اولمپک مقاطعے
Appearance
اولمپک مقاطعے (انگریزی: Olympic Boycotts) اس وقت رونما ہوتے ہیں جب اولمپک کھیلوں میں شرکت کی اہلیت رکھنے والا کوئی ملک کسی بھی سیاسی وجہ کی بنیاد پر، مثلاً میزبان ملک کی سیاسی حکمت عملی کے خلاف، احتجاجاً شرکت سے انکار کر دے۔ کئی اولمپک کھیلوں میں متعدد ایسے ممالک نے شرکت سے انکار کیا ہے۔ چند صورتوں میں یہ مقاطعہ بہت بڑے پیمانے پر کیا گیا جن میں سرد جنگ دور کے دو اولمپک کھیل 1980ء اور 1984ء مشہور ہیں جن میں متعدد ممالک نے شرکت سے انکار کر دیا تھا۔
مشہور مقاطعے
[ترمیم]- 28 افریقی ممالک نے 1976ء میں نیوزی لینڈ کی آل بلیکس رگبی یونین کی جانب سے جنوبی افریقا کا دورہ کرنے کے خلاف مونٹریال میں منعقدہ گرمائی اولمپک 1976ء کا مقاطعہ کیا۔ جنوبی افریقہ کو نسلی عصبیت روا رکھنے پر 1962ء سے 1990ء تک اولمپک کھیلوں میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ بین الاقوامی اولمپک انجمن کی جانب سے نیوزی لینڈ کی ٹیم پر پابندی لگانے سے انکار کے بعد کانگو اولمپک کھیلوں کے مقاطعے کا اعلان کیا۔ چند ممالک (جیسے مراکش، کیمرون اور مصر وغیرہ) پہلے ہی کھیلوں میں شرکت کر چکے تھے تاہم پہلے دن کے بعد ان کی ٹیمیں دستبردار ہو گئیں۔ جنوبی اور وسطی افریقہ سے صرف سینیگال اور کوت داوواغ نے شرکت کی۔ عراق اور گیانا بھی اس مقاطعے میں شامل ہوئے۔
- 1980ء کے گرمائی اولمپک کھیلوں کا مقاطعہ، جس میں 45 سے 50 اقوام نے افغانستان پر روسی جارحیت کے خلاف احتجاجاً ماسکو میں منعقدہ اولمپک کھیلوں کا مقاطعہ کیا۔ یہ کھیلوں کی تاریخ کا سب سے بڑا مقاطعہ تھا۔
- جھیل پلاسڈ، نیویارک میں ہونے والے سرمائی اولمپک 1980ء، جس میں جمہوریہ چین (تائیوان) کی ٹیم نے چینی تائپے کے نام سے شرکت کرنے سے انکار کر دیا۔ اس طرح وہ سرمائی اولمپک کھیلوں کا مقاطعہ کرنے والا واحد ملک ہے۔
- 1984ء کے گرمائی اولمپک کھیلوں کا مقاطعہ، جس میں مشرقی اتحاد کے 14 ممالک اور اتحادیوں نے شرکت سے انکار کر دیا۔ سوویت اتحاد، کیوبا اور مشرقی جرمنی (لیکن رومانیہ نہیں) نے ریاستہائے متحدہ امریکا میں سوویت مخالف جذبات کے خلاف احتجاجاً لاس اینجلس، امریکہ میں ہونے والے اِن کھیلوں کا مقاطعہ کیا۔ مختلف وجوہات کی بنیاد پر ایران اور لیبیا نے بھی ان کھیلوں میں شرکت نہیں کی۔ سوویت اتحاد نے 8 مئی 1984ء کو حفاظتی نقطۂ نظر اور "جنگجویانہ اور سوویت مخالف جذبات کے امریکا بھر میں پھیلنے کے باعث" لاس اینجلس اولمپک کھیلوں میں شرکت نہ کرنے کے ارادے کا اظہار کیا تھا۔
- 1988ء کے گرمائی اولمپک کھیلوں کا مقاطعہ، شمالی کوریا، جو سرکاری نقطۂ نظر کے مطابق اب بھی جنوبی کوریا سے حالت جنگ میں ہے، نے سیول، جنوبی کوریا میں ہونے والے اولمپک کھیلوں کا مقاطعہ کیا۔ کیوبا، ایتھوپیا اور نکاراگوا نے اس مقاطعے میں شمالی کوریا کا ساتھ دیا۔
مقاطعے کی دھمکیاں
[ترمیم]- 1936ء میں کئی معروف سیاست دانوں اور انجمنوں نے گرمائی اولمپک کھیلوں کے مقاطعے کا مطالبہ کیا تھا، جن کی میزبانی، نازی حکومت کے قیام سے قبل، جرمنی کو دی گئی تھی۔ البتہ کسی ملک نے ان کھیلوں کا مقاطعہ نہیں کیا۔ ان اولمپک کھیلوں میں افریقی النسل امریکی کھلاڑی جیسی اوونز کی شاندار کارکردگی نے ایڈولف ہٹلر کی آریائی نسل کی برتری کے دعووں کو ملیامیٹ کر دیا اور ان کی کارکردگی نے 1936ء کے اولمپک کھیلوں کو امر کر دیا۔
- کئی ممالک کے انسانی حقوق کے کارکنان نے بیجنگ، چین میں منعقدہ 2008ء کے گرمائی اولمپک کھیلوں کا مقاطعہ کرنے کا مطالبہ کیا، جس کا مقصد چینی حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج تھا۔ البتہ کسی نے ان کھیلوں کا مقاطعہ نہیں کیا۔
- اگست 2008ء میں حکومت گرجستان نے 2008ء جنوبی اوسیشیا جنگ میں روس کی شرکت کے خلاف سوچی، روس میں طے شدہ 2014ء کے سرمائی اولمپک کھیلوں کے مقاطعے کا مطالبہ کیا۔ سوچی متنازع علاقے ابخازیا، جس پر گرجستان کا دعویٰ ہے، سے محض 20 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
ویکی ذخائر پر اولمپک مقاطعے سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |