مندرجات کا رخ کریں

ٹھٹہ

متناسقات: 24°44′46″N 67°55′28″E / 24.74611°N 67.92444°E / 24.74611; 67.92444
آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
(ٹھٹھہ سے رجوع مکرر)
شہر
ٺٽو
اوپر سے نیچے دائیں سے بائیں: مکلی قبرستان کا منظر، قبرستان میں عیسیٰ خان حسین کا مقبرہ، شاہجہاں مسجد کے بیرونی اور اندرونی مناظر
اوپر سے نیچے دائیں سے بائیں:
مکلی قبرستان کا منظر، قبرستان میں عیسیٰ خان حسین کا مقبرہ، شاہجہاں مسجد کے بیرونی اور اندرونی مناظر
عرفیت: The City of Silence
ٹھٹہ is located in سندھ
ٹھٹہ
ٹھٹہ
ٹھٹہ is located in پاکستان
ٹھٹہ
ٹھٹہ
ٹھٹہ کا محل وقوع
متناسقات: 24°44′46″N 67°55′28″E / 24.74611°N 67.92444°E / 24.74611; 67.92444
ملکپاکستان
صوبہسندھ
ضلعٹھٹہ
آبادی
 • کل220,000
منطقۂ وقتپاکستان کا معیاری وقت (UTC+5)
شاہراہیں این-5

ٹھٹہ شہر (سندھی: ٺٽو، انگریزی: Thatta) پاکستان کے صوبہ سندھ میں دریائے سندھ کے کنارے آباد ایک قدیمی اور تاریخی شہر ہے۔ قرونِ وسطیٰ کے زمانے میں ٹھٹہ سندھ کا دار الحکومت رہا ہے۔ 326 قبل مسیح میں سکندر اعظم کی ہندوستان آمد اور ہندوستان پر لشکر کشی کے آثار یہاں ایک جزیرہ پر ملتے ہیں۔ٹھٹہ چونکہ تاریخی شہر ہے، اِسی لیےاقوام متحدہ کے ادارہ یونیسکو نے ٹھٹہ کے متعدد تاریخی آثار و مقابر کو اپنے عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔ٹھٹہ شہر کے اطراف و اکناف میں متعدد مقامات پر قدیم تاریخی نوادرات دریافت ہوئے ہیں جن سے اندازہ کیا جاتا ہے کہ ٹھٹہ شہر زمانہ قبل مسیح سے آباد رہا ہے۔ہندوستان میں مسلم حکومت کے قیام کے بعد ٹھٹہ شہر علم و ہنر کا مرکز بن گیا۔چودہویں صدی عیسوی میں سندھ میں سما سلطنت کے حکمرانوں نے سرکاری طور پر ٹھٹہ کو دوبارہ آباد کیا اور شہر کی حیثیت سے نئی طرز پر بسایا اور دار الحکومت قرار دیا۔ سلطنت مغلیہ کے عہد تک ٹھٹہ ترقی یافتہ اور متحرک شہر تھا مگر برطانوی راج کے دوران کراچی کی اُبھرتی ہوئی حیثیت نے اس شہر کو شدید نقصان پہنچایا اور بالآخر کراچی میں بندرگاہوں کے قیام کے بعد اِس شہر کی حیثیت محض تاریخ کے صفحات کی زینت بنتی چلی گئی۔ٹھٹہ کا شاندار ماضی یہاں کی تاریخی و قدیمی عمارات، مقابراور مساجد ہیں جن میں سے شاہجہانی مسجد اور مکلی کا عظیم ترین قدیمی قبرستان نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔ معلوم تاریخ و شواہد کے مطابق ٹھٹہ کی تاریخ دو ہزار قبل مسیح سے بھی قدیم ہے۔

شاہجہانی مسجد کا گنبد(اندرونی جانب سے)

وجہ تسمیہ

[ترمیم]
شاہجہانی مسجد – ٹھٹہ
مقبرہ نواب عیسیٰ خان ترخان – (مکلی قبرستان، ٹھٹہ)
مرزا غازی بیگ ترخان اور جانی بیگ ترخان کا مقبرہ – (مکلی قبرستان، ٹھٹہ)
مقبرہ شہزادہ سلطان ابراہیم بن نواب عیسیٰ خان ترخان – (مکلی قبرستان، ٹھٹہ)
شاہجہانی مسجد، ٹھٹہ کا اندرونی منظر
مکلی قبرستان میں موجود قبور پر آیاتِ قرانی کندہ ہیں جو فن تعمیر میں اعلیٰ مہارت کا ثبوت ہیں۔
مکلی قبرستان میں موجود قبور پر سنگی نقوش کندہ ہیں جو فن تعمیر میں اعلیٰ مہارت کا ثبوت ہیں۔
مقبرہ شہزادہ ابراہیم بن عیسیٰ خاں ترخان – (مکلی قبرستان، ٹھٹہ)
مکلی قبرستان، ٹھٹہ
شاہجہانی مسجد، ٹھٹہ کا بیرونی منظر
شاہجہانی مسجد – ٹھٹہ

