کریمیائی تاتاریوں کی جبری ملک بدری
کریمیائی تاتاریوں کی جبری ملک بدری Deportation of the Crimean Tatars | |
---|---|
بسلسلہ سویت یونین میں جبری نقل مکانی اور دوسری جنگ عظیم | |
مقام | جزیرہ نما کریمیا |
تاریخ | 18–20 مئی 1944 |
نشانہ | کریمیائی تاتار |
حملے کی قسم | جبری نقل مکانی، نسلی صفایا |
ہلاکتیں | متعدد تخمینے ا) 34,000[1] ب) 40,000–44,000[2] ج) 42,000[3] د) 45,000[4] ہ) 109,956[5] (ان کی کل آبادی کا 18 اور 46 فیصد کے درمیان[6]) |
مرتکبین | این کے وی ڈی، سوویت خفیہ پولیس |
مضامین بسلسلہ |
کریمیائی تاتار |
---|
بلحاظ علاقہ یا ملک |
مذہب |
زبانیں اور لہجے |
تاریخ |
افراد اور گروہ |
سورگون (معنی "جلا وطنی" بزبان کریمیائی تاتاری اور ترکی) 1944ء میں کریمیا کے تاتاریوں کی موجودہ ازبکستان کی جانب جبری ہجرت اور قتل عام کو کہا جاتا ہے۔ سوویت اتحاد میں جوزف استالین کے عہد میں 17 مئی، 1944ء کو تمام کریمیائی باشندوں کو اُس وقت کی ازبک سوویت اشتراکی جمہوریہ میں جبراً منتقل کر دیا گیا تھا۔ استالین عہد میں ملک کے خلاف مبینہ غداری کی سزا اجتماعی طور پر پوری قوموں کو دینے کی روش اپنائی گئی جس کا نشانہ کریمیا کے تاتاری باشندے بھی بنے جن پر الزام تھا کہ انھوں نے نازی جرمنوں کا ساتھ دے کر روس کے خلاف غداری کا ثبوت دیا ہے۔ اس جبری بے دخلی میں روس کے خفیہ ادارے این کے وی ڈی کے 32 ہزار اہلکاروں نے حصہ لیا اور ایک لاکھ 93 ہزار 865 کریمیائی تاتاری باشندوں کو ازبک و قازق اور دیگر علاقوں میں جبراً بے دخل کیا گیا۔[7][8][9]
اس جبری ہجرت کے دوران میں مئی سے نومبر کے مہینے میں 10 ہزار 105 تاتاری بھوک و موسم کی شدت سے جاں بحق ہوئے جو ازبک علاقوں کی جانب منتقل کیے گئے کل باشندوں کا 7 فیصد بنتا ہے۔ خفیہ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے اندر اندر تقریباً 30 ہزار تاتاری (کل مہاجرین کا 20 فیصد) اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ کریمیائی تاتاریوں کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ یہ تعداد 46 فیصد تھی۔ استالین کے عہد میں سزا کے طور پر جبری مشقت کا نظام گولاگ قائم کیا گیا تھا اور سوویت دستاویز ثابت کرتی ہیں کہ کئی کریمیائی باشندوں کو اس نظام کے تحت جبری مشقت پر بھی لگایا گیا۔[10] جبری مشقت کے اسی نظام کے تحت کریمیا کے تاتاری اور کئی دیگر قوموں کے باشندوں کو سائبیریا بھی بھیجا گیا۔
کریمیا کے تاتاریوں کا مطالبہ ہے کہ سرگون کو منظم قتل عام (مرگ انبوہ) قرار دیا جائے۔[11]
کریمیا کے تاتاریوں کی جبری وطن بدری کی کہانی صدیوں پر محیط ہے۔ 1944ء اسی جبری وطن بدری کا تسلسل ہے۔ یہ سلسلہ 1783ء سے شروع ہوا جب روس نے کریمیا پر قبضہ کیا۔ اس قتل عام اور جبری وطن بدری پر پردہ پوشی کی جاتی رہی مگر موجودہ دور میں روس کے ٹوٹنے کے بعد سوویت عہد کے خفیہ ادارے کے جی بی کی دستاویزات سامنے آنے سے اس ظلم سے کچھ پردہ ہٹا خصوصاً 1944ء اور اس کے بعد کے مظالم سامنے آئے۔ برائن گلن ولیمز کے مطابق روسی استعمار کے ظلم سے جو 1783ء میں شروع ہوا، تاتاری اپنے ہی وطن میں ناپید ہونے لگے۔ تاتاریوں نے دو قسم کی ہجرت کی۔ ایک ہجرت کریمیا سے ان علاقوں کی طرف تھی جو اس وقت سلطنت عثمانیہ کاحصہ تھے۔ دوسری ہجرت پچھلی صدی میں روس کی باقی ریاستوں کی طرف ہوئی یہاں تک کہ تاتاری اپنے ہی وطن میں اقلیت بن گئے اور وہ کریمیا کی آبادی کا 13 فی صد رہ گئے۔ 1944ء اور اس کے بعد کریمیا کے لوگوں کی آبادی کو ریاستی اقدامات سے کم کیا گیا۔ اول تو تاتاریوں کو جبری طور پر روس کے دیگر علاقوں کو بھیجا گیا جن کی اکثریت کو جبری مشقت کے لیے سائیبیریا لے جایا گیا۔ دوم غیر کریمیائی لوگوں کو بھاری تعداد میں کریمیا میں بسایا گیا جس کے لیے کئی طریقے استعمال کیے گئے۔ کریمیا سے نکالے جانے والے لوگ مسلمان تھے اور بسائے جانے والے لوگ تمام کے تمام غیر مسلم تھے۔[12]
کریمیا کی ابتدائی تاریخ
