محمد حمید اللہ

وکیپیڈیا سے

:چھلانگ بطرف رہنمائی, تلاش

ڈاکٹر محمد حمید اللہ (پیدائش: 9 فروری 1908ء، انتقال : 17 دسمبر 2002ء) معروف محدث، فقیہ، محقق، قانون دان اور اسلامی دانشور تھے اور بین الاقوامی قوانین کے ماہر سمجھے جاتے تھے۔ تاریخ حدیث پر اعلٰی تحقیق، فرانسیسی میں ترجمہ قرآن اور مغرب کے قلب میں ترویج اسلام کا اہم فریضہ نبھانے پر آپ کو عالمگیر شہرت ملی۔

آپ 9 فروری 1908ء کو مملکت آصفیہ کے شہر حیدرآباد دکن میں پیدا ہوئے اور 8 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے۔ آپ نے گھر میں ابتدائی تعلیم کے بعد جامعہ نظامیہ میں داخلہ لیا اور 1924ء میں مولوی کامل کا درجہ مکمل کیا اور بعد ازاں انگریزی زبان کی اہمیت کے پیش نظر میٹرک کا امتحان بھی دیا اور امتیازی حیثیت سے کامیاب ہوئے۔

1924ء میں آپ نے جامعہ عثمانیہ میں داخلہ لیا اور BA، LLB اور MA کی اسناد حاصل کیں۔ جامعہ عثمانیہ کی جانب سے اسلامی قوانین بین الاقوامی میں ڈاکٹریٹ کے لیے آپ کو فیلوشپ سے نوازا گیا۔ 1932ء میں جامعہ بون، جرمنی سے آپ نے ڈی فل کی سند حاصل کی اور پھر اسی جامعہ میں عربی و اردو کے استاد کی حیثیت سے متعین ہوئے۔ جرمنی میں کچھ عرصہ گزارنے کے بعد آپ نے ڈاکٹریٹ کی ایک اور سند کے لیے فرانسیسی دارالحکومت پیرس کی معروف جامعہ سوربون میں داخلہ لیا۔ 11 ماہ کے مختصر عرصے میں آپ نے ڈی لٹ کی سند حاصل کی۔ آپ اردو، عربی، فرانسیسی، جرمن،قدیم و جدید ترکی، اطالوی, فارسی، انگریزی اور روسی زبانوں پر عبور رکھتے تھے۔

آپ نے تحقیق کے مقاصد کے لیے متعدد اسلامی اور یورپی ممالک کا دورہ بھی کیا۔ جن میں عہد نبویؐ کے میدان جنگ نامی کتاب کے سلسلے میں نجد و حجاز کے ان میدانوں کا سفر بھی کیا اور تاریخی مواد اکٹھا کیا۔ انگریزی میں جب یہ کتاب شایع ہوئی تو اس میں نقشے وغیرہ بھی شامل تھے لیکن اردو کے ناشرین سے اس امر کا خیال نہ رکھا اور اسے درسی کتب کے حجم میں شایع کر کے نقشے وغیرہ حذف کر دیے۔

حضرت ابو ہریرہؓ کے شاگرد حضرت ہمام ابن منبہ کے صحیفے کی تدوین کا کام ڈاکٹر حمید اللہ کا بہت بڑا کارنامہ تسلیم کیا جاتا ہے جبکہ فرانسیسی زبان میں ان کے ترجمہ قرآن کی اہمیت بھی مسلم ہے۔ آپ نے فرانسیسی زبان میں سیرت نبویؐ بھی تحریر کی جو دو جلدوں پر مشتمل ہے۔ آپ نے امام محمد شیبانی کی کتاب السیر اور شاہ ولی اللہ کی حجۃ اللہ البالغہ کا فرانسیسی ترجمہ بھی کیا۔

قرارداد مقاصد کی تیاری کے لیے پاکستان نے جہاں دنیا بھر کے اہم علما سے رابطہ کیا انہی میں ڈاکٹر حمید اللہ بھی شامل تھے اور آپ نے قیام پاکستان کے بعد کچھ عرصہ اس سلسلے میں کراچی میں قیام کیا۔

1980ء میں جامعہ بہاولپور میں طلباء کو خطبات دیے جنہیں خطبات بہاولپور کے نام سے بعد ازاں شایع بھی کیا گیا۔ یہ سر سید احمد خان کے خطبات احمدیہ کے بعداردو زبان میں تاریخی و تحقیقی مواد کے لحاظ سے بہت اہمیت کی حامل کتاب ہے۔ خصوصاً ان کا پانچواں خطبہ "قانون بین الممالیک" ایسا موضوع ہے جو عام طور پر دینی درسگاہوں کے طالب علموں کی دسترس سے باہر ہے۔

آپ نے 1952ء سے 1978ء تک ترکی کی مختلف جامعات میں بطور مہمان استاد خدمات انجام دیں جن میں انقرہ، استنبول اور ارض روم کی جامعات بھی شامل ہیں۔ آپ 20 سال سے زائد عرصے تک فرانس کے قومی مرکز برائے سائنسی تحقیق سے وابستہ رہے۔

پاکستان نے 1985ء میں آپ کو اعلٰی ترین شہری اعزاز ہلال امتیاز سے نوازا۔ آپ نے اعزاز کے ساتھ ملنے والی تمام رقم (ایک کروڑ کروپیہ) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ادارۂ تحقیقات اسلامی کو عطیہ کردی۔ اِس جامعہ کا کتب خانہ (لائبریری) ڈاکٹر حمید اللہ کے نام سے موسوم ہے۔

آپ 17 دسمبر 2002ء کو امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر جیکسن ول میں انتقال کر گئے۔

