عبداللہ بن عبدالمطلب

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
:چھلانگ بطرف رہنمائی، تلاش

حضرت عبداللہ ابن عبدالمطلب حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے والد تھے۔ آپ 545ء میں پیدا ہوئے۔ آپ کی والدہ کا نام فاطمہ بنت عمرو تھا اور ان کا نسب حضرت عبداللہ کے ساتھ مرہ بن کعب پر جا کر مل جاتا ہے۔ آپ دینِ حنیف (دینِ ابراہیمی) پر قائم تھے۔ اگرچہ ان کے اسلام کے بارے میں مختلف رائے ہیں مگر یقینی طور پر ان کی بت پرستی اور کسی اخلاقی برائی (جو ان دنوں عرب میں عام تھیں) کی کوئی ایک روایت بھی نہیں ملتی۔ اہلِ تشیع کے مطابق آپ مومن تھے اور اسلام پر قائم تھے جو اس وقت دینِ ابراہیمی کی صورت میں موجود تھا۔ آپ اپنی خوبصورتی کے لیے بے انتہا مشہور تھے اور بہت خواتین نے ان کو اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کی یا ان سے عقد کی خواہش کی مگر پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی والدہ محترمہ بننے کی سعادت حضرت آمنہ بنت وھب علیہا السلام کی قسمت میں لکھی تھی۔ جو بنی زھرہ کے سردار کی بیٹی تھیں۔ حضرت عبداللہ ابن عبدالمطلب بہت کم عمری (تقریباً پچیس سال) کی عمر میں 570ء میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی پیدائش سے تقریباً چھ ماہ پہلے مدینہ اور مکہ کے درمیان سفر کرتے ہوئے وفات پا گئے۔ وہ شادی کے کچھ ہی عرصہ بعد ایک تجارتی قافلہ کے ساتھ شام کو روانہ ہوئے تھے مگر یثرب(مدینہ) میں بیماری کی وجہ سے آرام کرنے کے لیے رک گئے تھے۔ جب شام کا تجارتی قافلہ مکہ واپس آیا تو حضرت عبدالمطلب اور حضرت آمنہ نے حضرت عبداللہ کو نہ پایا۔ انہیں پتہ چلا کہ وہ یثرب(مدینہ) میں بیمار ہو کر رک گئے تھے۔ حضرت عبدالمطلب نے اپنے ایک بیٹے حارث بن عبدالمطلب کو مدینہ بھیجا تاکہ وہ حضرت عبداللہ کو لے آئیں مگر وہاں پہنچ کر پتہ چلا کہ وہ وفات پا چکے ہیں۔ حضرت عبداللہ ان کا نام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لفظ اللہ اسلام سے پہلے بھی رائج تھا اور اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ وہ اور ان کے والد یا خاندان اللہ پر یقین رکھتا تھا۔