فضا (ابہام)
اس مضمون کے عنوان میں غیر اردو حروف تہجی استعمال ہوئے ہیں۔ ان حروف کی وجہ سے صارفین کو مقالہ تلاش کرنے اور دوسرے مقالات میں اس کا ربط دینے میں دشواری کا احتمال ہے۔
غیر اردو حروف: S | p | a | c | e {{{2}}} |
یہ مقالہ انگریزی لفظ اسپیس کے استعمال کی تفصیل کے بارے میں ہے۔ بیرونی فضاء کے لیے دیکھیے مقالہ خلاء. ہواء سے خالی جگہ کے لیے دیکھیے مقالہ فراغ
لفظ space سائنسی مضامین میں اس قدر متوع معنوں میں استعمال ہوتا ہے کہ اس کے متبادل تراجم میں نا صرف یہ کہ عام اخباروں و رسالوں کے مضامین میں ایک گنجلک صورت حال دیکھنے میں آتی ہے بلکہ اردو کی متعدد لغات تک میں یہ عجیب و غریب ابہام دیکھنے میں آتا ہے کہ اس لفظ space کا درست متبادل ہے کیا؟ خلا؟ یا فضا؟ یا جگہ؟ یا مکان؟۔ یہ مضمون اسی ابہام کو دور کرنے کی غرض سے تحریر کیا جا رہا ہے اور کوشش کی گئی ہے کہ کم از کم سائنسی مضامین میں تو یہ مبہم صورت حال جس قدر ممکن ہو سکے دور کی جاسکے۔
انگریزی اصل الکلمہ
[ترمیم]انگریزی لغات کے مطابق space کا لفظ زبان انگریزی میں تیرہویں صدی کے آغاز سے دیکھنے میں آ رہا ہے کہ جب یہ فرانسیسی زبان کے espace سے داخل ہوا جو بذات خود لاطینی کے spatium سے ماخوذ سمجھا جاتا ہے۔ spatium کے معنوں میں ؛ جگہ، مکان اور پھیلاؤ جیسے مفاہیم شامل بتائے جاتے ہیں ۔[1] اور ظاہر ہے کہ اگر اس اصل الکلمہ کے مفہوم کو مدنظر رکھا جائے تو اس لفظ space کے تین متبادل سامنے آجاتے ہیں اور سونے پر سہاگہ یہ کہ پھر ہر تین میں ایک ایک متبادل اردو میں اپنے اپنے الگ الگ مفاہیم کے اعتبار سے انگریزی کے دیگر سائنسی الفاظ کے ترجمے کے طور پر بھی پیش کر دیا جاتا ہے اور یہ ہے وہ مقام کہ جہاں سے اس مسئلے آغاز ہوتا ہے۔
خلاء یا فضاء
[ترمیم]اردو کا لفظ جو اردو کی لغات تک میں space کے لیے مل جاتا ہے، فی الحقیقت خلاء کسی بھی اعتبار سے space کا ترجمہ نہیں کیا جا سکتا۔ خلاء کا لفظ عربی سے آیا ہے اور اس کی اصل الکلمہ خلی ہے جس کا مطلب ہوتا ہے ؛ کچھ نا ہونا، خالی ہونا، معریٰ ہونا، فارغ ہونا۔ خلاء کے مذکورہ بالا مفاہیم دیکھنے کے بعد اس بات کا ادراک (cognition) حاصل کرلینا کچھ ایسا مشکل بھی نظر نہیں آتا کہ اس لفظ خلاء کا space سے ذرہ برابر بھی تعلق نہیں۔ اب کجا یہ خلاء اور space کی دوری اور کجا یہ کہ اس ہی کو space کا متبادل تک ٹہرا دیا جائے۔ خلاء کا لفظ ہر نقطۂ نظر سے اپنے مفہوم میں دراصل انگریزی سائنسی اصطلاح، vacuum کے قریب ترین مبادل ہے اور اس خلاء کو vacuum کے لیے ہی اختیار کیا جانا چاہیے نا کہ space کے لیے۔ space کے بہترین متبادل فضاء ہی ہے، خواہ وہ atmospheric sapce ہو یا mathematical space ہو۔
امکان اور ادیب
