ڈیلٹا
ڈیلٹا سمندر کنارے واقع ایسی تکونی جگہ کو کہتے ہیں جو دریا کے سمندر میں گرنے سے قبل دریا کی سست رفتاری کے باعث پھٹ کر کئی شاخوں میں تقسیم ہو جانے کی وجہ سے بن جاتی ہے۔ اس مقام پر دریا درمیان میں چھوٹی چھوٹی بہت سی شاخوں میں بہتا ہوا سمندر میں جا گرتا ہے۔ اس کو يونانی حرف ’’دیلتا‘‘ کی مناسبت سے ڈیلٹا کہا جاتا ہے۔
ہر دریا ڈیلٹا نہیں بناتا، جو دریا کسی جھیل سے ہو کر آئیں وہ میدانی علاقوں سے لائی ہوئی مٹی اور ریت وہیں ڈال آتے ہیں۔ اس طرح جن دریاؤں کے دہانوں پر آئے دن مدوجزر پیدا ہوتے رہتے ہیں وہ بھی ڈیلٹا نہیں بناتے۔
ایسے سست رو دریا جو میدانوں سے اپنے ساتھ مٹی لاتے ہیں وہ ڈیلٹا بناتے ہیں۔ ڈیلٹا کی زمین بڑی زرخیز ہوتی ہے۔ ڈیلٹا بنانے والے بڑے دریاؤں میں دریائے سندھ، دریائے نیل، اوری نیکو، دریائے ڈینیوب، دریائے والگا، دریائے فرات اور دریائے گنگا قابل ذکر ہیں۔ چونکہ گنگا کے دہانے کے قریب ہی دریائے برہم پتر اس میں آن ملتا ہے اس لیے دریائے گنگا کے ڈیلٹا کی زمین دلدلی بن گئی ہے۔ جس کی وجہ سے وہ زرخیز نہیں رہی۔ دیگر تمام دریاؤں کے ڈیلٹا کی زمین زرخیز ہوتی ہے۔