فارسی اور عربی کتب میں اِس شہر کا نام تھتہ یا تتہ لکھا ہوا ملتا ہے جو البتہ کا ہم قافیہ ہے۔ مصنف بستان السیاحۃ نے اِسے ’’البتہ‘‘ کا ہم قافیہ ہی مراد لیا ہے[1]۔ لیکن اِس ہم قافیہ بے معنی لفظ سے ٹھٹہ کی وجہ تسمیہ ناقابل فہم ہے بلکہ مصنف تحفۃ الکرام کی رائے متذکرہ بالا رائے سے کہیں بہتر ہے ۔ سندھ کے نامور محقق اور کثیر الجہت شخصیت میر علی شیر قانع ٹھٹوی نے اپنی تصنیف تحفۃ الکرام(سالِ تصنیف: 1767ء) میں ٹھٹہ کے نام کی وجہ یوں بیان کی ہے کہ: ’’اِس وقت (1181ھ مطابق 1767ء) ٹھٹے کی وجہ تسمیہ کے بارے میں دو باتیں مشہور ہیں: کچھ کہتے ہیں کہ یہ ’’تہ تہ‘‘ یعنی ’’ نشیبی نشیبی‘‘ کی خصوصیت سے منسوب ہے اور کچھ کا کہنا ہے کہ یہ ’’ٹھٹ‘‘ کے لفظ سے موسوم ہے جو سندھیوں کی اصطلاح میں ’’لوگوں کے جمع ہونے کے مقام‘‘ کے معنی رکھتا ہے۔ مخفی نہ رہے کہ یہ سرزمین جیسا کہ تواریخ سے معلوم ہوتا ہے، قدیم زمانے میں بھی ٹھٹے کے نام سے پکاری جاتی تھی اور چونکہ سندھ کے بالائی حصہ کو عام لوگ ’’سیرو‘‘ کہتے ہیں اور اِس نشیبی حصہ کو ’’لاڑ‘‘ (یعنی نشیب یا ڈھال) کہا جاتا ہے، اِس لیے (یہی رعایت) ٹھٹے کی وجہ تسمیہ کا ایک کھلا ہوا ثبوت ہے۔[2] مصنف تحفۃ الکرام کے بیانِ مذکور سے یہی معلوم ہوتا ہے کہ 1181ھ مطابق 1767ء تک اِس شہر کو ٹھٹہ کے نام سے ہی پکارا جاتا تھا۔ یاد رہے کہ یہ سلطنت مغلیہ کا عہدِ زوال ہے جبکہ ایسٹ انڈیا کمپنی بنگال میں اپنے قدم جماچکی تھی۔ ماہر آثارِ قدیمہ احمد حسن دانی (متوفی 2009ء) کے مطابق ٹھٹہ سندھی زبان کے دو اَلفاظ ٹھٹو یا ٹھٹ سے مشتق ہوا ہے جن کے معانی ہیں: ’’دریاء کے کنارے آباد ہونا‘‘[3] ۔ سندھ کی عوام اِس شہر کو عموماً ٹھٹہ نگر یا محض نگر کے نام سے بھی پکارتی ہے۔

جغرافیہ

[ترمیم]

موجودہ ٹھٹہ شہر کوہِ مکلی کے دامن میں قدیم شہر کے کھنڈر پر آباد ہے ۔ موجودہ شہر سما سلطنت کے عہد میں سنہ 900ھ مطابق 1495ء میں دوبارہ آباد کیا گیا تھا۔ ٹھٹہ شہر پاکستان کے صوبہ سندھ میں ضلع ٹھٹہ میں واقع ہے۔ٹھٹہ شہر کا طول بلد 67 درجہ 55 دقیقہ 28 ثانیہ اور عرض بلد 24 درجہ 44 دقیقہ 46 ثانیہ ہے۔ اردو دائرہ معارف اسلامیہ کے مقالہ نگار نے ٹھٹہ شہر کا طول بلد 68 درجہ اور عرض بلد 24 درجہ 44 دقیقہ لکھا ہے۔ آج کل دریائے سندھ ٹھٹہ سے تقریباً چھ میل مشرق کی سمت میں بہتا ہے اور چار پانچ میل نیچے جا کر دو شاخوں میں منقسم ہوجاتا ہے، مگر 1758ء تک دریائے سندھ ٹھٹہ کے جنوب میں بہتا تھا اور اِس کی ایک شاخ ٹھٹہ کے مغرب میں بہتی تھی۔[4][5] ٹھٹہ کراچی سے 102 کلومیٹر مشرق ، بدین سے 110 کلومیٹر مغرب، سجاول سے 27 کلومیٹر مغرب، حیدرآباد سے 101 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔

تاریخ بنیاد

[ترمیم]

ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار ٹھٹہ کا ذِکر شمس سراج عفیف نے اپنی تصنیف تاریخ فیروز شاہی میں کیا ہے۔ اِس سے قبل ٹھٹہ کا ذِکر کسی تاریخی کتاب میں نہیں ملتا۔تاریخ فیروز شاہی میں اِس شہر کا تذکرہ 747ھ اور 748ھ مطابق 1347ء کے وقائع میں آیا ہے [6] ۔ اِس تاریخی ثبوت کے پیش نظر میجر جنرل Malcolm Robert Haig نے قیاس کیا ہے کہ 1340ء کے لگ بھگ یہ شہر دوبارہ آباد ہوا ہوگا۔[7] ٹھٹہ کی تحریری تاریخ 1347ء سے قبل کی کتب میں موجود نہیں، البتہ قدیمی کھنڈر سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ شہر دو ہزار قبل مسیح سے بھی قبل آباد تھا کیونکہ سکندر اعظم کی یہاں آمد سے متعلق تاریخی شہادت سے قطعی طور پر کہا جا سکتا ہے کہ سنہ 326 قبل مسیح میں بھی یہ شہر آباد تھا تاہم حتمی طور پر یہ کہنا مشکل ہے کہ آیا موجود ہ شہر ہی ٹھٹہ وہ مقام تھا یا وہ قدیمی کھنڈر تھے جن پر دوبارہ شہر آباد ہوا۔ سکندر اعظم کے عہدِ حکمرانی میں موجودہ سندھ کا تمام علاقہ پاطالین(Patalene) کے نام سے پکارا جاتا تھا جس کا مصری جغرافیہ نگار بطلیموس نے اپنی ’’جغرافیہ‘‘ نامی کتاب اور یونانی مؤرخ اسٹرابو نے اپنی تصنیف ’’Geography‘‘ میں شامل بحث کیا ہے۔لیکن دونوں مؤرخین کے تذکرۂ سندھ میں ٹھٹہ نام کا کوئی شہر نہیں ملتا۔ اِس سے قیاس کیا جا سکتا ہے کہ اُن دِنوں ٹھٹہ کے موجودہ مقام پر اِتنی آبادی نہیں ہوگی جو ایک شہر کی تعریف کے لیے ہو۔ بطلیموس اور اسٹرابو کے سندھ سے متعلق ٹھٹہ کا تذکرہ نہ کرنا اِس بات کا ہے کہ سکندر اعظم ٹھٹہ کبھی نہیں آیا۔ متذکرۂ بالا تاریخی شواہد سے سکندر اعظم کی ٹھٹہ میں آمد مشکوک ہوجاتی ہے کیونکہ بطلیموس کا زمانہ 100ء سے 170ء تک اور اسٹرابو کا زمانہ 64 قبل مسیح سے 24ء تک کا ہے جو سکندر اعظم کے قریب تین سو برس بعد کا زمانہ ہے۔

ٹھٹہ کی ازسر نو بنیاد

[ترمیم]

قدیم زمانے میں یہاں (ٹھٹہ) کی زمین سمندر کے پانی سے چھپی ہوئی تھی۔ایک مدت گذرنے پر سمندر کا پانی واپس ہو گیا اور خشک میدان نکل آیا۔ اِس کے بعد شہر اروڑ کے برباد ہونے اور دریائے سندھ کے سیہون (سیوستان) کی طرف رخ بدلنے کی وجہ سے یہ زمین پھر غرقاب ہو گئی۔ پھر جب شہر محمد طور سومرہ سرداروں سمیت ویران ہو گیا تو سما سلطنت کے حکمران نظام الدین جام نندو نے دوبارہ ٹھٹہ شہر کی ازسر نو تعمیر کروائی۔ 1336ء میں سندھ کے سما حکمرانوں کے زوال کے بعد سما خاندان کی حکمرانی شروع ہوئی تو انھوں نے کوہِ مکلی کے دامن میں ایک شہر بسایا جس کا نام ’’ساموئی‘‘ رکھا۔ یہ سما سلطنت کے حکمرانوں کا پہلا دار الحکومت تھا۔ بعد ازاں انھوں نے کوہِ مکلی سے چھ میل جنوب کی سمت میں کوہِ مکلی کے پشتے پر قلعہ تغلق آباد تعمیر کیا (یا غالباً کسی قدیمی قلعہ کی مرمت و تجدید کی)، جسے اب کَلا کوٹ کہتے ہیں۔ اِسی قلعہ کو انھوں نے پایہ تخت بنالیا۔ تقریباً 900ھ مطابق 1495ءکے لگ بھگ سما سلطنت کے حکمران نظام الدین المعروف بہ جام نندو نے ساموئی اور کلا کوٹ کے درمیانی علاقہ میں ٹھٹہ کے نام سے دوبارہ آباد کیا اور دار الحکومت یہیں منتقل کر لیا۔[8]
صاحب تحفۃ الکرام کے بیان کے مطابق ٹھٹہ کی ازسر نو تعمیر و بنیاد میں نظام الدین جام نندو نے نجومیوں سے مدد لی تھی اور کہا تھا کہ:’’ ایک نیا شہر (بطور دار الحکومت) آباد کرنے کے لیے ایک ایسا قطعہ اراضی منتخب کیا جائے جو مسرت بخش ہو، جس کے باشندے کم و بیش آرام پسند ہوں، ہمیشہ سیر و تفریح میں زندگی گزاریں اور اُن کی فطرت میں کمال و لیاقت کی خوبی شامل ہو۔ چنانچہ اِنہی اوصاف و خصوصیات کے پیش نظر سرزمین ٹھٹہ کا اِنتخاب عمل میں لایا گیا ۔ جس کے مشرق میں کچھ باغات تھے اور وسط شہر میں میر بحر (ملاح) رہا کرتے تھے‘‘۔[9] موجودہ ٹھٹہ شہر کوہِ مکلی کے دامن میں قدیم شہر کے کھنڈر پر آباد ہے ۔

تاریخ

[ترمیم]

سندھ کی سیاسی تاریخ میں ٹھٹہ کا تذکرہ بارہا آیا ہے۔ ٹھٹہ اور اِس کے نواح میں عرب فاتحین پہلی بار اُموی خلیفہ عبد الملک بن مروان کے دور میں وارد ہوئے اور محمد بن قاسم نے اَروڑ کی مہم کے لیے ٹھٹہ ہی کے قریب دریائے سندھ کو پار کیا۔ یہ علاقہ پہلے اُموی خلافت اور بعد ازاں خلافت عباسیہ کے عاملین کے ماتحت رہا۔

سلطنت غزنویہ کے نامور حکمران سلطان محمود غزنوی نے 1026ء میں عباسی خلیفہ القادر باللہ العباسی کے عاملوں کو ملتان اور اُچ سے نکال باہر کیا۔ 1026ء میں غزنوی وزیر عبد الرزّاق نے سلطان محمود غزنوی کے حکم کے مطابق ٹھٹہ اور سیوستان کے نواحی علاقوں اور اقوام کو زیر کر لیا اور عربوں کو سندھ سے مار بھگایا۔ ٹھٹہ پر غزنوی خاندان کا قبضہ 1183ء تک رہا جو مجموعی طور پر157 سال کا عرصہ ہے۔ [10]

1183ء میں ٹھٹہ پر سے غزنوی اِقتدار ختم ہوا تو ٹھٹہ کی بے امنی کا دور شروع ہو گیا۔ یہ دور بہت ہی پرآشوب تھا۔ اِس دور کی بے امنی کی بڑی وجہ شاید یہ تھی کہ ٹھٹہ کے حکام اور عوام‘ دونوں نے ہی سیاست میں حصہ لینا شروع کر دیا تھا مثلاً تغلق خاندان کے عہدِ حکومت میں ہندو رعایا اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے لگی۔ 1320ء میں جبسلطان غیاث الدین تغلق ملتان سے دہلی گیا تو اُسی وقت سومرہ قوم نے بغاوت کردی اور ٹھٹہ پر تسلط قائم کر لیا۔ اِس کے بعد مارچ 1351ء کو جب سلطان محمد شاہ تغلق نے ٹھٹہ کے قریب وفات پائی تو گجرات کے حاکم ’’طَغِی‘‘ نے قوم سومرہ اور جاریجہ سے ساز باز کرکے سلطان فیروز شاہ تغلق کے خلاف بغاوت کردی اور سلطان فیروز شاہ تغلق سے ٹھٹہ کے قریب جنگ کی۔ 1370ء میں حاکم ٹھٹہ جام خیر الدین نے بھی بغاوت کردی۔ چنانچہ پے در پے بغاوتوں کے نتیجے میں سلطان فیروز شاہ تغلق کو ٹھٹہ میں آنا ہی پڑا۔ جام خیر الدین قلعہ بند ہو گیا، چونکہ موسم لشکرکشی کے لیے سازگار نہ تھا۔اِس لیے سلطان گجرات کی جانب بڑھ گیا۔واپسی پر جب ٹھٹہ آیا تو جام خیر الدین نے معافی طلب کرلی۔ سلطان فیروز شاہ تغلق نے اُس کے فرزند جام جُونہ کو ٹھٹہ کا حاکم مقرر کر دیا۔ یہ واقعہ 1375ء کا ہے ۔[11]