[ترمیم]امکان غالب ہے کہ اردو کی ان ابتدائی کتب میں کہ جن میں space کے لیے خلاء کے استعمال کی ابتدا کی کئی ایسا اس وجہ سے ہوا ہوگا کہ ان کے لکھنے والے ادیبوں کے پاس سائنس کی درست معلومات کی عدم دستیابی یا کہہ لیں کے عدم دسترس ہوگی اور space کے ساتھ ایک ایسے مقام کا (غلط) تصور پیوست ہونا کہ جہاں کچھ بھی نہ ہو، یعنی وہ خالی ہو اس بات کا سبب بن گیا ہو کہ اس کا ترجمہ خلاء کر لیا جائے اور space کا ایسا تصور اس وقت یعنی 1960ء کی دہائی میں یقینی طور پر زیادہ مبہم ہوگا کہ جب یہ لفظ ترجمہ کے طور پر نکالا گیا۔ اب چونکہ اردو میں کوئی سائنسی اصطلاحاتی ادارہ ناپید ہی ہے اس لیے ---- جو ادیبوں نے لکھ دیا اور جو اخباروں نے چھاپ دیا وہی سائنسی لفظ بن گیا ---- کے مترادف یہ لفظ خلاء کا space کے ساتھ ایسا لگا کہ آج تک لگا چلا آ رہا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ ابتدائی ترجموں کے وقت یہ غلطی براہ راست انگریزی سے پیدا کر لی گئی ہو اور یا پھر ہو سکتا ہے کہ کسی فارسی یا عربی لغت سے منتقل ہو کر اردو میں آئی ہو۔[2]
تین الفاظ یا ایک؟
[ترمیم]جیسا کہ مذکور الذکر ہوا کہ بادی النظر میں space کا لفظ گویا تین مفاہیم میں آجاتا ہے جو دقیق النظر میں فی الحقیقت ایک ہی ہیں اور وہ ذیل میں درج کیے جا رہے ہیں۔
- فضاء جس کی جمع افضیہ یا فضائیں کی جاتی ہے۔
- حیز جس کی جمع احیاز کی جاتی ہے۔ (یہ اصل میں فاصلہ یا فاصلی کے معنوں میں ہی ہے)
- مکان جس کی جمع امکنہ یا مکانات کی جاتی ہے۔ (یہ اصل میں عام طور پر جگہ یا جا کے معنوں میں ہے، بعض اوقات وقت کے پھیلاؤ پر بھی آجاتا ہے)
اب پہلا سوال تو ان اردو لغات اور ادبا سے یہ کیا جا سکتا ہے کہ ان مذکورہ بالا تینوں مفاہیم میں کونسا ایسا مفہوم ہے جس کا مطلب خلاء کے نزدیک آتا ہو؟ اور جب ایسا نہیں تو پھر کم از کم سائنس میں اس بات کو قبول نہیں کیا جا سکتا کہ کوئی غلط مفہوم کا لفظ صرف اس وجہ سے اختیار کر لیا جائے کہ وہ کسی لغت میں یا کتاب میں لکھا ہے۔ اب یہاں لفظ خلاء کی بحث تمام ہوتی ہے کہ وہ سائنس میں space کے معنوں میں غلط ثابت ہوا اور اب رہ جاتی ہے بات یہ کہ مذکورہ بالا تینوں متبادلات میں سے کون سا لفظ space کے لیے اختیار کیا جائے؟ یا ---- جو تم کو ہو پسند ---- والی بات اپنا کر تینوں میں سے جو پسند آئے لکھ لیں والا معاملہ پیدا کر لیا جائے؟
انگریزی میں بھی لفظ space ان تین معنوں میں آتا ہے جو اوپر اردو میں درج ہیں ؛ یعنی
- room (فضاء)
- distance (حیز / فاصلہ)
- place / area / time (مکاں / مکان)
ان تین بادی النظر مختلف الفاظ کو انگریزی کے سائنسی مضامین میں مشترکہ طور پر space کے لفظ سے ادا کیا جاتا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ دقیق النظر میں یہ تینوں الفاظ ایک ہی مفہوم کو ظاہر کرتے ہیں یعنی فضاء یا room کا مفہوم ---- اور اسی بات کو بنیاد بنا کر انگریزی میں space کا لفظ مذکورہ بالا تین sense میں ادا کیا جاتا ہے۔ اب یہ بات سامنے آجاتی ہے کہ خلاء کا لفظ چونکہ خالی یا کچھ نا ہونے کے معنوں میں ہے اس لیے space کے کسی ایک مفہوم کو بھی ادا کرنے سے یکسر قاصر ہے لہٰذا فضاء کا لفظ ہی ایک ایسا مناسب متبادل ہے جس کو انگریزی space کے لیے اختیار کیا جانا چاہیے؛ خواہ وہ کسی بھی جگہ استعمال کیا جا رہا ہو؛ مثال کے طور پر خلائی جہاز لکھنا غلط ہوگا جبکہ فضائی جہاز درست ہے۔
فضاء، خلاء اور قباحتیں
[ترمیم]اگر space کے لیے خلاء کا رائج العام لفظ ہی اختیار کر لیا گیا تو اس کی وجہ سے نا صرف یہ کہ درست مفہوم کی نمائندگی نہیں ہوگی بلکہ طبیعیات کے علاوہ دیگر شعبہ جات علوم میں بھی جہاں space یا اس سے کوئی ماخوذ لفظ آتا ہو (جیسے spatial وغیرہ) تو وہاں بھی تراجم کے دوران ایک نہایت مضحکہ خیز صورت حال کا سامنا ہوگا۔ یعنی وضاحت یوں کی جاوے ہے کہ ؛ spatial بھی space کی طرح spatium سے ہی بنا ہے اور space کا وہی مفہوم رکھتا ہے کہ جو اوپر آچکا ہے۔ spatial مراد سائنسی مضامین میں کسی بھی ایسے مظہر یا وقوعہ کی لی جاوے ہے کہ جو زمانی (temporal) نہیں ہو بلکہ بیک وقت ظاہر ہو رہی ہو۔
چاول اور مثال
[ترمیم]اس بات کی وضاحت کے لیے عام سے الفظ میں مثال یوں لی جا سکتی ہے کہ جیسے فرض کیجیے کہ چاول کے دانوں کو کسی خاص بلندی سے گرا کر نیچے موجود کسی جالی سے گذارنا ہے ؛ تو اب ایسا دو طرح سے کیا جا سکتا ہے۔
- ایک تو یہ کہ چاولوں کو مٹھی میں لے کر جالی پر گرا دیا جائے اور اس طرح کوئی دانہ کسی سوراخ سے اور کوئی دانہ کسی سوراخ سے گذرتا ہوا جالی سے نکل جائے گا۔ یعنی اس کا مطلب یہ ہوا کہ چاول کے دانے ایک فاصلے یا جگہ یا فضاء (room) پر پھیل کر جالی کے مختلف سوراخوں سے ایک ساتھ گذر جائیں گے اور ایسے مظہر کو سائنس میں spatial phenomenon کہا جاتا ہے، جیسے عصبونات میں واقع ہونے والا فضائی تراکم (spatial summation) کا عمل۔
- دوسری صورت یہ ہو سکتی ہے کہ چاولوں کے ایک ایک دانے کو چٹکی سے یکے بعد دیگرے باری باری ایک سیدھ میں گرایا جائے اور اس طرح چاول کے تمام دانے باری باری ایک ہی سوراخ سے گذر کر جالی سے نکلیں گے یعنی ایسی صورت میں وہ پہلی صورت کے برخلاف، فضاء یا room پر پھیل کر جالی سے گذرنے کی بجائے ایک ہی مقام سے جالی سے گذرتے ہیں اور جس کے لیے یہ عمل، وقت سے مشروط ہو جاتا ہے اور زمانی کہلاتا ہے، جیسے زمانی تراکم (temporal summation) کا مظہر۔
اب ذرا غور کیجیے کہ اگر space کے لیے خلاء کا لفظ اختیار کیا گیا تو ایسی صورت حال میں جو اوپر عدد #1 میں درج کی گئی ہے، کیا خلائی تراکم کا لفظ درست ہوگا؟؟ کہاں ہے مذکورہ بالا تراکم (summation) کے عمل میں خالی یا کچھ نا ہونا یا خلاء کا مفہوم؟؟ یعنی کہنے کا لب لباب یہ کہ space کے لیے ہر مقام پر خلاء نہیں بلکہ ہر مقام پر فضاء کا لفظ اختیار کرنا احسن معلوم ہوتا ہے۔
حوالہ جات
[ترمیم]- ↑ ایک آن لائن، انگریزی لغت آرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ bartleby.com (Error: unknown archive URL) پر space کا بیان۔
- ↑ ایک آن لائن اردو لغت، جس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے غالباً کہ یہ atmospheric space کے لیے خلاء کا لفظ 1960ء کے لگ بھگ دیکھنے میں آیا۔