مندرجات کا رخ کریں

عبد اللہ بن عامر بن کریز

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
عبد اللہ بن عامر بن کریز
معلومات شخصیت
پیدائش سنہ 622ء   ویکی ڈیٹا پر (P569) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
مکہ   ویکی ڈیٹا پر (P19) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
وفات سنہ 678ء (55–56 سال)  ویکی ڈیٹا پر (P570) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
مدینہ منورہ   ویکی ڈیٹا پر (P20) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
شہریت سلطنت امویہ   ویکی ڈیٹا پر (P27) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
عملی زندگی
پیشہ فوجی افسر   ویکی ڈیٹا پر (P106) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
عسکری خدمات
وفاداری خلافت راشدہ   ویکی ڈیٹا پر (P945) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
عہدہ جرنیل   ویکی ڈیٹا پر (P410) کی خاصیت میں تبدیلی کریں

عبد اللہ بن عامر بن کریز عبشمی قریشی، جلیل صحابی ہیں، خراسان کے کے پورے خطہ کے فاتح ہیں، عثمان بن عفان کے زمانے میں بصرہ کے والی تھے، پھر معاویہ بن ابو سفیان نے معزول کر دیا۔ اپنی قوم کے نہایت شریف اور نیک انسان تھے، قریش اور عرب میں ان کی سخاوت و کرم کا شہرہ تھا۔[1][2][3]

نسب

[ترمیم]

ابو عبد الرحمن عبد اللہ بن عامر بن کریز بن ربیعہ بن حبیب بن عبد شمس بن عبد مناف بن قصی بن کلاب بن مرہ بن کعب بن لؤی بن غالب بن فہر بن مالک بن نضر بن کنانہ بن خزیمہ بن مدرکہ بن الیاس بن مضر بن نزار بن معد بن عدنان، عبشمی قریشی۔

والدہ:- دجاجہ بنت اسماء بن الصلت بن حبیب بن حارثہ بن ہلال بن حرام بن سمال بن عوف بن امرؤ القیس بن بہثہ بن سلیم بن منصور بن عکرمہ بن خصفہ بن قیس عیلان بن مضر بن نزار بن معد بن عدنان، سلمیہ۔

ولادت

[ترمیم]

عبد اللہ بن عامر کی ولادت پیغمبر اسلام کی حیات میں ہجرت کے چوتھے سال (سنہ ) میں مکہ میں ہوئی، جب محمد میں عمرہ کے لیے مکہ تشریف لائے، تو عبد اللہ کو ان کی خدمت میں پیش کیا گیا، اس وقت ان کی عمر تین سال تھی، رسول اللہ نے تحنیک کی انھوں نے ان کا لعاب نگل لیا۔ رسول اللہ نے فرمایا: "یہ ہمارا بیٹا ہے، ہمارے مشابہ ہے، اسے پانی پلایا جائے گا (پیاسا نہیں رہے گا)۔" چنانچہ جس سرزمین پر بھی قدم رکھتے وہاں پانی نکل جاتا تھا۔

عہدِ عثمانی

[ترمیم]

شیخین کے پورے عہد اورحضرت عثمانؓ کے ابتدائی زمانہ میں کم سن تھے، اس لیے اس عہدِ کا کوئی واقعہ قابل ذکر نہیں ہے، 29ھ میں حضرت عثمانؓ نے انھیں بصرہ کا عامل بنایا،گو اس وقت ان کی عمر 25 سال سے زیادہ نہ تھی،لیکن بڑے حوصلہ مند اور بہادر تھے، اس لیے بصرہ کی زمامِ حکومت ان کے ہاتھ میں آتے ہی عجم میں فتوحات کا دروازہ کھل گیا، اسی سنہ میں انھوں نے ایران کے غیر مقبوضہ علاقوں کی طرف پیشقدمی شروع کردی اور سب سے پہلے اصطخر کو تسخیر کیا، اس کے بعد جور کی طرف بڑھے، انھیں جور کی طرف متوجہ دیکھ کر اصطخر کے باشندے باغی ہو گئے اوریہاں کے مسلمان حاکم کو قتل کر دیا،جور کی واپسی کے بعد عبد اللہ نے اصطخر کو مطیع بنایا،اصطخر کے بعد کاربان اور میشجان فتح کیا، [4]کرمان کا علاقہ انھی کے زیر امارت تسخیر ہوا 30ھ میں ابن عامر نے خراسان پر فوج کشی کی اورمختلف حصوں پر علاحدہ علاحدہ آدمی مقرر کیے؛ چنانچہ احنف بن قیس کو قہستان پر مامور کیا،انھوں نے ترکوں سے مقابلہ کرکے باختلاف روایت بزور شمشیر فتح کیا یا ترکوں نے ابن عامر کے پاس آکر صلح کرلی، یزید جرشی کو نیشاپور کے علاقہ رستاق زام پر بھیجا انھوں نے رسنا ق زام، باحزز اورجو بن پر قبضہ کیا، اسود بن کلثوم کو نیشا پور کے ایک اور رستاق بہق پر مامور کیا تھا۔

