المسالک و الممالک (ابن خردادبہ)
المسالک و الممالک (ابن خردادبہ) | |
---|---|
(عربی میں: كِتَاب الْمَسَالِك وَالْمَمَالِك) | |
مصنف | ابن خردادبہ |
اصل زبان | عربی |
موضوع | جغرافیہ |
تاریخ اشاعت | 870 |
درستی - ترمیم |
المسالک الممالک یہ فن جغرافیہ پر عربی زبان میں تحریر ایک کتاب ہے جس کے مصنف نویں صدی عیسویں کے معروف جغرافیہ دان ابو القاسم عبید اللہ بن عبد اللہ ابن خردادبہ (پیدائش: 211ھ بمطابق 826ء - وفات:300ھ بمطابق 912ء) ہیں۔ ابن خردادبہ مجوسی تھے اور برامکہ کے ہاتھ پر اسلام لائے۔ ان کا اصل وطن خراسان تھا مگر انھوں نے بغداد میں مستقل سکونت اختیار کر لی تھی۔ پیشے کے اعتبار سے ابن خردادبہ ڈاک اور خفیہ اطلاعات کے محکمہ کا افسر تھا اور عباسی خلیفہ المعتمد علی اللہ کا مصاحبِ خاص اور ندیم تھا۔ انھوں نے متعدد کتابیں تحریر کیں جن میں المسالک الممالک بہت مشہور ہوئی اور عربی زبان میں فنِ جغرافیہ پر پہلی باقاعدہ کتاب ہے۔ اس کتاب میں بغداد سے مختلف ملکوں کی آمد و رفت کے راستوں اور مسافتوں کا ذکر ہے۔ اس کے علاوہ بہت سے ممالک اور اقوام کی عادات و مالوفات نیز مختلف تاریخی معلومات بھی اس کتاب میں درج ہیں۔ ابن خردادبہ کی جغرافیائی معلومات کی بنیاد بطلیموس کا جغرافیہ ہے لیکن معلومات کا ذریعہ اس کے محکمہ کی سرکاری اطلاعات، تاجروں اور سیاحوں سے اس کی ملاقات کا نتیجہ ہے۔ اس کتاب میں ہندوستان کے بری و بحری راستوں، یہاں کی قوموں اور مختلف ذاتوں کے بارے میں بھی معلومات درج ہیں۔[1][2]
حوالہ جات
[ترمیم]- ↑ جامع اردو انسائیکلوپیڈیا (جلد-3 سماجی علوم)، قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی، 2003ء، ص 71
- ↑ Josef W. Meri، Jere Bacharach (2005)۔ Medieval Islamic Civilization: An Encyclopedia۔ Routledge۔ ISBN 0-415-96690-6