“جزیرہ نما کریمیا” قرون وسطی (Middle Ages)سے مئی، 1944ء تک کریمیائی تاتاری باشندوں کا وطن رہا ہے۔ کریمیائی مسلمان کا تعلق ترک اقوام کے اُس گروہ سے تھا جو 13 ویں صدی میں باتو خان کے اردوئے زریں (انگریزی: Golden Horde) کا حصہ تھے اور پھر انھوں نے کریمیا کو اپنا وطن بنایا۔ کریمیائی تاتاری سنی مسلمان ہیں اور ترکی زبان کا ایک لہجہ “قپچاق ترک” بولتے ہیں۔
ریاست کا قیام
پندرہویں صدی کے وسط میں یہاں کے مسلمان ایک زبردست قوت کے طور پر ابھرے اور 1428ء میں انھوں نے ایک ریاست قائم کی جو ریاستِ خانانِ کریمیا کہلاتی تھی۔ اِسے انگریزی میں خانیت کریمیا کہتے ہیں۔ یہ ریاست 1478ء میں سلطنت عثمانیہ کے زیرِ نگیں آ گئی اور 1772ء میں روسی قبضے تک عثمانیوں کی زیرِ سیادت رہی۔
عثمانیوں کے زیر نگیں
سلطنت عثمانیہ کی سیادت میں جانے کے باوجود کریمیائی تاتاریوں کی ریاست کی حیثیت باجگزار کی نہیں تھی، بلکہ بابِ عالی اور خانان کے درمیان میں بہت خوشگوار تعلقات قائم ہوئے، منتخب سلطان کو قسطنطنیہ سے منظوری تو لینا پڑتی تھی تاہم وہ عثمانیوں کا مقرر کردہ نہیں ہوتا تھا۔ خانان کو اپنا سکہ چلانے اور جمعہ کے خطبے میں اپنا نام شامل کرنے کی بھی مکمل اجازت تھی، جو ان کی خود مختاری کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ عثمانی عہد خانانِ کریمیا کا زرّیں دور تھا خصوصاً عسکری طور پر کوئی قوت ان کا سامنا نہیں کر سکتی تھی۔ کریمیائی طاقت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ پانچ لاکھ فوجیوں کا لشکر بھی میدان میں اتارنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ یہ ریاست بلاشبہ اٹھارویں صدی تک مشرقی یورپ کی بڑی قوتوں میں سے ایک تھی۔
کریمیائی تاریخ کا کریہہ باب
کیونکہ اسلامی تعلیمات اِن تاتاری مسلمانوں کی زندگیوں میں اچھی طرح راسخ نہ تھیں اس لیے انھوں نے اپنی اِس قوت کا ناجائز حد تک فائدہ اٹھایا۔ وہ محض غلاموں کے حصول کے لیے روس اور پولینڈ کے علاقوں پر حملہ کرنے میں بھی تامل نہ کرتے، پھر ان غلاموں کو فروخت کر کے دولت سمیٹتے۔ یہ تاتاری مسلمانوں کی تاریخ کا ایک کریہہ باب ہے اور اس کے نتیجے میں قائم ہونے والے تاثر کے باعث ہی اشتراکی عہد میں جب ان پر مظالم ڈھائے گئے تو ان کے حق میں کوئی آواز نہ ابھری۔ تجارت کے علاوہ غلاموں کی واپسی کے لیے روس اور پولینڈ کی ریاستوں سے تاوان بھی وصول کیا جاتا تھا۔ یعنی انھوں نے غلاموں کی تجارت اور تاوان کی وصولی کو باقاعدہ معیشت بنایا ہوا تھا۔
کریمیائی تاتاریوں کی خدمات
اس امر کے باوجود کریمیائی تاتاریوں کی اسلامی علاقوں کے لیے سب سے بڑی خدمت یہ ہے کہ انھوں نے عرصۂ دراز تک مسلم علاقوں کی جانب روس اور پولینڈ کی پیش قدمی کو روکے رکھا اور شمالی جانب سے اسلامی سرحدوں کی بھرپور حفاظت کی۔ ان کی بھرپور قوت سے علاقے میں طاقت کا توازن برقرار رہا اور جب مسلمانوں کا زوال شروع ہوا تو طاقت کا یہی توازن بگڑا اور روس بپھرے ہوئے ریچھ کی طرح دولتِ اسلامیہ پر ٹوٹ پڑا۔ اس ریاست کا ایک اور کارنامہ یہ تھا کہ اس نے محل وقوع کے اعتبار سے انتہائی اہمیت کے حامل بحیرہ اسود میں طویل عرصے تک روسی اثر و رسوخ نہ بڑھنے دیا اور روس اور بحیرہ اسود کے درمیان میں ایک بہت بڑی رکاوٹ بن گئی۔ تجارت کو پھیلانے کے مواقع اور عسکری توسیع کی اسی خواہش نے روس کو کریمیا پر قبضہ کے لیے پرکشش بنادیا تھا۔ اسی لیے سترہویں صدی کے اواخر میں روس نے یہاں دو مرتبہ قبضہ کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا البتہ اٹھارویں صدی کے بالکل اوائل میں کچھ عرصہ کے لیے انھوں نے ایک اہم بندرگاہ پر قبضہ بھی کر لیا لیکن وہ زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکا۔
روسی قبضہ
دوسری جانب سلطنت عثمانیہ کے تیز تر زوال کے باعث روسی سلطنت کو یہ سنہری موقع ملا کہ وہ تجارتی و عسکری توسیع کے لیے موقع سے فائدہ اٹھائے اور خانان کریمیا کی ریاست کو کچل دے۔ ترکی اور روس کے درمیان میں ہونے والی جنگوں کے سلسلے ترک-روس جنگوں کے دوران میں ایک معاہدہ (معاہدۂ کوچک کناری) طے پایا جس کے تحت کریمیا کی ریاست عثمانی اثر سے باہر نکل گئی البتہ اس پر روسی سیادت قائم نہیں ہوئی لیکن چند ہی سالوں بعد ملکہ کیتھرین اعظم نے سلطنت عثمانیہ سے کيے گئے معاہدے کو بالائے طاق رکھتے ہوئے فوجی لشکر کشی کے ذریعے 1783ء میں کریمیا کو روس میں شامل کر لیا۔
مسلمان اقلیت میں
اس فتح کے بعد کریمیا میں کچھ اس طرح کی صورت حال پیدا ہو گئی کہ محصولات میں زبردست اضافے، مذہب کی جبری تبدیلی اور غیر مقامی باشندوں کی آبادکاری کے باعث مسلمانوں کا رہنا وہاں دوبھر ہو گیا اور پھر اُن کی اکثریت سلطنت عثمانیہ کے مختلف علاقوں کی جانب ہجرت کر گئی۔ اِس نقل مکانی کا نتیجہ یہ نکلا کہ زار کے عہد میں ہی میں کریمیا میں مسلمان اقلیت میں بدل گئے۔
سقوط کریمیا
کریمیا پر روسی قبضے کے بعد آبادی کا تناسب انتہائی تیزی سے بدلنا شروع ہو گیا۔ پہلے زمینوں پر جبری قبضے اور روسی آبادی کی آبادکاری کو کامیاب بنانے کے لیے مسلمانوں کی زمینوں پر جبری قبضہ کیا گیا اور مزاحمت کرنے والے 30 ہزار افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔ اس صورت حال میں وہاں آباد تاتاری باشندے ہجرت پر مجبور ہو گئے اور روسی قبضے کے محض 6 سالوں میں تین لاکھ تاتاریوں کو عثمانی سلطنت کے علاقوں کی طرف ہجرت کرنا پڑی۔ آپ مزید لکھتے ہیں کہ 1860ء میں حالات ایک مرتبہ پھر خراب ہونے کے بعد ڈیڑھ لاکھ مزید تاتاری مسلم علاقوں کی جانب ہجرت پر مجبور ہوئے۔ اندازے کے مطابق روسی قبضے کے بعد کریمیا اور ملحقہ علاقوں سے ہجرت کرنے والے تاتاری مسلمانوں کی تعداد 20 لاکھ تک ہے۔ ان ہجرتوں کے نتیجے میں کریمیا اور ملحقہ تمام علاقہ جہاں 18 ویں صدی تک مسلمانوں کی اکثریت تھی، زار کے عہد میں بھی وہاں مسلمان اقلیت میں آ گئے۔ باقی جو آبادی رہ گئی جنگ عظیم دوم کے بعد جوزف استالن کے دور میں مکمل طور پر کریمیا سے بے دخل کر دی گئی۔ کریمیا اور اس سے ملحقہ علاقوں سے جس بڑے پیمانے پر مسلم آبادی کا انخلا ہوا، وہ کسی طرح سقوط غرناطہ سے کم نہیں تھا، ہاں البتہ دونوں سانحات میں فرق یہ ہے کہ کریمیا کے تاتاری مسلمانوں کے بارے میں ہم بہت کم واقف ہیں۔[13]
زار کے عہد میں
1771ء میں روس نے جزیرہ نما کریمیا میں در اندازی کی اور عثمانیوں سے ایک معاہدے کے تحت 1772ء سے 1783ء کے دوران یہ علاقہ اس کے زیر تحفظ رہا۔ 1783 میں ملکہ کیتھرین ثانی نے عثمانیوں سے کیے گئے تمام تر معاہدوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کریمیا کو براہ راست روسی قلمرو میں شامل کر لیا تھا۔
کریمیا اور ملحقہ علاقوں پر روسی قبضے کے بعد وہاں اس طرح کے حالات پیدا کیے گئے تاکہ مسلمان از خود علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں۔ اس کی وجوہات داخلی سے زیادہ خارجی تھیں۔ کیونکہ بحیرہ اسود میں بحری قوت کو مضبوط بنانا اور خصوصاً قسطنطنیہ پر قبضے کے ذریعے اپنے توسیع پسندانہ عزائم کو تقویت دینا روس کا پرانا خواب تھا اس لیے اپنی ‘منزل’ کو پانے کے لیے پہلی رکاوٹ یعنی کریمیا کو ہٹانا ضروری تھا اور یہ حکمت عملی صرف زار کے عہد میں ہی اختیار نہیں کی گئی بلکہ جب جنگ عظیم دوم میں فتح کے بعد توسیع پسندانہ عزائم کو مزید تحریک ملی تو اس خواب کی تعبیر کی ایک مرتبہ پھر کوشش کی گئی اور درحقیقت کریمیائی مسلمانوں کو جبری ہجرت پر مجبور کرنا اسی حکمت عملی کا نتیجہ تھا۔
اس سلسلے میں سب سے پہلا کام زراعت پر محصولات میں زبردست اضافے کے ذریعے کیا گیا جس کے بعد مذہب کی جبری تبدیلی کے ذریعے مسلمانوں کو زیر کرنے کی کوشش کی گئی جب دونوں حربے ناکام رہے تو آخری حربے کے طور پر غیر مقامی باشندوں یعنی سلافی نسل کے مسیحیوں کو آباد کرنا شروع کر دیا گیا اور اس پر طرّہ یہ کہ مقامی زمینیں ان نو آباد کاروں کو دے دی گئیں۔ اس سہ طرفہ زیادتی کے نتیجے میں مسلمانوں کی بڑی اکثریت اپنے ہم مذہب اور ہم نسل عثمانی علاقوں کی طرف ہجرت کر گئی جو معاشی طور پر بھی ان کے لیے فائدہ مند تو تھی لیکن اس جبری ہجرت کا نتیجہ یہ نکلا کہ کچھ ہی عرصے میں کریمیا مسلم اقلیتی علاقہ بن گیا اور محض 6 سال کے عرصے میں تین لاکھ مسلمانوں کو عثمانی علاقوں کی جانب ہجرت کرنا پڑی۔[14]
انقلاب روس اور ابتدائی خوشگوار دور
اس کے باوجود جو مسلمان وہاں رہ گئے وہ ملوکیت کے جبر تلے گھٹ گھٹ کر جیتے رہے حتیٰ کہ روس میں انقلاب کی صدائیں نمودار ہونے لگیں۔ کریمیا کے مسلمانوں کے لیے مساوات اور مزدور دوستی کے نعرے بہت خوشگوار تھے اس لیے انھوں نے انقلابیوں کا بھرپور ساتھ دیا۔ جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ بعد از انقلاب مسلمانوں کو اقلیت میں ہونے کے باوجود کریمیا میں خوب مراعات ملیں حتیٰ کہ موروثیانے کے عہد (Nativization) میں انھیں جزیرہ نما کریمیا کے اصل باشندے تک قرار دے دیا گیا۔[15]
مسلم بالشیوک کشیدگی کا آغاز
لیکن 1930ء کی دہائی میں زراعت کو قومیانے کے عمل نے تاتاریوں کو اشتراکی حکومت سے برگشتہ کر دیا اورحکومت سے ان کے تعلقات کشیدہ ہونا شروع ہو گئے۔ یہ مسلمانوں پر معاشی صورت میں پہلی ضرب تھی کیونکہ مسلمانوں کا تمام تر انحصار زراعت پر تھا اور اسے قومیانے کا عمل معاشی طور پر تاتاریوں کے قتل عام کے مترادف تھا اس لیے اس کی زبردست مخالفت کی گئی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ کشیدگی کے باعث علاقے میں زراعت تباہ ہو کر رہ گئی اور 1932ء میں علاقے میں زبردست قحط آیا، جسے یوکرین کا عظیم قحط کہا جاتا ہے، جس نے حکومت اور تاتاریوں کے درمیان میں رہی سہی امیدوں کا بھی خاتمہ کر دیا۔
استالن حکومت کا اگلا ہدف تاتاری ثقافت تھی جو 1935ء میں زیر قبضہ علاقوں کو روسیانے کی پالیسی کا نشانہ بنی۔ اس سلسلے میں سب سے پہلے ان کے ثقافتی مراکز کو بند کیا گیا اور 1935ء سے 1938ء کے دوران میں کریمیائی تاتاری زبان کے 23 میں سے 14 جرائد و رسائل کو بندش کا سامنا کرنا پڑا[16]۔ 1937ء اور 1938ء کے دوران میں کئی دانشوروں کو قتل کیا گیا[16]۔ قتل ہونے والے مسلمان دانشوروں میں ولی ابراہیموف اور بکر چوبان زادہ بھی شامل تھے۔
دوسری جنگ عظیم
دوسری جنگ عظیم سے کریمیا کے تاتاریوں کی تاریخ کا ایک اہم باب شروع ہوتا ہے کیونکہ اس کے دوران میں روسی اور جرمن دونوں جانب سے تاتاریوں نے جنگ میں حصہ لیا۔ نازی جرمنی نے 1942ء میں کریمیا پر قبضہ کیا لیکن روس کی خفیہ فوج اور اس کے جنگجوؤں کی گوریلا کارروائیاں 1944ء تک جاری رہیں جس کا مقابلہ کرنے کے لیے جرمنی نے مقامی آبادیوں کے تحفظ کے لیے کریمیائی تاتاری جنگی قیدیوں پر مشتمل ایک مزاحمتی گروپ تشکیل دیا اور یہی وہ جرم تھا جس کی بنیاد پر کریمیا کے تاتاریوں کو تاریخ کے بدترین مظالم کا سامنا کرنا پڑا۔ جنگی قیدیوں نے محض اس بنیاد پر مزاحمتی گروپ میں شمولیت پر رضامندی کا اظہار کیا کہ انھیں کیمپوں کی زندگی سے چھٹکارا ملا اور بہتر غذائی سہولیات بھی میسر آئیں۔[15][17][18]
کریمیائی تاتاریوں کے حوالے سے لکھی گئی ایلن فشر کی مشہور کتاب (“The Crimean Tatars”) کے مطابق بحیثیت مجموعی ان گوریلوں کی تعداد تقریباً 20 ہزار تھی[16]۔ جبکہ ان کی مدمقابل روسی افواج میں شامل کریمیائی باشندوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ تھی۔ روسی افواج میں کریمیائی تاتاریوں کی تعداد کا ذرا سا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ جنگ کے بعد تاتاری نسل کے 8 فوجیوں کو "قہرمانِ سوویت اتحاد" (انگریزی: Hero of the Soviet Union) جیسا اعلیٰ اعزاز بھی عطا کیا گیا۔
اشتراکی روس کے لیے اپنے ہی ملک کی آبادی کا دشمن کے ساتھ مل جانا بہت بڑا صدمہ تھا اس لیے بحیثیت مجموعی پوری کریمیائی تاتاری قوم کو اس کی کڑی سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا اوراس سے کسی کو مستثنیٰ قرار نہیں دیا گیا۔ اس سلسلے میں پہلا قدم 1942ء میں اٹھایا گیا جب جرمن، رومانیوں اور یونانیوں کے علاوہ کریمیائی تاتاریوں کے بھی روس میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی اور ان کی تمام آبادیوں کو خالی کرا دینے کے احکامات صادر کیے گئے۔
ویسے تو روس کے کئی علاقوں سے مسلمانوں کو جبری ہجرت کرائی گئی لیکن ان میں سے بیشتر دیہی علاقوں کے رہنے والے تھے لیکن کریمیا کے تاتاری ایک جیتی جاگتی ثقافت رکھتے تھے اور ان کی آبادی کی بڑی تعداد شہری علاقوں میں رہتی تھی [19] اور جدیدیت کی جو تحریک زار روس کے آخری ایام میں روس میں اٹھی تھی اس کی جنم بھومی بھی کریمیا اور قازان تھے۔ اسماعیل گسپرالی جیسے عظیم رہنما بھی کریمیائی تاتاری تھے جو اپنے کارناموں کے باعث بلاشبہ “روس کے سرسید” کہلانے کے قابل ہیں۔