یہ اس معرکہ میں شہید ہوئے اوران کے قائم مقام ادھم بن کلثوم نے بہق فتح کیا۔ ایک طرف ابن عامر نے ان لوگوں کو متعین کیا تھا، دوسری طرف خود بر سر پیکار تھے؛چنانچہ وہ بست،اشبند،روخ،زادہ، خواف،اسبرائن اور ارغیان وغیرہ فتح کرتے ہوئے نیشا پور کے پایہ تخت ابر شہر تک پہنچ گئے، اوراس کا محاصرہ کر لیا، کئی مہینہ محاصرہ قائم رہا، آخر میں ابر شہر کے ایک حصہ کے محافظوں نے امان لے کر راتوں رات مسلمانوں کو شہر میں داخل کر دیا ،لیکن شہر کا مرزبان ایک جماعت کے ساتھ قلعہ بند ہو گیا،مگر یہ بھی زیادہ دنوں تک استقلال نہ دکھا سکا اورجان بخشی کرا کے باختلافِ روایت دس لاکھ یا سات لاکھ درہم سالانہ پر صلح کرلی۔ پایہ تخت کو تسخیر کرنے کے بعد ابن عامر نے عبد اللہ بن خازم کونساء کے علاقہ حمز اندز روانہ کیا انھوں نے ا س کو فتح کر لیا، اورنساء کے فرمان روانے تین لاکھ درہم پر صلح کرلی ان فتوحات نے قرب و جوار کے رؤساء کو مرعوب کر دیا؛چنانچہ ابیورد کے حاکم بہمنہ نے خود آکر یا عبد اللہ بن خازم کی کوشش سے چار لاکھ پر صلح کرلی، اس سے ابن عامر کا حوصلہ اوربڑھا اور انھوں نے عبد اللہ بن خازم کو سرخس روانہ کیا، انھوں نے جاکر اہل سرخس کا مقابلہ کیا یہاں کے مرزبان زاودیہ نے بھی صلح کرلی اور پورا سرخس کا علاقہ زیر نگیں ہو گیا،سرخس کی تسخیر کے بعد ابن خازم نے یزید بن سالم کو کیف اوربینہ روانہ کیا، یزید نے یہ دونوں مقامات فتح کیے اور طوس کے مرزبان کناز تک نے ابن عامر کے پاس آکر 6 لاکھ درہم پر صلح کرلی ۔