تغلق خاندان کی حکمرانی کے دوران ہی سندھ میں سما سلطنت قائم ہوئی۔1336ء میں جام انار نے سما سلطنت کی داغ بیل ڈالی تو ٹھٹہ کے سیاسی و اخلاقی حالات بدستور ناگفتہ بہ تھے[12]۔ اِسی طرح 1406ء میں جام علی شیر جو دانا و بہادر حکمران تصور کیا جاتا تھا، کو اُس کے بھائیوں نے دغا سے قتل کروا دیا۔ اِس زمانہ میں سلطان علی شاہ میران خاں بن سلطان سکندر بت شکن(813ھ813ھ) نے ٹھٹہ فتح کر لیا[13] اور جام کَرَن بن تَماچِی کو حاکم ٹھٹہ مقرر کر دیا۔مگر عوام نے دوسرے ہی روز جام کَرَن کو قتل کرڈالا۔ 1508ء میں جام فیروز بن جام نظام الدین کی حکمرانی قائم ہوئی تو عوام نے جام صلاح الدین کو خط لکھا کہ جام فیروز حکومت کے لائق نہیں، ہم تمھیں ٹھٹہ کی حکومت پیش کرتے ہیں۔1512ء میں جام صلاح الدین نے سلطنت گجرات کے بادشاہ سلطان مظفر شاہ دؤم کی مدد سے ٹھٹہ پر قبضہ کر لیا۔لیکن جام صلاح الدین کی حکمرانی چند روزہ ہی ثابت ہوئی اور آٹھ مہینے کی حکومت کے بعد 1513ء میں جام فیروز شاہ بیگ ارغون کی مدد سے اُسے ٹھٹہ میں شکست دینے میں کامیاب ہو گیا۔ جام فیروز دوبارہ ٹھٹہ کا حاکم ہو گیا اور 1527ء تک حاکم ٹھٹہ رہا۔[14] [15]

خود مختار حکمران

[ترمیم]

تغلق خاندان کے بعد ٹھٹہ کے خود مختار حکمرانوں کا دَور شروع ہوا۔ یہ حکمران ’’جام‘‘ کہلاتے تھے۔ جام نِندو یعنی جام نظام الدین بن بانہبینہ کا عہد زریں ترین عہد تھا۔جام نظام الدین دوم یعنی جام نِندو نیک اور علم دوست حکمران تھا۔ شیراز سے ملا جلال الدین دوانی نے اپنے دو فاضل شاگردوں‘ میر شمس الدین اور میر معین کو ٹھٹہ بھیجا مگر خود ملا جلال الدین دوانی راستے میں ہی اِنتقال کرگئے اور یہ دونوں شاگرد ٹھٹہ میں ہی مقیم ہو گئے۔جام نِندو نے ٹھٹہ سے چوروں اور ڈاکوؤں کا خاتمہ کروایا۔[16]

شاہ بیگ ارغون کی لشکرکشی اور مغلوں کے ہندوستان پر حملے

[ترمیم]

1509ء میں جام نظام الدین دوم یعنی جام نِندوکی وفات ہوئی تو شاہ بیگ ارغون‘ حاکم بھکر نے ٹھٹہ پر لشکرکشی شروع کردی۔ شاہ بیگ ارغون نے 1508ء میں ٹھٹہ پر پہلا حملہ اور 1521ء میں دوسرا حملہ کیا۔ دوسرے حملے کے دوران وہ مکملاً ٹھٹہ پر قابض ہو گیا۔اِن حملوں سے سما خاندان کے جام حکمرانوں کی حکومت ختم ہو گئی اور شاہ بیگ ارغون حکمران بن بیٹھا۔ وہ چاہتا تھا کہ سندھ کے علاوہ گجرات کا علاقہ بھی اُس کے ہاتھ آ جائے کیونکہ وہ جانتا تھا کہ کابل کا مغل حکمران بابر ہندوستان پر حملہ کرنے کو تیار ہے اور اُسے وہ بھکر سے نکال باہر کرے گا۔ اِسی لیے شاہ بیگ ارغون اپنے لیے کوئی اور علاقہ تجویز کر رہا تھا مگر اِسی اثناء میں 1524ء میں وہ انتقال کرگیا اور یہ خواب محض خواب ہی رہ گیا۔ اُس کے اِنتقال کے بعد اُس کے بیٹے میرزا شاہ حسین (930ھ961ھ) نے اپنی سیاسی بصیرت و تدبر اور استقلال کے باعث مغل بادشاہوں کا سندھ میں اِقتدار قائم نہ ہونے دیا۔البتہ بابر نامہ کے اِقتباسات سے پتا چلتا ہے کہ میرزا شاہ حسین اور مغل شہنشاہ بابر کے مابین تعلقات قائم ہو گئے تھے کیونکہ میرزا شاہ حسین کی درخواست پر شہنشاہ بابر نے 1527ء میں آگرہ سے گنجفہ[17] بھجوایا تھا۔ [18] ٹھٹہ (سندھ) پر شاہ بیگ ارغون اور اُس کے خاندان کی حکومت 1520ء سے 1554ء تک قائم رہی۔ اِس دوران عربی اور سندھی کو سرکاری زبان کی حیثیت حاصل رہی۔