دور ابتلا
11 مئی، 1944ء کو جب روس کی “سرخ افواج” نے جزیرہ نما کریمیا میں آخری جرمن مقبوضہ علاقوں کو دوبارہ حاصل کیا تو اسی روز جوزف استالن کے دستخط کے ساتھ ایک پروانہ (GKO resolution N5859ss)جاری کیا گیا جس میں کریمیائی تاتاریوں کی مکمل آبادی کی جبری طور پر ازبکستان بے دخل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ اس اہم کام کا بیڑا خفیہ پولیس داخلہ امور کی عوامی کمیساریت کے بدنام زمانہ سربراہ لیورنتی بیریا اور عوامی رسد رساں برائے ذرائع نقل و حمل (NKPS) کے جلاد صفت سربراہ لازار کاگانووِچ کو سونپے گئے۔ حکم نامے کے تحت کریمیائی تاتار باشندوں کے گھر، فرنیچر، پالتو جانور اور زرعی زمین و پیداوار روسی حکومت کی ملکیت قرار دی گئی اور ہجرت کرنے والے ہر خاندان کو زیادہ سے زیادہ 500 کلو سامان اٹھانے کی اجازت دی گئی۔ حالانکہ قرارداد کے تحت انھیں گھر کے بدلے میں زر تلافی ادا کیا جانا تھا لیکن حقیقت یہ ہے کہ کسی ایک باشندے کو معمولی ادائیگی بھی نہیں کی گئی۔ حتیٰ کہ 1956ء میں روسی حکومت نے واضح و باقاعدہ اعلان کر دیا کہ وہ جبری ہجرت کے دوران میں جائداد سے محروم ہو جانے والے کسی بھی کریمیائی باشندے کو کوئی زر تلافی ادا نہیں کرے گی لیکن جائداد کا کھو جانا ان مسلمانوں کے لیے اتنا بڑا المیہ نہیں تھا جتنا ان کی قومی شناخت اور آبائی زمین چھین لینا تھا۔
20 ہزار کریمیائی گوریلوں کی بڑی تعداد نے تو شکست کے بعد جرمنی میں پناہ حاصل کر لی لیکن مسلمانوں کی بڑی تعداد اب بھی جزیرہ نما میں موجود تھی اور جب قرارداد کی صورت میں ہجرت کا پروانہ جاری ہوا تو بیشتر مسلم آبادی عورتوں اور بچوں پر مشتمل تھی۔[20] اشتراکیوں نے بلا تخصیص تمام مسلمانوں کو ایسی ٹرینوں میں ٹھونس دیا جن میں شاید جانوروں کو بھی سفر نہ کرایا جاتا ہو۔ جبری ہجرت کا نشانہ بننے والوں میں بچوں، عورتوں اور بزرگوں کے علاوہ کمیونسٹ پارٹی کے اراکین اور سابق فوجی بھی شامل تھے، جن کا واحد ‘قصور’ یہ تھا کہ وہ ‘باغی’ مسلمان تھے۔[15]
جبری ہجرت
جبری بے دخلی کا یہ آپریشن روس کے NKVD کے دستوں نے کیا جنھوں نے بغیر کو پیشگی نوٹس دیے قصبوں اور دیہات کو خالی کرانا شروع کر دیا اور کریمیا میں تاتاری باشندوں کو صرف پندرہ منٹ میں اپنے گھر خالی کرنے کے احکام دیے گئے۔[21][22][23]
ہر مرد بچے اور عورت کو جانوروں کے ڈھونے والی گاڑیوں میں لاد دیا گیا اور ٹرینوں کے ذریعے ازبکستان جا کر چھوڑ دیا گیا۔ دوران میں سفر غذا اور پانی کی کمی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات نہ ہونے کے باعث 45 فیصد افراد رستے میں ہی لقمہ اجل بن گئے۔ نئے مقامات پر پہنچنے کے بعد انھیں خالی و بنجر میدانوں میں لے جا کر چھوڑ دیا گیا جہاں کسی قسم کی رہائش گاہیں نہیں تھیں یوں وہ مکمل طور پر مقامی حکومتی عہدے داروں کے رحم و کرم پر تھے اور خیراتی اداروں کے محتاج ہو گئے۔[24]
وسط ایشیا کی جانب بے دخل کیے گئے ان مہاجرین کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ تھی۔ اس ‘دہشت گردی’ کا ایک واضح پہلو “کھلی نسل پرستی” تھا۔ زیر عتاب قومیت سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کو بلا تخصیص رویہ، ماضی و طبقہ اس “جرم” کی سزا دی گئی حتیٰ کہ کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹریوں کے ساتھ ساتھ فنکاروں، مزارعوں اور کارکنوں کو بھی جبراً علاقے سے بے دخل کر کے عقوبت گاہ نما کیمپوں میں مقید کر دیا گیا۔[25]
روسی دستاویزات کے مطابق مارچ 1949ء میں کی گئی مردم شماری میں 9 ہزار ایسے کریمیائی تاتاری نکلے جو سرخ فوج میں خدمات انجام دے چکے تھے جن میں 534 افسران، 1392 سارجنٹ اور 7079 عام فوجی تھے۔ 742 کمیونسٹ پارٹی اراکین بھی ہجرت پر مجبور کیے گئے۔[26]
صرف یہی بات کریمیائی مسلمانوں پر تاریخ کا عظیم ترین ظلم کرنے کے لیے کافی گردانی گئی کہ ان کے ایک چھوٹے سے گروہ نے بیرونی جارحیت کا ساتھ دیا اور استالن اور این کے وی ڈی کے سربراہ لیورینتی بیریا کے ہاتھوں یہ سزا پوری قوم کا مقدر ٹھیری۔[27]
روس بھر میں مسلمانوں کا قتل عام
ملک بھر میں “مادر وطن سے غداری” کے الزام میں جن افراد کو موت کا سامنا کرنا پڑا ان میں سب سے اہم 20 لاکھ روسی مسلمانوں کا قتل عام ہے جن میں چیچن، انگش، کریمیائی تاتاری، تاجک، باشکر اور قازق شامل ہیں۔ آج چیچنیا میں آزادی کی جنگ لڑنے والے جانباز سوویت عقوبت گاہوں سے بچنے والے افراد ہی کی اولاد ہیں۔
استالن کے دور میں اپنے ہی عوام پر مسلط کی گئی اس جنگ میں خفیہ پولیس کے اسکواڈ کو جماعت مخالف عناصر کے خاتمے کا حکم دیا گیا اور اسٹالن کے مقرر کردہ جلاد لازار کاگانووِچ نے فی ہفتہ 10 ہزار افراد کے قتل کا ہدف مقرر کر رکھا تھا۔ اس عظیم قتل عام میں یوکرین سے تعلق رکھنے والے اسی فیصد دانشوروں کو قتل کیا گیا۔ 1932ء اور 1933ء کی سخت سردیوں میں یوکرین میں ہر روز 25 ہزار افراد روسی افواج کی گولیوں یا بھوک و سردی سے موت کا نشانہ کنتے۔ مورخ رابرٹ کوئسٹ کے مطابق یوکرین ایک بڑے مذبح خانے کا منظر پیش کر رہا تھا۔
معروف صحافی ایرک مارگولس 1998ء میں یوکرین کی انہی اقوام گم گشتہ پر قلم اٹھایا۔ (“The Forgotten Genocide”) میں وہ کہتے ہیں کہ روس بھر میں 70 لاکھ افراد کے اس عظیم قتل عام اور 20 لاکھ افراد کی جلاوطنی کو سوویت پروپیگنڈے کے پردوں میں چھپایا گیا۔ ان میں 30 لاکھ مسلمان بھی شامل تھے جن میں 15 لاکھ کریمیائی اور قازق تھے۔ اس عظیم قتل عام پر بھی ان لوگوں کی یاد میں کوئی “ہولوکاسٹ یادگار” قائم نہیں کی گئی۔
مارگولس کمیونسٹ نواز مغربی دانشوروں کا بھی رونا روتے ہیں کہ انھوں نے روسیوں کے ہاتھوں اس قتل عام کا اقرار نہیں کیا بلکہ اس کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو فاشسٹ ایجنٹ کہا۔ امریکی، برطانوی اور کینیڈا کی حکومتوں نے علم ہونے کے باوجود اپنی آنکھیں بند رکھیں حتی کہ امدادی گروپوں کو بھی یوکرین جانے سے روکا گیا۔
وہ کہتے ہیں کہ جب دوسری جنگ عظیم کا آغاز ہوا اور امریکی صدر روزویلٹ اور برطانوی وزیر اعظم چرچل نے استالن سے قربتیں بڑھائیں، اس امر کا علم ہونے کے باوجود کہ اس کے ہاتھ کم از کم 30 لاکھ افراد کے خون سے رنگے ہیں اور یہ واقعہ اس وقت کا ہے جب ہٹلر نے یہودیوں کے قتل عام کا آغاز بھی نہ کیا تھا۔ تو پھر حیرت ہوتی ہے کہ یہودیوں کے قتل عام کا اتنا واویلا کیوں کیا گیا اور جرمنوں کو مورد الزام ٹھیرا کر اس کا خراج مسلمانوں سے کیوں وصول کیا گیا؟
اسٹالن نے ہٹلر سے تین گنا زیادہ افراد کا قتل کیا اور برطانیہ اور امریکا کا روس کے ساتھ اتحاد کرنا دراصل اس قتل عام میں شرکت کے مترادف تھا۔
ذرائع ابلاغ کا پروپیگنڈہ
حیرت کی بات یہ ہے کہ سوویت مظالم پر پردہ ڈالنے کی اتنی بھونڈی کوششیں کی گئیں کہ ژاں پال سارتر اس امر تک سے منکر ہو گئے کہ گولاگ (بطور سزا جبری مشقت کا سوویت طریقہ، انگریزی: Gulag) کا وجود بھی ہے اور وہ اسے ذرائع ابلاغ کا پروپیگنڈہ قرار دیتے رہے۔ اتحادیوں کے لیے صرف نازی ازم ہی سب سے بڑا شیطان تھا اور اس کے لیے انھوں نے یہودیوں کے قتل عام “ہولوکاسٹ” کی ترویج کا سہارا لیا اور اس کو اتنا بڑھا چڑھا کر بیان کیا گیا کہ روسیوں کے ہاتھوں کیے گئے قتل عام کہیں چھپ گئے۔ یہودی اپنے عظیم قتل عام کو تاریخ کا منفرد ترین واقعہ سمجھتے ہیں حالانکہ ان سے چند سال قبل روسی علاقوں کے مسلمان کا ان سے کہیں زیادہ منظم قتل عام کیا گیا۔[28]
ادبی و ابلاغی سطح پر حتی کہ فلموں میں بھی یہودیوں کے قتل عام کو نمایاں جگہ دی جاتی ہے۔ یوکرین میں قتل عام کی تصاویر بھی بہت کم موجود ہیں اور اس سے بچنے والے افراد بھی۔ روس نے اپنے کسی جلاد صفت قاتل پر کوئی مقدمہ نہیں چلایا جیسا کہ جرمنی نے کیا۔
اسی پروپیگنڈے سے متاثر ہو کر اب لوگوں کی بڑی تعداد نازی قاتلوں ایڈولف ایش مان اور ہنرخ ہیملر اور بابی یار کے بارے میں تو جانتی ہے لیکن اشتراکی جلادوں زیرزنسکی، کاگانووچ، یاگودا، یے زوف اور بیریا کے بارے میں کون جانتا ہے؟ آشوٹز اور دیگر قتل گاہوں کا علم رکھنے والے کتنے لوگ مگادان، کولیما اور وورکوتا کی عقوبت گاہوں کے بارے میں جانتے ہیں؟ نازی شیطانیت کے بارے میں ایک کے بعد ایک فلم جاری کی جاتی ہے لیکن روسی مظالم پر کتنی فلمیں بنائی گئیں؟
مرے وطن تیری جنت میں۔۔۔۔!
