پاکستان فوجی درسگاہ

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
:چھلانگ بطرف رہنمائی، تلاش
پاکستان فوجی اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ

پاکستان فوجی اکیڈمی، تصویر:پاکستان کا اہم ترین فوجی تربیتی ادارہ۔ یہ ادارہ صوبہ سرحد کے شہر ایبٹ آباد سے ملحقہ ایک قصبے کاکول میں واقع ہے۔ پاکستان فوجی اکیڈمی پاک فوج کے افسران کو تربیت فراہم کرنے والا ملک کا سب سے اہم ادارہ ہے۔ یہاں پاک فوج کی تربیت کے لیے تین تربیتی بٹالین اور بارہ کمپنیاں یہ فرائض سرانجام دیتی ہیں۔ نہ صرف ملکی بلکہ دوست ممالک سے آئے تقریباً 2000 افسران جو کہ 34 مختلف ممالک سے یہاں تربیت حاصل کرتے ہیں۔

تاریخ [ترمیم]

برطانوی راج سے آزادی کے بعد آزاد مملکت پاکستان میں اکتوبر 1947ء میں پاکستان فوجی اکیڈمی کی بنیاد رکھی گئی۔ 25 جنوری 1948ء کو “پہلی پاکستانی بٹالین“ کی بھرتی مکمل کی گئی۔ اس بٹالین میں چار کمپنیاں تھیں جن کو اسلامی فوجی تاریخ میں نمایاں شخصیات کے ناموں خالد، طارق، قاسم اور صلاح الدین سے منسوب کیا گیا۔
مارچ 1948ء میں پہلی باقاعدہ بٹالین کو قائد اعظم محمد علی جناح نے بطور سالار اعلٰی پاکستان کی فوجی قوت میں باقاعدہ شامل کیا اور اس بٹالین کو یہ اعزاز بھی حاصل رہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح سے بطور سالار اعلٰی پاک فوج میں بھرتی پانے والی واحد بٹالین ہے۔
خواجہ ناظم الدین نے “پرچم قائد“ پاک فوج کی اس بٹالین کو قائد اعظم محمد علی جناح کی اجازت سے پیش کیا۔ اس کے بعد سے ہر سال یہ پرچم تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والی کمپنی کو اعزازی طور پر عطا کیا جاتا رہا ہے۔
1965ء کی پاک بھارت جنگ کے بعد حکومت پاکستان نے اس ادارے میں بڑے پیمانے پر تبدیلی اور پھیلاؤ کا عمل شروع کیا جس کا مقصد پاک فوج کی صلاحیت اور افرادی قوت میں اضافہ کرنا تھا۔ اسی تناظر میں دسمبر 1965ء میں ایک نئی بٹالین تشکیل دی گئی جس میں چار کمپنیاں تھیں، جن کے نام غزنوی، بابر، اورنگزیب اور ٹیپو سے منسوب کیے گئے۔
1989ء میں پاکستان فوجی اکیڈمی کی تیسری بٹالین کا قیام عمل میں لایا گیا، جس میں چار کمپنیاں حیدر، عبیدہ، سعد اور حمزہ کے ناموں سے منسوب کی گئیں۔