1554ء میں ارغون خاندان کا ٹھٹہ اور اُس کے قرب و جوار میں اقتدار کمزور پڑنا شروع ہوا تو ترخان خاندان برسر اِقتدار آگیا۔ جنھوں نے 38 سال تک سندھ پر حکومت کی۔ نواب میرزا عیسیٰ خاں ترخان کے عہدِ حکمرانی میں ماہ ِ ربیع الثانی 963ھ مطابق مارچ 1556ء میں پرتگالیوں نے جمعہ کے دن ٹھٹہ پر دھاوا بول دیا۔لوگ نمازِ جمعہ اداء کر رہے تھے کہ پرتگالیوں نے شہر کو لوٹ کر مکانات کو آگ لگا دی۔ میرزا عیسیٰ خاں اُس وقت بھکر میں تھا۔ اُسے خبر ملی تو فوراً ٹھٹہ پہنچا۔اُس نے شہر کی ایک فصیل دریائے سندھ کے ساتھ ساتھ تعمیر کروائی اور ایک نہر کھدوا کر شہر کے اندر لایا۔ نیا قلعہ ’’شاہ بندر‘‘ بھی تعمیر کروایا۔[19]

1526ء میں جب کابل کے مغل حکمران ظہیر الدین محمد بابر نے ہندوستان پر لشکرکشی کی تو اُس وقت تک سندھ پر مقامی حکمرانوں کی حکومت قائم تھی۔ اوائل عہد میں مغلوں کی توجہ سندھ کی جانب مبذول نہ ہوئی البتہ اِس دوران سما حکمران، ارغون حکمران اور ترخان حکمران نے حکومت کی۔ 1540ء کے عشرہ میں جب مغل شہنشاہ ہمایوں شیر شاہ سوری سے شکست کھا کر پناہ کی تلاش میں نکلا تو وہ لاہور سے ہوتا ہوا بھکر آیا اور بھکر سے مایوسی کی حالت میں ٹھٹہ پہنچا مگر حسین میرزا ارغون‘ والی ٔ ٹھٹہ نے ہمایوں کے خلاف بر سر پیکار ہو گیا اور جنگ کی اور لشکر ہمایوں میں غلہ پہنچنا بند کروا دیا۔ ناچار مغل شہنشاہ یہاں سے رخصت ہوا اور جودھ پور کی جانب چلا گیا۔[20]
1590ء اور 1591ء کے دوران مغل شہنشاہ جلال الدین اکبر کے حکم پر وزیر خانِ خاناں نے سندھ پر لشکرکشی کی۔اِس لشکرکشی میں ترخان خاندان کو شکست ِ فاش ہوئی اور ٹھٹہ ترخانوں کے ہاتھوں سے نکل گیا۔خاندانِ مغلیہ کے مقرر کردہ نوابوں نے یہاں حکومت کی جنہیں اُن کی قابلیت کے مطابق چار ہزاری، پنج ہزاری یا ہفت ہزاری کا منصب عطاء کیا جاتا تھا۔مرزا غازی بیگ ترخان کو مغل شہنشاہ جلال الدین اکبر اور بعد ازاں نور الدین جہانگیر کے دربار سے بھی حاکم سندھ مقرر کیا گیا۔ مغل شہنشاہ جہانگیر کے عہد حکومت میں 1614ء میں سندھ کو ایک الگ صوبہ قرار دے دیا گیا اور ٹھٹہ اِس کا صدرِ مقام قرار پایا۔ 1591ء سے 1701ء تک سندھ سلطنت مغلیہ کے صوبہ کی حیثیت سے رہا اور ٹھٹہ اِس کا صدر ِ مقام تھا۔
نواب سردار خان کے عہدِ حکومت میں ٹھٹہ میں قحط اور طاعون پھیلا۔ کہا جاتا ہے کہ اِس سے تقریباً نصف شہر غیر آباد ہو گیا۔ نواب حفیظ اللہ خان نے نیا قلعہ تعمیر کروانا شروع کیا مگر وہ نامکمل ہی رہ گیا۔[21] ماہِ صفر 1069ھ مطابق نومبر 1658ء میں جب مغل شہنشاہ اورنگزیب عالمگیر دارا شکوہ کے تعاقب میں تھا اور مغل فوج دارا شکوہ کو تلاش کرتی پھر رہی تھی تو دارا شکوہ ٹھٹہ میں آ پہنچا مگر تعاقب میں مغل فوج تھی، اِس لیے دارا شکوہ ناچار حالت کے باعث گجرات کی طرف فرار ہو گیا۔ [22]

کلہوڑا سلطنت

[ترمیم]

