کوپرنیکی اصول

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

کوپرنیکی اصول (copernican principle) نکولس کوپرنیکس (1473ء تا 1543ء) کے نام سے منسوب ہے لیکن اس اصول کو کوپرنیکس نے پیش نہیں کیا تھا بلکہ اس کے کام سے متاثر ہوکر اس کا نام کوپرنیکی اصول کہا جاتا ہے۔ کوپرنیکس کا فلسفی اور مذہبی تصورِ ارض المرکز (earth center) سے ہٹ کر شمس مرکزیت (heliocenteric) نظریہ، کرۂ ارض کی اس کائنات میں حیثیت کے بارے میں ایک نہایت نمایاں تبدیلی تھی جس نے انسانی دنیا کو جامد سے سیار بنا کر زمین کی بجائے سورج کو کائنات کے مرکز پر رکھ دیا (یہ شمس مرکزیت بھی آج کائنات مرکزیت سے سمٹ کر محض نظام شمسی تک محدود ہو چکی ہے)؛ اور اسی وجہ سے کونیاتی تعددیت (cosmic pluralism) میں زمین کی عمومی حیثیت کے تصور کو کوپرنیکی اصول کہا جاتا ہے۔ چونکہ کوپرنکس کے پیش کردہ اس تصور کی وجہ سے ہی زمین کی امتیازی حیثیت ختم ہوئی اور وہ خاص الخاص جرم فلکی سے بدل کر اس کائنات کا ایک عمومی سیارہ بنی اور یہ بات سامنے آئی کہ اس عالم بشر میں ایسی کوئی خاص بات نہیں جس کی موجودگی کا امکان کائنات کے دیگر سیاروں پر ناممکن ہو اور جو کچھ زمین پر ممکن ہے وہی کچھ ان ہی حالات میں دوسرے کسی بھی سیارے پر ممکن ہو سکتا ہے۔ بعض اوقات طبیعی علم الکائنات میں استعمال ہونے والے اسی کوپرنیکی اصول کو اصول توسط (mediocrity principle) کے متبادل بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ جب سائنس میں کسی نظریے یا تصور کے بارے میں واضح معطیات دستیاب نا ہوتے ہوں لیکن مفروضوں کی مدد سے ایک منطقی تشریح ممکن ہوتی ہو اور اس سے انکار کی شہادتیں بھی دستیاب نا ہوں تو ایسی صورت میں اس تصور کو ایک اصول (principle) کا نام دے کر سائنسی میدان میں جگہ دے دی جاتی ہے اور یہی کوپرنیکی اصول کے ساتھ ہوا۔