اس سلسلہ کی تکمیل کے بعد ابن عامر نے اوس بن ثعلبہ کی سر کردگی میں ایک فوج ہراۃ روانہ کی، ہراۃ کے فرمان رواکو اس کی خبر ہوئی، تو وہ خود ابن عامر کے پاس پہنچا اور ہراۃ، باوقیس اوربوشنج کے لیے جزیہ دیکر صلح کرلی،البتہ اس علاقہ کے دو مقام طاغون اورباغون اس صلح نامہ میں داخل نہ تھے،کیونکہ یہ دونوں بزور شمشیر فتح ہو چکے تھے،ایک روایت یہ ہے کہ ابن عامر نے بہ نفس نفیس ہراۃ پر حملہ کیا تھا، لیکن اس روایت کی رو سے بھی آخر میں مرزبان نے صلح کرلی تھی۔ ان بڑے بڑے فرمان رواؤں کی مصالحت کو دیکھ کر مرد شاہجہان کے مرزبان نے بھی ابن عامر سے صلح کی درخواست کی ،انھوں نے حاتم بن نعمان کو عقد مصالحت کے لیے بھیجا،اور 22 لاکھ پر صلح ہو گئی،ایک قریہ نہج کے علاوہ مرد کا پورا علاقہ صلحاً مطیع ہوا، صر نہج پر زبردستی قبضہ کیا گیا تھا۔ مرد کے بعد ابن عامر نے احنف بن قیس کو طخار ستان روانہ کیا،انھوں نے مرد الردذ کے ایک قلعہ کا جو بعد میں قصر احنف کے نام سے مشہور ہوا محاصرہ کیا ،اس کے متعلق ایک بہت بڑا پرگنہ شق الجرذ تھا، یہاں کے باشندوں نے بھی پورے پرگنہ پر 3 لاکھ دیکر صلح کرلی، اس صلح کے بعد احنف نے اصل شہر مروالروز کا محاصرہ کیا، یہاں کے باشندوں نے شروع میں نہایت سخت مقابلہ کیا، لیکن انجام کار شکست کھاکر مرد الردذ کے قلعہ میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے،یہ صورت دیکھ کر یہاں کے مرزبان نے 60 ہزار پر صلح کرلی، مرد الردذکو لینے کے بعد احنف لوٹے تو معلوم ہوا کہ مخالفین جو زجان میں جمع ہیں، انھوں نے اقرع بن حابس تمیمی کو ان کے مقابلہ کے لیے بھیجا اقرع نے جوز جان کو فتح کیا اس کے بعد احنف طالقان اورفاریاب کو فتح کرکے بلغ پہنچے ،اہل بلغ نے 6 یا 7 لاکھ پر صلح کر لی۔

جب ابن عامر نیشا پور کو فتح کرتے ہوئے، نہر جیحوں کے اس پار تک پہنچ گئے اور ماوراء النہر کے باشندوں کو اس کی خبر ہوئی ،تو انھوں نے پیش قدمی کرکے صلح کرلی، بعض روایتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ ابن عامر نے ماور النہر کے علاقہ کو عبور کرکے خود ہر ہر مقام پر جاکر عقد مصالحت منعقد کیا اور بعض روایتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ ماوراء النہر والوں نے خود آکر مصالحت کی، اس مصالحت میں بے شمار مویشی،لونڈی، غلام اورکپڑے ملے،مادرالنہر کے علاقہ کو مطیع بنانے کے بعد قیس بن ہثیم کو اپنا قائم مقام بناکر دار الخلافہ لوٹ آئے۔ [5] عبد اللہ بن عامر کی فتوحات کا رقبہ نہایت وسیع ہے،ایران کے غیر مفتوحہ علاقوں سے لے کر خراسانِ اور ماوراء النہر تک کا علاقہ سب انھی کی زیر قیادت زیر نگیں ہوا، علامہ ابن عبد البر لکھتے ہیں کہ اس میں کسی کو اختلاف نہیں ہے کہ عبد اللہ نے اطراف فارس خراسان کا پورا علاقہ،اصفہان ،حلوان،اور کرمان فتح کیا [6]ان مذکورہ مقامات کے علاوہ سجستان اورغزنہ بھی انھی کے زیر امارت فتح ہوئے [7]غرض عہدِ عثمانی میں مشرقی مفتوحات کا بیشتر حصہ انھی نے زیر نگیں کیا۔

فتوحات

[ترمیم]