1701ء میں سندھ میں کلہوڑا خاندان کی حکومت قائم ہوئی تو سندھ تب تک خود مختار کلہوڑا حکمرانوں کی تحویل میں تھا جنھوں نے مغلوں کے رُوبہ زوال ہوتے ہوئے اِقتدار سے جلد ہی اپنی خود مختاری کا اعلان کر دیا تھا۔ 1150ھ مطابق 1737ء میں کلہوڑا حکمران میاں نور محمد کلہوڑو نے مغل شہنشاہ محمد شاہ کے عہدِ حکومت میں مغل حکومت سے لے لیا اور اپنی خود مختاری کا اعلان کرتے ہوئے سندھ پر حاکم بن بیٹھا۔ 1738ء میں جب نادر شاہ نے ہندوستان پر لشکرکشی کا اِرادہ کیا تو میاں نور محمد کلہوڑو ٹھٹہ سے فرار ہوکر عمر کوٹ چلا گیا مگر نادر شاہ کے فوجیوں نے گرفتار کر لیا۔جب نادر شاہ دہلی میں داخل ہوا تو میاں نور محمد کلہوڑو نے اُس کے قتل کے واسطے چند افراد متعین کیے مگر یہ راز فاش ہو گیا اور نادر شاہ کے ہندوستان سے چلے جانے کے بعد سندھ پر سے غیر ملکی حملہ آوروں کا خدشہ ختم ہوا۔

مرکز تجارت

[ترمیم]

ٹھٹہ مدتِ دراز سے تجارت کا اہم مرکز رہا ہے۔ سلطنت مغلیہ کے زمانہ میں تجارت میں ٹھٹہ کی برابری ہندوستان کا کوئی شہر نہ کرسکتا تھا۔ اُس زمانے میں ملتان اور بھکر سے اَموال و اثقال براہِ دریائے سندھ کشتیوں میں ٹھٹہ لاتے تھے اور مسافر بلکہ لشکر بھی خشکی کے راستے پر، جہاں جنگل اور پانی کی دستیابی کی دشواری تھی، وہاں دریائے سندھ کے راستے کو ترجیح دی جاتی تھی۔ 1758ء تک ٹھٹہ تجارت کا مرکز بن چکا تھا۔ ٹھٹہ سے بھکر تک کشتیوں کی آمد و رفت کا تانتا بندھا رہتا تھا[23]۔ 1591ء میں جب خانِ خاناں نے ٹھٹہ پر لشکر کشی کی تو بار بار لشکر کو غلہ کشتیوں کے ذریعہ لاہور سے وہاں تک پہنچایا گیا۔[24] 1614ء کے قریب قریب پرتگیزی لاہور سے کشتیوں میں سواریاں اور مال بھر کر ٹھٹہ لاتے تھے اور وہاں سے مال کو ایران بھیجتے تھے[25]۔ سیاح فوسٹر نے لکھا ہے کہ لاہور سے براہِ دریائے سندھ تک ایک مہینہ کا سفر تھا اور بالعکس دو مہینے کا؛ مگر بقول سیاح فنچ نے لکھا ہے کہ لاہور سے ٹھٹہ براہِ دریائے سندھ چالیس دن کی راہ پر ہے، بہت سی کشتیاں ساٹھ ٹن اور اُس سے زائد وزن کی برسات کے بعد ملتان، سیت پور (ضلع مظفر گڑھ) اور بھکر اور روہڑی کے راستے چلتی تھیں۔ کوہستانِ چنبہ سے لکڑی براستہ دریائے سندھ وزیر آباد اور وہاں سے کشتی ہائے چوب میں اُسے بھکر اور ٹھٹہ پہنچاتے تھے۔[26][27]

بازار

[ترمیم]

ٹھٹھہ کے بازاروں میں مرزائی بازار، گودڑی بازار، گوا بازار، غلہ بازار، بازار امیر بیگ اور بازار قصاباں مشہور ہیں ،

ٹھٹہ مشہور سیاحوں کی نظر میں

[ترمیم]

مشہور سیاح ابن بطوطہ اگرچہ اِس علاقے سے براستہ دریائے سندھ گذرا ہے مگر وہ شاید ٹھٹہ میں نہیں اُترا اور اِسی لیے اُس نے ٹھٹہ کا حال نہیں لکھا۔ 1615ء میں سر تھامس رو کے پادری چیپلن ٹیری نے اِسے زرخیز اور خوشگوار مقام بتلایا ہے۔1665ء اور 1666ء کے درمیانی عرصہ میں اطالوی سیاح تراورنیے (Travernier) نے بھی ٹھٹہ کو دیکھا اور یہاں سے گذرتے ہوئے مشاہدہ کیا ہے۔اُس کی رائے تھی کہ : یہاں کی تجارت اب رُو بہ انحطاط ہے کیونکہ دریا (دریائے سندھ) کا دہانہ زیادہ خطرناک ہو چکا ہے اور جا بجاء جوہڑ بن رہے ہیں۔1699ء میں الیگزینڈر ہملٹن (Alexander Hamilton) ٹھٹہ سے گذرا، اُس کے اندازے کے مطابق شہر تین میل لمبا اور نصف میل چوڑا تھا اور اُس وقت آبادی 80 ہزار نفوس پر مشتمل تھی۔ [28]

اہم مقامات

[ترمیم]

