تو بہتر ہوگا پہلے اپنا کھاتا بنا لیں تاکہ آپ کی تبدیلیاں اور تحریر کردہ مضامین آپ ہی کے نام سے منسوب ہوں۔

ضروری ہدایات

پہلا مضمون لکھنے سے قبل چند ضروری ہدایات ملاحظہ فرمائیں:

  1. اولاً ویکی آموزی سے متعلق سلسلۂ مضامین کا مطالعہ فرمائیں۔
  2. ویکیپیڈیا پر ترمیم و تدوین کا عمل سیکھنے کے لیے سب سے پہلے موجودہ مضامین میں ترمیم کی کوشش کریں، نیز ویکیپیڈیا کے منتخب مضامین اور بہترین مضامین کو بغور دیکھیں اور پڑھیں تاکہ ویکیپیڈیا کا اسلوب نگارش معلوم ہو۔
  3. کسی مضمون کو لکھنے سے پہلے اس کو خانہ تلاش کے ذریعہ ویکیپیڈیا پر لازماً تلاش کریں کہ کہیں وہ پہلے سے موجود نہ ہو۔ نیز اثنائے تلاش عمومی الفاظ یا دیگر قریب المعنی الفاظ سے بھی تلاش کریں، ممکن ہے آپ کا مطلوبہ مضمون کسی دوسرے عنوان سے موجود ہو۔
  4. جو معلومات آپ ویکیپیڈیا پر شائع کرنا چاہتے ہیں ان کے مصادر و مراجع بھی جمع کریں۔ معتبر اور مطبوعہ حوالوں کے بغیر لکھے گئے مضامین حذف کیے جا سکتے ہیں۔
  5. اپنے یا اپنے دوستوں کے متعلق مضامین، اشتہاری مضامین یا ذاتی تحقیقات نہ لکھیں۔
  6. پہلا مضمون لکھنے سے پہلے اردو ویکیپیڈیا پر متحرک احباب سے مشورہ بھی کر سکتے ہیں۔
  7. یہ بھی ممکن ہے کہ آپ پہلے اپنے مضمون کا مسودہ تیار کریں (جس کے لیے آپ کو مضمون کے عنوان سے قبل مسودہ: کا سابقہ لگانا ہوگا) اور اس مضمون کی حسن ترتیب و تنسیق پر دوسرے تجربہ کار صارفین سے رائے لیں، جب مضمون مکمل تیار اور اطمینان بخش ہو جائے تو اسے مضمون نام فضا میں منتقل کر دیں۔
  8. حوالہ جات کو معتبر مآخذ سے جمع کریں۔
  9. اپنی معلومات کے مصادر و مراجع کو لازماً درج کریں اور مضمون کی اہمیت کا ذکر کریں۔
  10. مضمون کی ابتدا میں ایک دیباچہ ضرور لکھیں جس میں متعلقہ موضوع کا مختصراً مگر جامع احاطہ کیا گیا ہو۔

واضح رہے کہ اگر آپ ویکیپیڈیا کی پالیسیوں کے خلاف اپنا مضمون لکھتے ہیں تو عین ممکن ہے کہ ایسے مضمون کو فوراً حذف کر دیا جائے۔ عموماً ویکیپیڈیا کے منتظمین اور پرانے ویکی نویس نو وارد صارفین کی ترامیم اور نئے مضمون پر گہری نگاہ رکھتے ہیں اور ان تبدیلیوں یا مضمون پر فوری رد عمل کا اظہار کرتے ہیں جو ویکیپیڈیا کی پالیسیوں مثلاً معروفیت اور غیر جانبداری کے خلاف ہو اور غیر معتبر حوالوں پر مشتمل ہو۔

موجود مضمون کو تلاش کریں

اردو ویکیپیڈیا بہت سے مضامین کا مجموعہ ہے اس لیے کوئی نیا مضمون لکھنے سے پہلے اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ وہ مضمون پہلے سے ویکی پر موجود نہ ہو۔ بسا اوقات ایسا ہوتا ہے کہ جو مضمون آپ لکھ رہے وہ ویکیپیڈیا پر کسی اور عنوان سے موجود ہوتا ہے۔ چنانچہ کسی بھی نئے مضمون کو لکھنے سے قبل اسے یہاں تلاش کریں، پھر اس کے بعد اردو ویکیپیڈیا میں مضامین کا عنوان میں دیکھیں۔ جو موضوع آپ لکھ رہے ہیں اگر وہ ویکیپیڈیا پر پہلے سے موجود ہو لیکن اس کا عنوان مختلف یا غیر معروف ہو تو آپ مضامین کے عنوان کے لیے رجوع مکرر بنانا سیکھیں۔ رجوع مکررات اردو ویکیپیڈیا کی معاونت کے لیے بہت ضروری ہیں۔ حذف شدہ مضامین کی فہرست بھی دیکھ لیں تاکہ آپ کوئی ایسا مضمون نہ لکھیں جو پہلے سے حذف شدہ ہو۔

ویکیپیڈیا پر تلاش کے دوران میں آپ کو اپنا مطلوبہ مضمون نہ مل سکے تو اپنی تلاش کا دائرہ وسیع کریں اور ان موضوعات میں بھی تلاش کریں جن سے آپ کا مطلوبہ مضمون متعلق ہے۔ اگر آپ نئے سرے سے نہیں لکھ سکتے تو پہلے سے موجود مضامین کو بہتر بنانے کی کوشش کریں۔ مثال کے طور پر آپ کسی گلوکار کے بارے میں لکھنا چاہتے تھے تو آپ اس کے ساتھ رہنے والے طائفہ کو بھی تلاش کر سکتے اور اس کے متعلق اپنی معلومات لکھ سکتے ہیں۔