کسوٹی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
یہاں جائیں: رہنمائی، تلاش کریں

کسوٹی (Touchstone) سے مراد وہ پتھر ہوتا ہے جس پر رگڑ کر سونا جانچا/ پرکھا جاتا ہے۔ یہ پتھر کالے رنگ کا ہوتا ہے جو بہت ہی باریک ذرات سے بنا ہوتا ہے اور اس پر تیزاب کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔ کسوٹی کے کالے رنگ کی وجہ سے سونے کے مختلف رنگ (shades) زیادہ آسانی سے پہچانے جا سکتے ہیں۔ کئی طرح کے کالے پتھر کسوٹی کا کام دے سکتے ہیں جیسے بسالٹ، جیسپر اور schist۔

لکڑی کے ڈبے میں کالے رنگ کی کسوٹی اور مختلف ارتکاز کے تیزاب

کسوٹی کا سپاٹ ہونا ضروری نہیں۔ ماہر کاریگر غیر سپاٹ کسوٹی پر سونے کو گھس کر اور بننے والی لکیر کا رنگ دیکھ کر سونے کی خالصیت (یعنی قیراط) بتا سکتے ہیں۔ لیکن جب کسوٹی پر تیزاب استعمال کرنا ہو تو سپاٹ کسوٹی پر کام زیادہ آسان ہو جاتا ہے۔

تاریخ[ترمیم]

کسوٹی کا استعمال کئی ہزار سال پرانا ہے اور یہ آج تک استعمال کی جاتی ہے۔ دریائے سندھ کی تہذیب اسے آج سے 5500 سال پہلےاستعمال کرتی رہی تھی۔
ماضی میں جب سونے کے سکے استعمال ہوتے تھے تو تقریباً ہر تاجر کے پاس سونا تولنے والا ایک چھوٹا ترازو، تیزاب اور کسوٹی ہوا کرتی تھی۔
لفظ کسوٹی سنسکرت زبان سے ماخوذ ہے۔ اردو میں عربی رسم الخط کے ساتھ بطور اسم استعمال ہوتا ہے۔ سب سے پہلے 1603ء کو "شرحِ تمہیدات ہمدانی" میں مستعمل ملتا ہے۔[1]

طریقہ استعمال[ترمیم]

جب خالص سونے کو کسوٹی پر رگڑتے ہیں تو کسوٹی پر ایک سنہری لکیر بن جاتی ہے جس کا رنگ دیکھ کر اندازا ہو جاتا ہے کہ سونا خالص ہے یا نہیں۔ مزید تصدیق کے لیے اس لکیر پر شورے کے تیزاب کا ایک قطرہ لگایا جاتا ہے۔ اگر سونا خالص ہوتا ہے تو سنہری لکیر نہ مٹتی ہے نہ اس کا رنگ تبدیل ہوتا ہے۔ لیکن اگر سونا خالص نہ ہو تو یا تو تیزاب لکیر کو مٹا دیتا ہے یا پھر تیزاب یا لکیر کا رنگ بدل جاتا ہے۔
اگر سونے کی خالصیت 24 قیراط سے کم ہے تو تیزاب میں مخصوص مقدار میں پانی ملا کر اسے پتلا کر لیا جاتا ہے تاکہ وہ 20 یا 16 قیراط کے سونے پر اثر نہ کر سکے لیکن اس سے بھی کم قیراط والے سونے کو کسوٹی پر سے مٹا دے یا بد رنگ کر دے۔
سناروں کے پاس مختلف قیراط کے سونے کی تیلیاں ہوتی ہیں جن کی خالصیت پہلے ہی سے معلوم ہوتی ہے۔ جب کسی سونے کو ٹیسٹ کرنا ہو تو کسوٹی پر رگڑ کر اس کی لکیر بنائی جاتی ہے اور اس کے برابر اپنی تیلیوں سےمزید لکیریں ڈالی جاتی ہیں۔ اس کے بعد موازنہ کیا جاتا ہے۔ جس قیراط کی لکیر نامعلوم سونے کی لکیر سے عین مشابہ ہو وہی نامعلوم سونے کی خالصیت ہو گی۔
بازار میں کسوٹی پر استعمال کرنے کے لیے مختلف طاقت (ارتکاز) کے تیزاب ملتے ہیں۔ مثال کے طور پر 18 قیراط سونے کو ٹیسٹ کرنے والا تیزاب کسوٹی پر سے 18 یا زیادہ قیراط کے سونے کو نہیں مٹا سکتا مگر 16 یا کمتر قیراط کے سونے کی لکیر کو مٹا دے گا۔
کسوٹی کو صاف کرنے کے لیے آکوا ریجیا (Aqua Regia) استعمال کیا جاتا ہے۔ اس سے مراد وہ تیزاب ہوتا ہے جو خالص سونے سے بنی لکیر کو بھی اپنے اندر حل کر لیتا ہے۔ یہ تیزاب حجم کے لحاظ سے تین حصے نمک کے تیزاب (ہائیڈروکلورک ایسڈ) اور ایک حصہ شورے کے تیزاب (نائیٹرک ایسڈ) کو ملا کر بنایا جاتا ہے۔