خراسان کے پورے خطے اور سارے علاقوں کی فتح انھیں کا کارنامہ ہے۔ انھوں نے عبدالرحمن بن سمرہ کو سیستان بھیجا، انھوں نے اسے صلح پر فتح کیا، پھر "داور" کو بھی فتح کیا۔ عبد اللہ بن عامر "بارز" اور فارس کے قلعوں کو فتح کر رہے تھے، "اصطخر" کو دوبارہ فتح کیا۔ اسی طرح جور، کاریان اور فنسجان کو بھی فتح کیا، پھر خراسان کو فتح کرنے کی چاہت ہوئی۔ عثمان بن عفان سے اجازت طلب کی اور بصرہ میں ابو الاسود الدؤلی کو اپنا جانشیں بنایا۔ خراسان اور کرمان کے درمیان کے علاقہ کو فتح کر کے قبضہ میں لیا، مرو کا رخ کیا، چنانچہ حاتم بن نعمانی باہلی اور نافع بن خالد طاحی نے اسے فتح کیا۔ پھر عبد اللہ بن سوار عبدی کو "مرو الروذ" کے لیے بھیجا، انھوں نے فتح کیا۔ یزید حرشی کو "زام"، "باخرز" اور "جوین" بھیجا انھوں نے تمام کو فتح کیا۔ عبد اللہ بن خازم کو سرخس بھیجا انھوں نے صلح پر اسے فتح کیا۔ اور دوسری طرف عبد اللہ بن عامر نے "ابر شہر عنوہ"، طوس، "طخارستان"، نیشاپور، بوشنج، باذغیس، ابیوزد، بلخ، طالقان اور فاریاب کو فتح کیا۔ صبرہ بن شیمان ازدی کو ہرات بھیجا انھوں نے وہاں کے قلعوں کو فتح کیا۔ عمران بن فصیل برجمی کو آمل روانہ کیا انھوں نے اسے فتح کیا۔ ابن سمرہ کو مزید آگے بڑھنے کا حکم دیا انھوں نے "بست" اور مضافات کو فتح کیا، پھر کابل اور زابلستان کو بھی فتح کیا اور مال غنیمت عبد اللہ بن عامر کی خدمت میں بھیجا۔ اس طرح انھوں نے اس زمانے کے پورے خراسان کو تھوڑا تھوڑا کر کے فتح کر لیا۔

حج شکرانہ

[ترمیم]

ان فتوحات کے بعد حج شکرانہ ادا کیا،پھر مکہ سے مدینہ آئے اورمالِ غنیمت کا بڑا حصہ مہاجرین وانصار میں تقسیم کیا،اس کااہلِ مدینہ پر بڑا اثر پڑا،ان فرائض سے سبک دوش ہوکر پھر اپنے دار الحکومت بصرہ آئے۔ [8]

جنگ جمل

[ترمیم]

حضرت عثمانؓ کی شہادت تک اپنے فرائض منصبی ادا کرتے رہے،حضرت عثمانؓ کی شہادت کا حادثہ ایسا الم انگیز تھا،کہ غیر متعلق اشخاص تک اس سے سخت متاثر تھے اور عبد اللہ تو ان کے عزیزی قریب تھے،اس لیے وہ اس حادثہ کی خبر اور بے امنی کے حالات سن کر بیت المال کا روپیہ لے کر مکہ چلے گئے،یہان حضرت طلحہؓ حضرت زبیرؓ اورحضرت عائشہؓ صدیقہ سے ملاقات ہوئی، یہ لوگ حضرت عثمانؓ کے قصاص کی نیت سے شام جانے کا قصد کر رہے تھے،ابن عامر نے کہا آپ لوگ میرے ساتھ بصرہ چلئے وہ دولت مند شہر ہے، وہاں مدد گار بھی ملیں گے اورمیرے اثرات بھی ہیں،ان کی دعوت پر یہ بزرگوار بصرہ آئے [9] جنگ جمل میں شروع سے آخرتک ساتھ رہے، اس جنگ میں بنی قیس، بنی ثقیف اورانصار کی کمان انھی کے ہاتھوں میں تھی۔ [10]

جنگ صفین

[ترمیم]

جنگِ صفین میں البتہ کہیں نمایاں طور پر نظر نہیں آتے تاہم بالکل غیر جانب دار بھی نہ تھے؛چنانچہ التوائے جنگ پر جو معاہدہ ہوا تھا، اس میں بحیثیت شاہد کے ان کے دستخط بھی تھے۔

امام حسنؓ کے مقابلہ میں معاویہ کی حمایت

[ترمیم]