نکیتا خروشچیف کو اپنی حکومت کے ابتدائی دنوں میں اسٹالن کے بد ترین جرائم سے نمٹنا تھا جو عدم استالیانے (Destalinization) کا عہد کہلاتا ہے۔ جبراً بے دخل کی جانے والی اقوام کی آبائی علاقوں کی جانب واپسی کا مطالبہ بھی زور پکڑتا جا رہا تھا اور حکومت کے لیے یہ ایک بڑا درد سر تھا کیونکہ ان افراد کی آبائی علاقوں کی جانب واپسی نسلی بنیادوں پر نئے تنازعات اور فسادات کا باعث بن سکتی تھی۔ جبراُ بے دخل کیے گئے افراد کی ملکیت اور رہائش گاہیں اب دوسرے لوگوں کے زیر تصرف تھیں۔ 1957ء میں جب چیچن، انگش، کراچئی اور بلکار قوموں کے باشندوں کو قفقاز واپسی کی اجازت دی گئی تو انھیں نوآبادکار روسی باشندوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور 1958ء میں گروزنی نسلی فسادات کا نشانہ بنا۔
انہی اقوامِ گم گشتہ میں سے کریمیا کے تاتاری باشندے بھی شامل تھے جن کی خود مختار ریاست کا خاتمہ کر کے ان کی رہائش گاہیں اور ملکیتیں تک روسی اور یوکرینی باشندوں تقسیم کر دی گئیں۔ 1950ء کے اواخر میں بیشتر اقوام کو نام نہاد جرائم سے بری قرار دیتے ہوئے انھیں اپنے آبائی علاقوں میں رہنے کی اجازت دی گئی لیکن کریمیا کے مسلمانوں کو اس امر کی اجازت نہ دی گئی کہ وہ اپنی آبائی سرزمین پر جا کر رہائش اختیار کریں۔ حتیٰ کہ روس کا خاتمہ قریب آن پہنچا۔ جب 1989ء کے اواخر میں کریمیائی مسلمانوں کے چند ابتدائی خاندان واپس جزیرہ نما پہنچے۔[24] ان افراد میں معروف کریمیائی رہنما مصطفٰی عبد الجمیل قرم اوغلو (مصطفٰی جمیلوف) بھی شامل تھے۔ آج جزیرہ نما پر بسنے والے کریمیائی تاتاری باشندوں کی تعداد تقریباً 250،000 ہے۔[29]
یہ تاتاریوں کی اس پرامن جدوجہد کا نتیجہ ہے جو انھوں نے دہائیوں تک جاری رکھی۔ اس دوران میں انھوں نے کریمیائی تاتاریوں کی آبائی سرزمین پر واپسی کے لیے ایک دستخطی مہم بھی چلائی جس میں 30 لاکھ افراد نے دستخط کیے۔[30]
تحقیقات کا آغاز
اب یوکرین کی حکومت نے سوویت جرائم کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی یونٹ تشکیل دیا ہے جو قومی سلامتی کے ادارے کے ماتحت ہوگا۔ گو کہ تحقیقات کے نتیجے میں کسی کو سزا ملنے کا کوئی امکان نہیں کیونکہ اس انسانی جرم کے مرتکب افراد میں سے کوئی بھی زندہ نہیں لیکن پھر بھی مصطفٰی عبد الجمیل کے مطابق اس جرم کی مکمل تصویر عوام کے سامنے لانے کے لیے تحقیقات کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ کریمیا کے تاتاری ہر سال 19 مئی کو اِس جبری ہجرت کی یاد میں دن مناتے ہیں۔ اس موقع پر دنیا بھر میں مقیم کریمیائی تاتاریوں کی پرامن ریلیاں منعقد ہوتی ہیں۔ کریمیائی تاتاریوں کا اس قتل عام کو مرگ انبوہ قرار دینے کے علاوہ یہ بھی مطالبہ ہے کہ روس اس قتل عام و جبری ہجرت پر معافی مانگے۔[31]
کتابیات
- ثروت صولت، ترکی اور ترک، اسلامک پبلیکیشنز، لاہور
- آباد شاہ پوری، روس میں مسلمان قومیں، اسلامک پبلیکیشنز، لاہور
- Alan W. Fisher: The Crimean Tatars, Hoover Press, 1978, ISBN 0-8179-6662-5, 9780817966621
- Pavel Polian, Against their Will, History and Geography of Forced Migrations in USSR, Central European University Press, 2004
- Allworth, Edward A. (ed.): The Tatars of Crimea: Return to the Homeland (Durham, N.C.، and London: Duke University Press, 1998)۔
- Aleksander Nekrich: The Punished Peoples: The Deportation and Fate of Soviet Minorities at the End of the Second World War (New York: Norton, 1978)، pp. 13–35
- Peter Kenez: A History of the Soviet Union from the Beginning to the End, Cambridge University Press, New York, ISBN 978-0-521-68296-1
- Dominic Lieven, The Cambridge History of Russia, Vol. II – Imperial Russia, 1689–1917, Cambridge University Press, New York, ISBN 978-0-521-81529-1
- Ronald Grigor Suny, The Cambridge History of Russia, Vol. III – The Twentieth Century, Cambridge University Press, New York, ISBN 978-0-521-81144-6
- The Hidden Ethnic Cleansing of Muslims in the Soviet Union: The Exile and Repatriation… Williams Journal of Contemporary History.2002; 37: 323-347
- Ayshe Seytmuratova, ‘The Elders of the New National Movement: Recollections’، in Edward A. Allworth (ed.)، The Tatars of Crimea: Return to the Homeland (Durham, N.C.، and London: Duke University Press, 1998)
- Brian Glyn Williams, The Crimean Tatars: the diaspora experience and the forging of a nation, BRILL, 2001, ISBN 90-04-12122-6, 9789004121225
حوالہ جات
- ↑
- ↑ Williams 2015, p. 109.
