تقابل ادیان
تقابل ادیان مطالعہ مذہب کی ایک شاخ ہے، اس میں مختلف مذاہب کا مطالعہ کر کے مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جاتا ہے۔ عام طور پر مختلف مذاہب کی تبلیغ کرنے والے دوسرے مذاہب سے اپنے دین کو ممتاز کرنے کے لیے اس کی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ مختلف مذاہب کے بنیادی عقائد، عبادات اور رسومات وغیرہ کا ناقدانہ اور عادلانہ جائزہ کرنا کہ حق و باطل میں تمیز کی جا سکے، جس سے مذاہب کی خوبیاں اور خامیاں ظاہر ہوں تا کہ جویائے حق کے لیے ان میں سے حق والے گروہ کو قبول کرنے میں روشن راہ نظر آ جائے۔ تقابل مذاہب یا ادیان کی تاریخ خود مذہب جتنی پرانی ہے۔ قرآن میں کئی مقامات پر یہود و نصاری اور دیگر مذاہب کے عقائد و اعمال کا موازنہ کیا گیا ہے۔
تقابل ادیان سے مراد دنیا کے مختلف مشہور مذاہب و ادیان کا غیر جانبدارانہ مقابلہ، ان کے اصول و عقائد اور عبادات و رسوم کا غیر متعصبانہ مطالعہ، تاکہ ہر ایک کی قدر و قیمت اور اس کے مسائل کا حسن و قُبح معلوم کیا جا سکے۔ اگر کسی دین و مذہب میں کوئی خوبی ہے تو اس کا کھلا اعتراف کیا جائے۔ اگر کوئی نقص ہے تو اس کا مدلل رد کیا جائے۔