چونکہ عبد اللہ بن عامر حضرت عثمانؓ کے عزیز تھے،اس لیے وہ شروع سے آخر تک حضرت علیؓ کے مخالف رہے؛چنانچہ آپ کی شہادت اورحضرت حسنؓ کی مسند نشینی کے بعد جب امیر معاویہ نے حضرت حسنؓ پر فوج کشی کی تو مقدمۃ الجیش میں ابن عامر کو بھیجا ،یہ حضرت حسنؓ کے مقابلہ کے لیے مدائن پہنچے، حضرت حسنؓ کو ان کی پیشقدمی کی خبر ہوئی،تو آپ بھی مقابلہ کو نکلے،لیکن مقام ساباط میں پہنچ کر ان کی فوج نے کمزوری دکھائی اوربعض خارجیوں نے حملہ کرکے زخمی کر دیا،اس لیے حضرت حسنؓ پھر مدائن لوٹ گئے اور زخم بھرنے تک قصرابیض میں مقیم رہے،شفایاب ہونے کے بعد پھر مقابلہ کے لیے نکلے، اس دوران میں امیر معاویہ بھی انبار پہنچ چکے تھے،جب حضرت حسنؓ اورعبداللہ بن عامر بالمقابل ہو گئے تو ابن عامر اس موقع پر ایک چال چلے، حضرت حسنؓ کی فوج کو مخاطب کرکے کہا کہ میں خود لڑنا نہیں چاہتا،میری حیثیت محض معاویہ کے مقدمۃ الجیش کی ہے اور وہ خود انبار تک پہنچ چکے ہیں،اس لیے حسنؓ کو سلام کے بعد میرا یہ پیام پہنچا دو کہ ان کو اپنی ذات اوراپنی جماعت کی قسم کہ وہ جنگ ملتوی کر دیں ،ان کا یہ افسوں کار گر ہو گیا، حضرت حسن کے ساتھی یہ پیام سن کر جنگ سے پیچھے ہٹنے لگے،حضرت حسنؓ نے اسے محسوس کیا، تو وہ پھر مدائن لوٹ آئے،اس کے بعد عبد اللہ نے مدائن کا محاصرہ کر لیا، حضرت حسنؓ پہلے ہی سے کشت وخون سے برداشت خاطر تھے اپنے ساتھیوں کی کمزوری دیکھ کر چند شرائط پر امیر معاویہ کے حق میں خلافت سے دست بردار ہو گئے،ابن عامر نے یہ شرطیں امیر معاویہ کے پاس بھجوادیں، انھوں نے تمام شرطیں منظور کر لیں۔

بصرہ کی ولایت

[ترمیم]

حضرت حسنؓ کی دست برداری کے بعد جب عراق بھی امیر معاویہ کے قبضہ میں آگیا اورانہوں نے جدید انتظامات کے سلسلہ میں کسی کو یہاں کا گور نر بنانا چاہا، تو عبد اللہ بن عامر نے کہا،بصرہ میں میرا بہت سا مال و متاع ہے، اگر میرے علاوہ کوئی دوسرا عامل بنایا جائے گا تو وہ سب ضائع ہوجائے گا ؛چنانچہ معاویہ نے انھی کو عامل بنادیا اور یہ دوبارہ تین سال تک یہاں کے عامل رہے، پھر معزول کر دیے گئے۔ [11]

وفات

[ترمیم]

عبد اللہ بن عامر کی وفات سنہ 57ھ یا سنہ 58ھ میں ہوئی۔ انھوں نے عبد اللہ بن زبیر کی حق میں خلافت کی وصیت کی تھی۔

تمول

[ترمیم]

عبد اللہ بن عامر قریش کے بڑے صاحبِِ ثروت اشخاص میں تھے، سیکڑوں فتوحات حاصل کیں ،ان میں مال غنیمت کا پانچواں حصہ ملتا رہا، دو مرتبہ بصرہ کے گورنر ہوئے اس میں کافی دولت پیدا کی ان کا لاکھوں روپیہ مختلف کاموں میں لگا ہوا تھا، اس کے علاوہ مکہ کے قرب وجوار میں باغات اور فصلیں تھیں۔ [12]

