موسیٰ بن نصیر
موسیٰ بن نصیر | |
---|---|
معلومات شخصیت | |
تاریخ پیدائش | سنہ 640ء [1][2][3] |
وفات | سنہ 716ء (75–76 سال)[1][2][3] وادی القریٰ |
اولاد | عبدالعزیز ابن موسی |
عملی زندگی | |
پیشہ | عسکری قائد ، ولی |
عسکری خدمات | |
لڑائیاں اور جنگیں | المغرب کی اسلامی فتح ، فتح اندلس |
درستی - ترمیم |
موسیٰ بن نصیر افریقا کے عظیم اموی گورنر اور سپہ سالار تھے۔
ابتدائی زندگی
[ترمیم]موسیٰ بن نصیر کا آبائی خاندان مسیحی تھا۔ اور عین التمر میں مقیم تھا۔ شام و ایران کی سرحد پر واقع یہ شہر اہم تجارتی مرکز تھا۔ خالد بن ولید نے عین التمر فتح کیا تو آپ کے والد نصیر کو گرفتار کرکے مدینہ بھیج دیا دستور کے مطابق وہ غلام تھا۔ لیکن قبول اسلام کے بعد اس کے مالک عبدالعزیز بن مروان نے آزاد کرکے (موالی) دوست بنا لیا۔ موسی کی پیدائش عہد فاروقی 19 ہجری میں ہوئی۔ آپ کی تعلیم و تربیت اسی ماحول میں ہوئی جس میں عمر بن عبد العزیز مجدد الف اول پرورش پا رہے تھے۔
عبد الملک نے موسٰی کو بصرہ میں خراج وصول کرنے کا افسر مقرر کیا۔ لیکن جلد ہی موسٰی پر بددیانتی کا الزام لگا تاہم آپ اپنے مربی عبد العزیز کی سفارش پر سزا سے بچ گئے۔ عبد العزیز نے موسی پر عاید کردہ جرمانہ اپنی جیب سے ادا کیا عبد العزیز نے انھیں اپنے پاس مصر میں بلایا وہ موسٰی کی دیانت و ذہانت سے آگاہ تھے اور جانتے تھے کہ انھیں عظیم کام سونپے جا سکتے ہیں۔ چنانچہ انھیں افریقہ کے گورنر کا منصب سونپا گیا۔
افریقہ کی گورنری
[ترمیم]موسٰی بن نصیر اچھے جرنیل ہی نہیں بہت اچھے منتظم بھی تھے اور اس سے بڑھ کر یہ کہ وہ مبلغ اور مصلح تھے۔ بربر قبائل کو جو مسلسل بغاوتوں کے عادی تھے اور سخت سے سخت گورنروں کے مظالم برداشت کرنے کے سبب مسلمانوں سے متنفر ہو رہے تھے۔ ایک ایسے ہی مصلح کی ضرورت تھی جو ان کے نظریات کی تطہیر کر سکے۔ اسلامی اقدار کو ان کے دلوں میں بٹھا سکے اور انھیں اسلام کے مبلغ بنا دے۔ موسٰی بن نصیر افریقہ پہنچے تو انھوں نے قبائل میں گھل مل کر انھیں یقین دلایا کہ مسلمان کی حیثیت سے ان میں اور موسٰی میں کوئی فرق نہیں اور وہ انھیں میں سے ہیں۔ اس نئے انداز پر بربر قبائل کو خوشگوار حیرت ہوئی موسٰی کے فوجی کمانڈر طارق بن زیاد خود بربر تھے اور قوت ایمانی اور جذبہ جہاد سے معمور دل رکھتے تھے۔ طارق بن زیاد نے سات ہزار بربر فوج کی دینی و فوجی تربیت کرکے اسے کسی بھی بڑی مہم کے لیے تیار کیا۔ غرض بربر قبائل کو اعتماد میں لے کر انھیں متحد کرکے ان کی تربیت کرکے اور ان میں جذبہ جہاد پیدا کرکے فتح اندلس کا پہلا مرحلہ مکمل کیا گیا
فتح اندلس
[ترمیم]دیکھیے مکمل مضمون فتح اندلس
کاونٹ جولین کی طرف سے اندلس پر حملہ کی دعوت ملنے پر وہ وقت آگیا جس کا مسلمانوں کو انتظار تھا۔ راڈرک کا ظلم واضح ہو چکا تھا۔ اس کی بدکرداری سامنے آگئی تھی۔ اندلس میں نہ صرف یہودی مظلومیت کی زندگی بسر کر رہے تھے بلکہ گاتھ قوم کے عوام بھی تنگ تھے۔ امرا بھی بادشاہ سے تنگ آئے بیٹھے تھے۔ معاشرہ ہر لحاظ سے گل سڑ گیا تھا اور ایک نئے انقلاب کا متقاضی تھا۔ طارق بن زیاد نے اپنے ابتدائی خطاب میں ہی مظلوم کی حمایت میں جنگ اور خدا کا پیغام پہنچانے کے جذبات ابھارے اور مجاہدین سر دھڑ کی بازی لگانے پر آمادہ ہو گئے
