میری کیوری
وکیپیڈیا سے
میری کیوری (انگریزی: Marie Curie) (پیدائشی نام: ماریہ سکلوڈووسکا، Maria Skłodowska) المعروف مادام کیوری (7 نومبر 1867ء – 4 جولائی 1934ء) ایک پولش-فرانسیسی طبیعات دان اور کیمیا دان تھیں۔ وہ تابکاری (radioactivity) کے شعبے کی بانی تھیں جنہوں نے دو مرتبہ نوبل انعام حاصل کیا۔ آپ واحد فرد ہیں جنہوں نے سائنس کے دو مختلف شعبوں (طبیعات اور کیمیا) میں نوبل انعام حاصل کیے۔
آپ جامعہ پیرس میں استاد کی حیثیت سے متعین کی گئی پہلی خاتون تھیں۔ آپ وارسا، پولینڈ میں پیدا ہوئیں اور اپنے ابتدائی ایام وہیں گزارے لیکن 24 سال کی عمر میں 1891ء میں سائنس کی تعلیم کےلیے پیرس، فرانس منتقل ہو گئیں۔ آپ نے اعلیٰ تعلیم اور تمام تر سائنسی تحقیق پیرس ہی میں کی اور فرانس کی شہریت اختیار کر لی۔ آپ نے پیرس اور وارسا میں کیوری علمی ادارے قائم کیے۔