فیاضی

[ترمیم]

خدانے جس طرح انھیں صاحبِ ثروت بنایا تھا ویسے ہی وہ فیاض بھی تھے، کان احدا لاجوادالممدوحین، یعنی وہ عرب کے مشہور ممدوح فیاضوں میں سے ایک فیاض تھے [13] حج سے واپسی کے بعد جب مدینہ گئے تو مالِ غنیمت کے حصہ میں سے ہزاروں روپیہ مہاجرین وانصار میں تقسیم کیا (ایضاً) ان کی وفات پر زیاد اعجم نے ان کی فیاضی کا نہایت پر زور مرثیہ لکھا تھا [14] بڑے بڑے صحابہ ان کی فیاضی کے معترف تھے،حضرت عثمانؓ نے جب حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کو بصرہ سے معزول کرکے ان کی جگہ عبد اللہ کو مقرر کیا تو حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ نے جاتے وقت اہلِ بصرہ کو ان الفاظ میں عبد اللہ کی آمد کی اطلاع دی کہ تمھارے پاس قریش کا ایک معزز نوجوان آرہا ہے جو تم میں اس طرح (ہاتھوں سے بتاکر) روپیہ پیسہ برسا ئیگا۔ [15]

انتظامی قابلیت

[ترمیم]

گو عبد اللہ بن عامر مذہبی علوم میں کوئی پایہ نہیں رکھتے تھے،لیکن انتظامی امور میں بڑا ملکہ تھا وہ جہاں گیری کے ساتھ جہاندار بھی تھے،انھوں نے اپنے زمانہ حکومت میں رعایا کے آرام و آسایش کے لیے بصرہ میں نہر کھدوائی اور بہت سے مکانات خرید کر بازار بنوایا۔ [16] اس کے علاوہ اوربہت سے رفاہ عام کے کام کیے،خصوصاً عرب کی خشک سرزمین میں بکثرت پانی رواں کیا، عرفات میں حجاج کو پانی کی تکلیف ہوتی تھی، عبد اللہ نے بڑے بڑے حوض اور تالاب بنواکر ن میں نہر وں سے پانی اُتارا، عرفات کے علاوہ مختلف مقامات پر بکثرت کنویں کھدوائے ‘ولہ اٰبارنی الارض کثیرۃ’ یہ غالباً آنحضرتﷺ کی اس پیش گوئی کا اثر تھا کہ یہ "مسقی" سیراب کرنے والا ہوگا۔

حوالہ جات

[ترمیم]
  1. "معلومات عن عبد الله بن عامر بن كريز على موقع babelnet.org"۔ babelnet.org۔ 10 دسمبر 2019 میں اصل سے آرکائیو شدہ 
  2. "معلومات عن عبد الله بن عامر بن كريز على موقع id.loc.gov"۔ id.loc.gov۔ 10 دسمبر 2019 میں اصل سے آرکائیو شدہ 
  3. "معلومات عن عبد الله بن عامر بن كريز على موقع id.worldcat.org"۔ id.worldcat.org۔ 10 ديسمبر 2019 میں اصل سے آرکائیو شدہ 
  4. (اسد الغابہ:2/191،وفتوح البلدان بلاذری:410)
  5. (یہ تمام حالات فتوح البلدان بلاذری :410،415 سے ملخصاً ماخوذ ہیں)
  6. (استیعاب:1/387)
  7. (اسد الغابہ:3/191)
  8. (ایضاً)
  9. (اسد الغابہ:3/191)
  10. ( اخبارالطوال:196)
  11. (اسد الغابہ:3/192)
  12. (اسد الغابہ:3/192)
  13. (اسد الغابہ:3/192)
  14. (استیعاب:1/388)
  15. (طبری ولادیت عبد اللہ بنعامر)
  16. (اسد الغابہ:3/192)
  • أسد الغابة في معرفة الصحابة
  • الإصابة في تمييز الصحابة لابن حجر العسقلاني
  • الاستيعاب لابن عبد البر
  • الطبقات الكبير لابن سعد الزهري