ایک ٹرائے اونس وزنی (یعنی 31.1 گرام کا) سونے کا بسکٹ۔ سیریل نمبر کی عدم موجودگی اس کی اصلیت کو مشکوک بنا دیتی ہے۔
سونا (Gold) ایک عنصر اور دھات کا نام ہے۔ جو اپنی خصوصیات کی وجہ سے انتہائی مہنگا ہے۔ اس کا ایٹمی نمبر 79 ہے۔ قیمتی دھات ہونے کی وجہ سے یہ صدیوں سے روپے پیسے کے بدل کے طور پر استعمال ہوتی رہی ہے۔ یہ دولت کی علامت ہے، اس کے سکے بنائے جاتے ہیں، زیورات میں استعمال ہوتی ہے، یہ چٹانوں میں ذروں یا پتھروں جیسی شکل میں ملتی ہے، یہ نرم چمکدار اور پیلے رنگ کی دھات ہے جسے کسی بھی شکل میں ڈھالا جاسکتا ہے۔
زیادہ تر دھاتیں چاندی یا ایلومینیئم کی طرح سفید ہوتی ہیں لیکن صرف سونے اور سیزیئم کا رنگ نمایاں پیلا ہوتا ہے جبکہ تانبا واضح گلابی رنگ کا ہوتا ہے۔
خالص سونا بے حد نرم دھات ہے جس سے بنے زیور بڑی آسانی سے ٹوٹ جاتے ہیں۔ اس لیے سونے میں کوئی دوسری دھات ملائی جاتی ہے تاکہ زیورات پائیدار ہوں۔ سونے میں دوسری دھاتیں ملانے سے سونے کا رنگ بھی بدل جاتا ہے اور زیورات کی قیمت بھی کم ہو جاتی ہے۔
سونے میں پلاڈیئم چاندی یا نکل ملانے سے اس کا رنگ سفید ہو جاتا ہے
چاندی کی کچھ مخصوص مقدار ملانے سے سونے کا رنگ ہرا ہو جاتا ہے
تانبے کی آمیزش سے سونے کا رنگ تھوڑا سُرخی مائل ہو جاتا ہے
ایلومینیئم کی موجودگی کی وجہ سے سونے کا رنگ جامنی ہو جاتا ہے
سونا بین الاقوامی مالیاتی امور میں ایک معیار ہے۔ سونے کے خالص ہونے کو قیراط کے پیمانے سے ناپتے ہیں۔ خالص ترین سونا 24 قیراط ہوتا ہے۔
دس قیراط سے کم سونا قانونی طور پر سونا نہیں کہلاتا۔