فہرست

[ترمیم] کتب

ڈاکٹر حمید اللہ کے اپنے بقول ان کے مقالوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے جبکہ ان کی تصنیفات، تالیفات، ترجموں، نظر ثانی شدہ کتابوں، کتابچوں اور رسائل کی تعداد 164 کے قریب بنتی ہے۔


[ترمیم] اردو کتب و کتابچے

  • "سلطنتوں کے باہمی برتاؤ کا دستور العمل ۔ قانون بین الممالیک کے اصول اور نظیریں"۔ جلد طبع اول 1936ء، حیدر آباد دکن۔ طبع ثانی 1945ء، حیدرآباد دکن
  • "عہد نبویؐ کا نظام تعلیم" ۔ طبع دہم 1976ء، حیدر آباد دکن (اب یہ مختصر کتاب "عہد نبویؐ میں نظام حکمرانی" کا حصہ ہے)
  • "عہد نبویؐ میں نظام حکمرانی" ۔ 1981ء، کراچی
  • "امام ابو حنیفہؒ کی تدوین قانون اسلامی"۔ 1983ء، کراچی
  • "عربی حبشی تعلقات اور نو دریافت شدہ مکتوبات نبویؐ بنام نجاشی" ۔ 1942ء، حیدر آباد
  • "قانون شہادت"۔ 1944ء، حیدر آباد
  • "عہد نبویؐ کے میدان جنگ"، لاہور
  • "رسول اکرمؐ کی سیاسی زندگی"۔ 1980ء، کراچی
  • "صحیفہ ہمام ابن منبہ"، کراچی۔ ملک سنز، فیصل آباد 1983ء، اضافی دیباچہ غلام احمد حریری
  • "سیاسی وثیقہ جات" (ترجمہ الوثائق السیاسیۃ از ابو یحییٰ امام خان نوشہروی)، لاہور،1960ء
  • "روزہ کیوں؟" (ترجمہ Why Fast? از محمد حبیب اللہ)، حیدر آباد 1966ء
  • "خطبات بہاولپور"، اشاعت اول 1981ء، بہاولپور۔ مکمل نظر ثانی شدہ اشاعت، اسلام آباد
  • "سیرت ابن اسحاق" (ترجمہ از نور الٰہی ایڈوکیٹ)، نقوش رسولؐ نمبر
  • "سیرت طیبہ پر ڈاکٹر محمد حمید اللہ کے عثمانیہ یونیورسٹی کے لیکچر" 1987ء، حیدر آباد
  • "سیرت طیبہ کا پیغام عصر حاضر کے نام"، 1992ء، لاہور
  • "اخبار الطوال"
  • "کتاب المجر"
  • "مقالات گارساں دتاسی"
  • "خطباتِ گاساں دتاسی"
  • "نقشہ ہائے تاریخ اسلام"

"مقالہ در "نذر عرشی"" (عنوان مقالہ شمس الائمہ سرخسی)

  • "مقالہ در "نذر مختار"" (عنوان مقالہ فرانسیسی زبان کی پیدائش میں عربی کا حصہ)
  • "اسلامی قانون کا ارتقاء" (توسیعی لیکچر)
  • "رویت ہلال / نیا چاند"
  • "عیدین اور ان کے منانے کے اسلامی و جاہلی طریقے"
  • "مدرسۂ محمدی"

آپ کے اردو مقالات کی تعداد 350 سے زائد ہے [1]

آپ نے اردو دائرۂ معارف اسلامیہ کے لیے بھی 32 مضامین تحریر کیے جن میں احد، بدر، حدیبیہ، حلف الفضول، حنین، خندق، خیبر، زینب بنت جحش، طائف، علی بن ابن طالب، عمر ابن الخطاب، عمرو بن امیہ، حضرت محمدؐ، عہد نبوی میں نظم و نسق مملکت، رسول اللہ اکرمؐ بطور مقنن، معرا ج اور یہود جیسے اہم مضامین بھی شامل ہیں۔

[ترمیم] انگریزی کتب

  • "The battlefields of the Prophet Muhammad", 3rd Ed. Hyderabad: Habib, 1983
  • "The Emergence of Islam: lectures on the development of Islamic world-view, intellectual Tradition and Polity". Islamabad: Islamic research institute in collaboration with Da’wah Academy. International Islamic University, 1993

The First Written Constitution in the World". 3rd ed. Sh. Muhammad Ashraf, 1975*"

  • "Sahifah Hammam ibn Munabbih". 10th ed. Luton: Apex, 1979
  • "Introduction to Islam", 5th ed. Luton: Apex 1980
  • "Islam and Communism: A study in comparative thought", Lahore: Kazi publications, 1975
  • "Islam, A general picture". Chicago: Kazi Publications.1980
  • "Muhammad Rasulullah". Hyderabad: Stockists, Habib, 1974
  • "The Muslim Woman", Islamabad: International Islamic University, 1989
  • "The Muslim code of state". 7th ed. Lahore: Sh. Muhammad Ashraf, 1987
  • "Why fast? A study of fast in Islam from both spiritual and temporal points of view", Geneva: Islamic center, 1961.
  • "The 1400 anniversary of the completion of Islam". Oxford: Oxford Center for Islamic Studies, 1989

اس کے علاوہ انگریزی میں مقالہ جات کی تعداد بھی سینکڑوں میں ہے۔ آپ نے عربی میں بھی 15 کتب تحریر کیں۔ جبکہ آپ کے عربی مقالات کی تعداد 35 ہے۔ آپ نے فارسی میں بھی چھ مقالات تحریر کیے۔


[ترمیم] حوالہ جات

  1. ^ "ڈاکٹر محمد حمید اللہ" مرتبہ راشد شیخ، طبع 2003ء از المیزان پبلشرز، فیصل آباد
دیگر زبانیں