چنگ خاندان

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
:چھلانگ بطرف رہنمائی، تلاش
چنگ خاندان کی حکومت بمطابق 1820ء

چنگ خاندان، (چینی: 清朝، انگریزی: Qing Dynasty) جسے مانچو خاندان بھی کہا جاتا ہے، چین پر حکومت کرنے والا آخری شاہی خاندان تھا، جس کی حکومت 1644ء سے 1912ء تک قائم رہی (1917ء میں مختصر سے دور میں ناکام بحالی کی کوشش بھی کی گئی)۔ یہ منگ خاندان کا جانشیں تھا اور اس کے بعد چین میں جمہوری دور کا آغاز ہوا۔

اس خاندان کی حکومت کا آغاز آج کے شمال مشرقی چین میں ایک مانچو خاندان ایسن گیورو نے کیا۔ یہ علاقہ مانچوریا بھی کہلاتا ہے۔ 1644ء میں قیام کے بعد اس خاندان کی حکومت اصلی چین اور ملحقہ علاقوں تک پھیل گئی۔ شاہ کانگ سی کے دور تک 1683ء میں چین بھر میں مکمل امن قائم کر دیا گیا۔

اپنے دور اقتدار میں چنگ خاندان نے چینی ثقافت کو بھرپور انداز میں فروغ دیا۔ لیکن 1800ء میں اس کی عسکری قوت کمزور ہو گئی اور اسے بین الاقوامی دباؤ، بغاوتوں اور جنگوں میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا اور یوں 19 ویں صدی کے وسط کے بعد اسے زوال نے گھیر لیا۔ 12 فروری 1912ء کو سنہائی انقلاب (Xinhai Revolution) کے بعد چنگ خاندان کی حکومت کا خاتمہ ہو گیا جب ملکہ دواگر لونگیو آخری بادشاہ پوئی کے حق میں دستبردار ہو گئیں۔