- ↑ Rywkin 1994, p. 67.
- ↑ Ukrainian Congress Committee of America 2004, pp. 43–44.
- ↑ Hall 2014, p. 53.
- ↑ Human Rights Watch 1991, p. 34.
- ↑ Mark Levene (2013)۔ Annihilation: Volume II: The European Rimlands 1939–1953۔ Oxford University Press۔ صفحہ: 333۔ ISBN 978-0-19-968304-8
- ↑ Naimark 2002, p. 104
- ↑ Philip L. Kohl، Mara Kozelsky، Nachman Ben-Yehuda (2008)۔ Selective Remembrances: Archaeology in the Construction, Commemoration, and Consecration of National Pasts۔ University of Chicago Press۔ صفحہ: 92۔ ISBN 978-0-226-45064-3
- ↑ ٹائم میگزین[مردہ ربط] 30 نومبر 1953ء
- ↑ "Ukraine's Parliament Recognizes 1944 'Genocide' Of Crimean Tatars"۔ RadioFreeEurope/RadioLiberty۔ 07 جنوری 2019 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 18 اگست 2016
- ↑ Brian Glyn Williams, The Crimean Tatars: the diaspora experience and the forging of a nation, BRILL, 2001, ISBN 90-04-12122-6, 9789004121225
- ↑ “ترکی اور ترک”، ثروت صولت، اسلامک پبلیکیشنز لمیٹڈ، لاہور، فروری 1989ء
- ↑ ترکی اور ترک، ثروت صولت، اسلامک پبلیکیشنز، لاہور، فروری 1989ء
- ^ ا ب پ لوا خطا ماڈیول:Citation/CS1 میں 4492 سطر پر: attempt to index field 'url_skip' (a nil value)۔
- ^ ا ب پ Alan Fisher, The Crimean Tatars Stanford, CA: Hoover Institution, 1978
- ↑ Aleksandr Nekrich, trans. George Saunders, The Punished Peoples: The Deportation And Fate of Soviet Minorities at the End of the Second World War، (New York, W.W. Norton, 1979)، p. 26.
- ↑ Otto J. Pohl (2010)۔ "The False Charges of Treason Against the Crimean Tatars"۔ International Committee For Crimea۔ 07 جنوری 2019 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 6 اپریل 2015
- ↑ Pavel Polian, Against their Will, History and Geography of Forced Migrations in USSR, Central European University Press, 2004
- ↑ Brian Glyn Williams, A Homeland Lost. Migration, the Diaspora Experience and the Forging of Crimean Tatar National Identity (Ph.D. diss.، University of Wisconsin, 1999)
- ↑ Aurélie Campana (16 جون 2008)۔ "Sürgün: The Crimean Tatars' deportation and exile"۔ Online Encyclopedia of Mass Violence، ISSN 1961-9898۔ Massviolence.org۔ 09 جنوری 2019 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 25 مارچ 2014
- ↑ Ayshe Seytmuratova, ‘The Elders of the New National Movement: Recollections’، in Edward A. Allworth (ed.)، The Tatars of Crimea: Return to the Homeland (Durham, N.C.، and London: Duke University Press, 1998)، pp. 155-179; 155
- ↑ "Ukraine to Investigate Crimean Tatar Deportation"۔ وائس آف امریکا۔ 18 مئی، 2009۔ 07 جنوری 2019 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 17 مئی 2011
- ^ ا ب The Cambridge History of Russia, Volume III – The Twentieth Century page no. 502
- ↑ Peter Kenez, A History of the Soviet Union from the Beginning to the End, Cambridge University Press, page no. 148
- ↑ Order on deportation of Tatars and transformation of Crimea into a province. Documents۔ Ukrayinska Pravda۔ 17 مئی، 2014
- ↑ Aleksander Nekrich, The Punished Peoples: The Deportation and Fate of Soviet Minorities at the End of the Second World War (New York: Norton, 1978)
- ↑ Brian Glyn Williams (2001)۔ The Crimean Tatars: The Diaspora Experience and the Forging of a Nation۔ BRILL۔ صفحہ: 401۔ ISBN 9789004121225
- ↑ “Repatriation of the Crimean Tatars,” Forced Migration Monitor, no. 13, ستمبر 1996
- ↑ The Cambridge History of Russia, Vol. III، page no. 229 – 230
- ↑ Russia Should Compensate Crimean Tatars for WWII Genocide
بیرونی روابط
- State Defense Committee Decree No. 5859ss, "On the Crimean Tatars"، 11 مئی، 1944 (retrieved ستمبر 24, 2015)
- Decree 5859ss in Russian: ГКО № 5859-ссآرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ memorial.krsk.ru (Error: unknown archive URL) (retrieved ستمبر 24, 2015)
- surgun.org "Kırım Sürgünü" (ترکی میں)، A Turkish website dedicated to the Crimean Tatar deportation (retrieved ستمبر 24, 2015)
- Surgun: Deportation of Crimean Tatars International Committee for Crimea (retrieved ستمبر 24, 2015)
- مضامین مع ترکی زبان بیرونی روابط
- انسانیت کے خلاف جرائم
- تاریخ روس
- تاریخ کریمیا
- جبری ہجرت
- جلاوطنی
- سوویت اتحاد میں اسلام
- سوویت یونین میں جبری ہجرت
- قتل عام
- مرگ انبوہ
- نسل کشیاں
- یورپ میں نسل کشیاں
- یورپ میں نسلی صفایا
- مسلمانوں پر مظالم
- مسلمانوں کے خلاف تشدد
- سوویت یونین میں 1944ء
- نسلی ایذا رسانی
- کریمیائی تاتار قوم
- جوزف استالن