موسٰی نے اس موقع پر نہایت محتاط طرز عمل اختیار کیا۔ پہلے کاونٹ جولین کی وفاداری کا امتحان کیا اور پہلا حملہ اس سے کروایا۔ پھر طارق بن زیاد کو سات ہزار مجاہدین کے ساتھ بھیجا اور پانچ ہزار بطور کمک روانہ کیے۔ اور جوں ہی گاڈ ایسٹ کی فتح کی خبر ملی خود بھی اندلس پہنچے اور فتوحات میں حصہ لیا۔
انجام
[ترمیم]بدقسمتی سے موسٰی کا انجام بھی نہایت اندوہ ناک ہوا۔ ولید بن عبدالملک نے موت سے قبل موسی کو دمشق واپس پہنچنے کے احکامات دیے تھے۔ موسیٰ بن نصیر غنیمت اور زر و جواہر کے ساتھ پایہ تخت واپسی کے لیے روانہ ہو چکا تھا۔ ولید کے مرض الموت میں مبتلا ہونے کے بعد سلیمان بن عبدالملک کی خواہش تھی کہ موسی کا ورود دمشق میں ولید کی موت کے بعد اور اس کی اپنی تخت نشینی کے وقت ہو لیکن موسیٰ بن نصیر اپنے محسن اور مربی کی خدمت میں جلد از جلد حاضر ہو کر تحفے اور تحائف اور مال غنیمت پیش کرنا چاہتا تھا۔ لہذا سلیمان کی خواہش کے خلاف نہایت سرعت سے پایہ تخت پہنچا۔ ولید کی طرف سے موسیٰ کے بے حد عزت افزائی ہوئی۔ انتقام کی آگ کو ٹھنڈا کرنے کے لیے سلیمان نے تخت نشین ہونے کے بعد موسیٰ کے تمام اعزازات اور مناصب سے یکسر محروم کر دیا اور اس کی تمام جائداد ضبط کر لی۔ یہی نہیں بلکہ جب کسی صاحب اثر شخصیت کے ایماء پر موسی کو قید سے نکالا گیا تو سلیمان نے اس پر کئی لاکھ کا جرمانہ نافذ کر دیا۔ موسی اس قدر کثیر رقم بطور جرمانہ ادا کرنے کے قابل نہ تھا۔ کہاں فاتح سپین کی حیثیت سے شاہانہ تزک و احتشام اور کہاں اب ایک تنگ دست انسان جو دو لقموں کا بھی محتاج ہو۔
بیٹے کی موت
[ترمیم]سلیمان نے ان کے بیٹے عبد العزیز بن موسٰی کو جسے وہ اپنا نائب بنا کر آئے تھے، قتل کر دیا اور موسٰی کو کچھ دیر جیل بھی کاٹنی پڑی اور اسی جیل میں ان کے بیٹے کا سر انھیں دکھایا گیا۔ جس پر اسی سالہ بزرگ منتظم و جرنیل کا تبصرہ صرف یہ تھا کہ سلیمان تو نے ایک ایسے جوان کو مارا ہے جو رات کو اللہ کی عبادت کرتا تھا اور دن کو روزہ رکھتا تھا۔ یہ صدمہ بظاہر انھوں نے صبر سے برداشت کیا لیکن پیرانہ سالی میں ایک نیک اور باصلاحیت بیٹے کی موت ان کے لیے ناقابل برداشت ثابت ہوئی۔ اور قید سے آزاد ہونے کے بعد نہایت ہی غربت میں ان کا انتقال ہوا۔
حوالہ جات
[ترمیم]- ^ ا ب ایف اے ایس ٹی - آئی ڈی: https://id.worldcat.org/fast/292865 — بنام: Mūsá ibn Nuṣayr — اخذ شدہ بتاریخ: 9 اکتوبر 2017
- ^ ا ب Brockhaus Enzyklopädie online ID: https://brockhaus.de/ecs/enzy/article/musa-ibn-nusair — بنام: Musa Ibn Nusair — اخذ شدہ بتاریخ: 9 اکتوبر 2017
- ^ ا ب Brockhaus Enzyklopädie online ID: https://brockhaus.de/ecs/enzy/article/musa-ibn-nusair — بنام: Musa Ibn Nusair
- 640ء کی پیدائشیں
- 716ء کی وفیات
- آٹھویں صدی کی عرب شخصیات
- آٹھویں صدی کے مسلمان
- افریقیہ کے اموی گورنر
- الاندلس کے اموی گورنر
- اموی جوامع
- اموی شخصیات
- اندلسی شخصیات
- تاریخ الجزائر
- تاریخ تونس
- تاریخ المغرب
- ساتویں صدی کی عرب شخصیات
- ساتویں صدی کے مسلمان
- قرون وسطی میں الجزائر
- قرون وسطی میں تونس
- قرون وسطی میں ہسپانیہ
- مسلم جوامع
- آٹھویں صدی کی المغربی شخصیات
- عرب جرنیل
- الف لیلہ و لیلہ کے افسانوی کردار
- اندلس کے فوجی اہلکار
- ہسپانیہ پر اموی فتح