مندرجات کا رخ کریں

ماں

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
(والدہ سے رجوع مکرر)
ایک ماں اور بچے کی تصویر

ماں یا مادر کا لفظ اپنے عمومی اور بنیادی مفہوم میں اردو میں ایک ایسی ہستی کے لیے ادا کیا جاتا ہے جس سے کسی بچے کی ولادت ہوئی ہو یعنی بچے کے والدین میں سے مونث رکن کو ماں کہا جاتا ہے۔ انسانی نسل کو آگے بڑھانے کے لیے عورت اور مرد کا جنسی اختلاط لازمی ہے۔ معاشرے میں اس قسم کے اختلاط کی قانونی شکل کو شادی کا نام دیا جاتا ہے، جس کی تقریباًً تمام مذاہب میں تفصیل موجود ہے۔ اس جنسی ملاپ کے دوران ماں ایک بیضۂ مخصبہ (fertilized ovum) کا حمل اٹھاتی ہے جس کو ابتدا میں جنین (embryo) اور پھر نو ہفتے کے بعد سے حمیل (fetus) کہا جاتا ہے۔ حمل اٹھانے کا مقام جہاں حمیل اپنی پیدائش یا ولادت تک رہتا ہے اسے رحم (uterus) کہتے ہیں، پیدائش کے بعد ماں کے پستان میں دودھ تخلیق پاتا ہے اور جسے وہ اپنے بچے کو غذا فراھم کرنے کے لیے پلاتی ہے اس عمل کو رضاع (lactation) کہا جاتا ہے۔ پیدا ہونے والے بچے کے لیے وہ عورت اور شریک مرد بچے کے حیاتیاتی اور معاشرتی باپ اور ماں کہلائے جاتے ہیں۔ ماں باپ کے جوڑے کو والدین بھی کہا جاتا ہے۔

وجہ تسمیہ

[ترمیم]

ماں کے لیے دیگر الفاظ ؛ اماں، امی، ممی، ماما اور مادر وغیرہ کے آتے ہیں، جن سے معلوم ہوتا ہے کہ ماں کا لفظ دنیا کی متعدد زبانوں میں خاصا یکسانی رکھنے والا کلمہ ہے اور اس کی منطقی وجہ یہ بیان کی جاتی ہے کہ ماں کے لیے اختیار کیے جانے والے الفاظ کی اصل الکلمہ ایک کائناتی حیثیت کی حامل ہے اور اسے دنیا کی متعدد زبانوں میں، اس دنیا میں آنے کے بعد انسان کے منہ سے ادا ہونے والی چند ابتدائی آوازوں سے اخذ کیا گیا ہے۔ جب بچہ رونے اور چلانے کی آوازوں کی حدود توڑ کر کوئی مخصوص قسم کی آواز نکالنے کے قابل ہوتا ہے اور بولنا سکھتا ہے تو عام طور پر وہ اُم اُم / ما ما / مم مم / مما مما (پا پا) وغیرہ جیسی سادہ آوازیں نکالتا ہے اور محبت اور پیار کے جذبے سے سرشار والدین نے ان ابتدائی آوازوں کو اپنی جانب رجوع کر لیا جس سے ماں کے لیے ایسی آوازوں کا انتخاب ہوا کہ جو نسبتاً نرم سی ہوتی ہیں یعنی میم سے ابتدا کرنے والی اور باپ کے لیے عموماً پے سے ابتدا کرنے والی آوازیں دنیا کی متعدد زبانوں میں پائی جاتی ہیں۔

ماں کو عربی زبان میں اُم کہتے ہیں، اُم قرآن مجید میں 84 مرتبہ آیا ہے، اس کی جمع اُمھات ہے، یہ لفظ قرآن مجید میں گیارہ مرتبہ آیا ہے، صاحب محیط نے کہا ہے کہ لفظ اُم جامد ہے اور بچہ کی اس آواز سے مشتق ہے جب وہ بولنا سیکھتا ہے تو آغاز میں اُم اُم وغیرہ کہتا ہے اس سے اس کے اولین معنی ماں کے ہو گئے، ویسے اُم کے معنی ہوتے ہیں کسی چیز کی اصل، اُم حقیقت میں یہ تین حرف ہیں(ا+م+م ) یہ لفظ حقیقی ماںپر بولا جاتا ہے اور بعید ماں پہ بھی۔ بعید ماں سے مراد نانی، دادی وغیرہ یہی وجہ ہے کہ حضرت حوا رضی اللہ عنہا کو امنا ( ہماری ماں) کہا جاتا ہے ۔

جاپانی میں یہ معاملہ الٹ معلوم پڑتا ہے، آج کل کی جدید جاپانی میں ماں کے لیے اوکا کا لفظ اختیار کیا جاتا ہے جسے مہذب انداز میں اوکاساں کہتے ہیں (جیسے اردو میں امی سے امی جان) جبکہ ماں کے لیے جاپانی میں ایک اور لفظ آج بھی مستعمل ہے وہ ہے ---- ہاہا ---- کا، یہ قدیم جاپانی میں پاپا تھا جو ہاہا میں تبدیل ہوا۔ یعنی اسے سے بھی یہ بات سامنے آتی ہے کہ گویا معاملہ الٹ ہے کہ پے سے شروع ہونے والا لفظ ماں کے لیے اختیار کیا گیا لیکن بنیادی طور پر ماخذ، بچے کی ابتدائی آوازوں سے ہی نکلا ہے، جاپانی میں مم یا مما وغیرہ جیسے آواز کو ماں کی بجائے بچے کی غذا یا دودھ مانگے کی جانب سمجھا گیا کیونکہ عام طور پر بچہ دودھ پیتے یا چوسنے سے قبل اس قسم کی آوازیں بھی نکالتا ہے۔

خلیل نحوی کا قول ہے ۔۔ ہر وہ چیز جس کے اندر اس کے جملہ متعلقات سما جائیںوہ ان کی اُم کہلاتی ہے۔ جیسے لوح محفوظ کو اُم الکتاب کہا گیا کیونکہ وہ تمام علوم کا منبع ہے، مکہ مکرمہ کو اُم القری کہتے ہیں کیونکہ وہ خطہ عرب کا مرکز ہے، کہکشاں کو اُم النجوم کہتے ہیں کیونکہ اس میں بہت سے ستارے سمائے ہوتے ہیں، جو بہت مہمانوں کو جمع کرے اُسے اُم الضیاف کہتے ہیں، سالار لشکر کو اُم الجیش کہتے ہیں۔ ابن فارس نے کہا ہے کہ اُم کے چار معنی ہیں ۔

  1. بنیاد اصل# مرجع# جماعت# دین
  • چاروں کی مثالیں مندرجہ ذیل ہیں۔
عربی اصطلاحات اور (قوسین) میں ان کے اردو معنی

قابل ذکر مائیں

[ترمیم]

مزید دیکھیے

[ترمیم]

حوالہ جات

[ترمیم]