سونا ٹیسٹ کرنے کے دوسرے طریقے[ترمیم]

ہاتھ میں پکڑ کر استعمال کیا جا سکنے والا ایکس رے فلورواسکوپ۔
  • پانی میں ڈوبی ہوئی حالت میں سونے کے وزن میں معمولی سی کمی آ جاتی ہے جس سے سونے کی کثافت کا حساب لگایا جا سکتا ہے۔ اسے عام طور پر پانی والا ٹیسٹ کہتے ہیں۔ سونے کی کثافت 19.3 ہوتی ہے۔ٹنگسٹن کی کثافت بھی اتنی ہی ہوتی ہے۔
  • خالص سونے کو اگر تیز آگ پر گرم کیا جائے تو نہ اس کا رنگ بدلتا ہے نہ اس کے وزن میں کوئی کمی آتی ہے۔ عام طور پر ملاوٹ والا سونا آگ پر پکنے کے بعد کچھ وزن کھو دیتا ہے۔
  • Energy dispersive X-Ray fluorescence ٹیکنولوجی کی مدد سے سونے کو بغیر خراش لگائے بڑی درست حد تک جانچا جا سکتا ہے۔ لیکن اس طریقے سے صرف سطح کا سونا جانچا جا سکتا ہے۔ اگر کھوٹے سونے پر اصلی سونے کا پانی چڑھا دیا جائے تو یہ طریقہ بے کار ہو جاتا ہے۔

جب بھی سونے کی بڑے پیمانے پر خریداری ہوتی ہے تو سونے کی اینٹوں کو پگھلا کر دوبارہ ڈھالا جاتا ہے اور اس کے بعد ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔ اس طرح بالکل حتمی جانچ ہو جاتی ہے۔

ایتھوپیا[ترمیم]

ایتھوپیا سونا برآمد کرنے والا ملک ہے۔ مارچ 2008 میں ایتھوپیا کے سینٹرل بینک نے جنوبی افریقا کو کچھ سونا بیچا مگر جنوبی افریقہ نے اسے جعلی قرار دے کر واپس کر دیا۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ ایتھوپیا کے بینک کے لاکر میں موجود سونے کی کئی اینٹیں درحقیقت اسٹیل کی ہیں جن پر سونے کا پانی چڑھا ہوا ہے۔ [2]

محاورے[ترمیم]

اردو کے بہت سے محاوروں میں کسوٹی کا لفظ استعمال ہوتا ہے جیسے وقت کی کسوٹی، فن کی کسوٹی، محبت کی کسوٹی وغیرہ۔

ٹی وی پروگرام[ترمیم]

عبید اللہ بیگ پہلی بار پاکستان ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے اپنے زمانے کے مقبول ترین پروگرام 'کسوٹی' کے حوالے سے پہچانے گئے جو ذہنی آزمائش کا ایک پروگرام تھا۔

یو ٹیوب پر کسوٹی کے استعمال کی ویڈیو[ترمیم]

How We Test Your Gold

انگریزی ویکی پیڈیا پر[ترمیم]

مزید دیکھیئے[ترمیم]

حوالے[ترمیم]

  1. اردو لغت
  2. BBC News, Addis Ababa