فیفا عالمی کپ

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
:چھلانگ بطرف رہنمائی، تلاش
فٹ بال کے عالمی کپ کی موجودہ انعامی ٹرافی، جو 1974ء سے استعمال کی جا رہی ہے

فیفا عالمی کپ (انگریزی: FIFA World Cup) بین الاقوامی فٹ بال کا اہم ترین مقابلہ ہے جو فٹ بال کی عالمی مجلسِ انتظامی فیڈریشن انٹرنیشنل دی فٹ بال ایسوسی ایشن (فیفا) کے رکن ممالک کی قومی فٹ بال ٹیموں (مردانہ) کے درمیان کھیلا جاتا ہے۔ یہ مقابلہ 1930ء کے بعد سے ہر چار سال بعد منعقد ہو رہا ہے تاہم دوسری جنگ عظیم کے باعث 1942ء اور 1946ء میں اس کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا۔ فیفا عالمی کپ فٹ بال عالمی کپ یا سوکر عالمی کپ یا پھر عام طور پر صرف عالمی کپ بھی کہا جاتا ہے۔

ان مقابلے کا حتمی مرحلہ جسے ورلڈ کپ فائنلز کہا جاتا ہے، دنیا کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کھیلوں کے مقابلوں میں سے ایک ہے۔ 2006ء میں دنیا بھر کے 715.1 ملین افراد نے فائنل دیکھا۔[1] حتمی مقابلوں کی موجودہ ساخت کے مطابق 32 قومی فٹ بال ٹیمیں ایک ماہ کے عرصے تک میزبان ملک (یا ملکوں) میں مدمقابل رہتی ہیں۔ شریک ٹیموں کے لیے استعدادی مرحلہ (Qualifying Round) ہوتا ہے جو تین سال کے عرصے تک دنیا بھر میں جاری رہتا ہے۔

اب تک ہونے والے 18 مقابلوں میں صرف سات اقوام نے عالمی کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے جن میں سے برازیل اب تک کی سب سے کامیاب ٹیم رہی ہے جس نے 5 مرتبہ عالمی کپ اپنے نام کیا۔ موجودہ فاتح اطالیہ نے چار جبکہ جرمنی نے تین مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی۔ دیگر فاتحین میں یوروگوئے اور ارجنٹائن نے دو دو اور انگلستان و فرانس نے ایک ایک مرتبہ عالمی کپ جیتا ہے۔

تازہ ترین عالمی کپ 9 جون سے 9 جولائی 2006ء کو جرمنی میں منعقد ہوا جس میں اطالیہ نے حتمی مقابلے میں فرانس کو شکست دے کر فتح کا تاج پہنا۔ اگلا عالمی کپ 2010ء 11 جون سے 11 جولائی 2010ء تک جنوبی افریقہ میں ہوگا۔ 2014ء کے فٹ بال عالمی کپ کی میزبانی برازیل کو دی گئی ہے۔

فٹ بال کی عالمی انتظامی مجلس فیفا 1991ء سے خواتین کا عالمی کپ بھی باقاعدگی سے منعقد کر رہی ہے۔

حوالہ جات[ترمیم]

  1. ^ فٹ بال عالمی کپ فائنل 2006ء فیفا ڈاٹ کام

بیرونی روابط[ترمیم]