زین الدین یزید زیدان

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
زین الدین یزید زیدان

زین الدین یزید زیدان (انگریزی: Zinedine Zidane) (پیدائش: 23 جون 1972ء) المعروف زیزو فرانس کے مشہور فٹ بالر تھے جنہوں نے یوونٹس اور ریال میڈرڈ سمیت 4 فٹ بال کلبوں کی بھی نمائندگی کی۔ انہوں نے دو عالمی کپ ٹورنامنٹس میں فرانس کی نمائندگی کی جن میں 1998ء کا عالمی کپ بھی شامل ہے جس میں فرانس نے عالمی چیمپین بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ علاوہ ازیں تین یورپی چیمپین شپس میں بھی ملکی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا جس میں سے 2000ء میں فرانس براعظمی چیمپین بنا تھا۔

زیدان 23 جون 1972ء کو فرانس کے ساحلی شہر مارسے (Marseille)میں پیدا ہوئے۔ ان کے والدین اسماعیل اور ملکہ کا بنیادی الجزائر سے تھا جو ہجرت کرکے فرانس آئے تھے۔ زیدان فرانس اور الجزائر دونوں ممالک کی شہریت کے حامل ہیں۔

زیدان نے اس وقت عالمی افق زبردست شہرت حاصل کی جب انہوں نے 1998ء کے ورلڈ کپ میں برازیل کے خلاف ہیڈر کے ذریعے دو گول کیے اور ملک کو تاریخ میں پہلی بار عالمی چیمپین بنا دیا۔ انہوں نے یورو 2000ء میں بھی ملک کو براعظمی فاتح بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ کلب سطح پر انہوں نے یوونٹس اور ریال میڈرڈ کی جانب سے بالترتیب اٹلی اور اسپین کی قومی چیمپین شپ جیتیں۔2006ء کے ورلڈ کپ کے اختتام پر انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جس پر انہیں گولڈن بال ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان کی زیر قیادت فرانسیسی ٹیم عالمی کپ کے فائنل میں پہنچی تاہم اطالوی حریف پر قابو نہ پا سکی۔ زیدان کے اس آخری میچ میں ان کے کیریر کا اختتام انتہائی افسوسناک انداز میں ہوا جب انہوں نے اطالوی دفاعی کھلاڑی مارکو میٹرازی کے سینے پر ٹکر مار کر انہیں زمین پر گرا دیا اور ریڈ کارڈ دکھائے جانے کے باعث میدان بدر کر دیے گئے۔

زین الدین زیدان

زیدان نے تین مرتبہ (1998ء، 2000ء، 2003ء میں) فیفا ورلڈ پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز جیتتے ہوئے عالمی ریکارڈ قائم کیا جبکہ وہ تین مرتبہ (1997ء، 2002ء، 2006ء میں) اس فہرست کے اولین تین کھلاڑیوں میں بھی شامل رہے۔ وہ 1998ء میں یورپین فٹ بالر آف دی ایئر بھی قرار پائے۔ 2001ء میں ان کی ریال میڈرڈ منتقلی کے لیے ادا کی گئی 66 ملین یورو (87 ملین امریکی ڈالرز، 47 ملین پاؤنڈز) کی رقم اب تک کا عالمی ریکارڈ ہے۔ 2004ء میں یوئیفا گولڈن جوبلی پول میں انہیں گذشتہ 50 سالوں کا بہترین یورپی کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ وہ عظیم برازیلی فٹ بالر پیلے کی 125 عظیم زندہ فٹ بالرز کی درجہ بندی "فیفا 100" میں بھی شامل تھے۔

مسعود اوزیل کے کھیل اور ان کی ٹیم کے ساتھیوں کے لیے مدد فراہم کرنے کے سٹائل اور صلاحیت کو ریال میدرد کے سابق مینیجر جوزے مورینیو (José Mourinho) نے لیجنڈ کھلاڑی زین الدین یزید زیدان (Zinedine Zidane) سے موازنہ کیا ہے۔[1]

زیدان نے عالمی فٹبال کپ 2006ء کے بعد پیشہ ورانہ فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

حوالہ جات[ترمیم]

  1. "Mourinho: Ozil will make history at Real"۔ ESPNSTAR.com. 26 مئی 2012. Retrieved 26 مئی 2012.