علاقہ سیگو
علاقہ سیگعو (Ségou) جمہوریہ مالی کے آٹھ علاقوں میں سے ایک ہے جس کا علاقائی صدر مقام اسی نام کا شہر سیگو ہے۔
جغرافیہ
[ترمیم]مرکزی مالی میں واقع علاقہ سیگو کا رقبہ لگ بھگ 64 947 مربع کلومیٹر ہے جس کے جنوب میں علاقہ سیکاسو، مشرق میں علاقہ موپٹی اور علاقہ ٹمبکٹو، جنوب مشرق میں برکینا فاسو اور مغرب میں علاقہ کولیکورو واقع ہے۔
علاقہ کو درج ذیل 7 سرکلز میں تقسیم کیا گيا ہے۔
- بلا سرکل (Bla)
- باریولی سرکل (Baroueli)
- ماسینا سرکل (Macina)
- نیونو سرکل (Niono)
- سیگو سرکل (Segou)
- سان سرکل (San)
- تومینیان سرکل (Tominian)
آب و ہوا
[ترمیم]علاقہ سیمی ایرڈ (semi-arid climate) آب و ہوا کا ہے جہاں سالانہ اوسط بارش 513 ملی میٹر ہوتی ہے اور علاقہ کو مالی کے دو اہم دریا دریائے نائیجر اور دریائے بانی سیراب کرتے ہیں۔ علاقہ میں دو موسم ہوتے ہیں، ایک برسات اور دوسرا خشک موسم۔ برسات جون سے شروع ہوتا ہے اور ستمبر تک چار مہینوں کے لیے رہتا ہے۔ جبکہ خشک موسم کے دو حصے ہوتے ہیں، سرد اور گرم۔ ہرمٹن خشک موسم میں چلنے والی ہوا ہے جو شمال سے جنوب کی طرف چلتی ہے۔
بشری شماریات
[ترمیم]2004ء میں علاقہ 1,887,100 افراد کا مسکن تھا جن میں سے نصف آبادی 15 سال یا اس سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل تھی۔ 1998ء میں آبادی میں اضافہ کی شرح کا تخمینہ 2.1% سالانہ لگایا گيا تھا۔ 79٪ آبادی دیہاتوں میں رہتی ہے جن میں سے زیادہ تر نومیڈک ہے جن میں کئی زبانیں بولنے والے گروہ شامل ہیں، ان زبانوں میں بمبارا، بوزو، سوننکو، مالنکے اور ٹوکولیور شامل ہیں۔ بماراس زیادہ تر کسان ہیں اور سب سے بڑا لسانی گروہ ہے۔ دوسرا بڑا گروہ بوزو ہے جو نائیجر کے سرحد کے قریب چھوٹے چھوٹے قصبوں میں رہتے ہیں اور ماہی گیری کرتے ہیں۔
معاشیات
[ترمیم]علاقہ سیگو برتن سازی اور ماہی گیری کی صنعت کے لیے مشہور ہے۔ سیاحتی پرکشش مقامات میں کورو کے قدیم قصبہ میں واقع مسجد، کولیبالی کا مقبرہ (Coulibaly's tomb) اور ایک قدیم درخت ہے۔ مرکز شہر میں پانی کا مینار بھی قابل دید ہے۔
علاقہ کے اہم کاروباروں میں زراعت، گلہ بانی اور ماہی گیری ہے۔ کسان روائیتی طریقہ زراعت پر انحصار کرتے ہیں اور اہم زرعی پیداوار میں سبزیاں، کپاس اور مختلف پھل شامل ہیں جو سارے مالی کو ترسیل کیے جاتے ہیں۔ ان کے علاوہ برتن، سونا، چمڑے کی مصنوعات اور مویشی بھی بھیجے جاتے ہیں۔ تھوڑی بہت جو صنعتیں قائم ہوئی ہیں وہ کھنانے پینے کی اشیا کی تیاری پر ہی منحصر ہیں۔