ٹھٹہ کے نوادرات میں جامع مسجد (جسے شاہجہانی مسجد اوربادشاہی مسجد بھی کہا جاتا ہے) جو مغل بادشاہ شاہجہان نے 49-1647ء کے درمیان تعمیر کرائی تھی۔ اس مسجد میں 93 گنبدہیں اور اس مسجد کو اس انداز میں تعمیر کیا گیا ہے کہ اس میں امام کی آواز بغیر کسی مواصلاتی آلہ کے پوری مسجد میں گونجتی ہے۔ مقبروں میں یہاں سب سے بڑا اور قابلِ دید مقبرہ عیسیٰ خان ترخان کا ہے جو 1644ء میں انتقال کر گیا تھا۔ عیسیٰ خان ترخان نے یہ مقبرہ اپنی زندگی میں ہی تعمیر کروا لیا تھا۔ مقبرے کی تعمیر مکمل ہوتے ہیں، عیسٰی خان نے مقبرے کو بنانے والے ہنرمند کے ہاتھ کٹوا دیے تھے تاکہ کوئی دوسرا بادشاہ اس طرح کا مقبرہ نہ بنوا سکے۔[29] عیسیٰ خان کے مقبرے کے علاوہ یہاں مرزا جانی بیگ، مرزا تغرل بیگ اور دیوان شرفاء خان کے مقبرے بھی نہایت مشہور ہیں۔ اس کے علاوہ دنیا کا سب سے بڑا اور قدیم قبرستان مکلی بھی ٹھٹہ کے قریب واقع ہے۔ یہ قبرستان جس میں لاکھوں قبو رہیں تقریباً آٹھ کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہے۔ یہاں کئی بادشاہ، ملکہ، علما، فلسفی اور جرنیل ابدی نیند سو رہے ہیں۔ یہاں کی قبروں کی خاص بات اُن کے دیدہ زیب خدوخال اور نقش و نگار ہیں جو نہ صرف اہلِ قبر کے زمانے کی نشان دہی کرتے ہیں بلکہ اُس وقت کی تہذیب، ثقافت اور ہنرمندی کا بھی منہ بولتا ثبوت ہیں۔ یہاں موجود قبریں تاریخی اعتبار سے دو ادوار میں تقسیم کی جاتی ہیں۔ پہلا سما بادشاہوں کا دور جو (1520ء - 1352ء) تک رہا اور دوسرا ترخان بادشاہوں کا دور جو (1592ء - 1556ء) تک رہا۔ ان عمارتوں کے ڈھانچے نہایت مضبوط، طرزِ تعمیر نہایت عمدہ اور تعمیری مواد بہت ہی اعلیٰ معیار کا ہے۔ ان قبروں پر کی گئی نقاشی اور کشیدہ کاری کا کام اپنی مثال آپ ہے۔ یہ قبرستان تاریخ کا وہ ورثہ ہے جو قوموں کے مٹنے کے بعد بھی اُن کی عظمت و ہنر کا پتہ دیتا ہے۔ اس کو دیکھنے کے لیے ہر سال ہزاروں لوگ اس قبرستان میں آتے ہیں۔

شخصیات

[ترمیم]
  • سید اعجاز علی شاہ شیرازی

کتابیات

[ترمیم]

مزید دیکھیے

[ترمیم]

حوالہ جات

[ترمیم]
  1. بستان السیاحۃ، ص 188، اشاعت دؤم
  2. میر علی شیر قانع ٹھٹوی : تحفۃ الکرام، 24 واں باب،ص 569
  3. احمد حسن دانی: Thatta: Islamic Architecture، ص 6
  4. Major General Malcolm Robert Haig: The Indus Delta Country, A Memoir, London, 1894, p. 77
  5. اردو دائرہ معارف اسلامیہ: جلد 9، ص 973۔
  6. اردو دائرہ معارف اسلامیہ : جلد 9، ص 973۔
  7. Major General Malcolm Robert Haig: The Indus Delta Country, A Memoir, London, 1894, p. 77
  8. اردو دائرہ معارف اسلامیہ : جلد 9، ص 973۔
  9. میر علی شیر قانع ٹھٹوی: تحفۃ الکرام، ص 569۔
  10. اردو دائرہ معارف اسلامیہ : جلد 6، ص 974۔
  11. اردو دائرہ معارف اسلامیہ : جلد 6، ص 974۔
  12. اردو دائرہ معارف اسلامیہ : جلد 6، ص 974۔
  13. سجان رائے: خلاصۃ التواریخ، ص398۔
  14. میرزا قلیچ بیگ فریدوں بیگ: A History of Sindh، جلد 2، مطبوعہ 1902ء، کراچی۔
  15. Chronological Dictionary of Sindh, p. 370
  16. اردو دائرہ معارف اسلامیہ : جلد 6، ص 975۔
  17. ایک کھیل جو تاش کے پتّوں کی طرح کھیلا جاتا ہے ۔ اُس کا پتّا تاش کے برخلاف گول گتّے کی شکل اور اوسط درجے میں رُہے سے ڈیوڑھا یا سوایا ہوتا ہے ، گنجفے کی آٹھ بازیاں (رنگ) اور چھیانوے پتّے ہوتے ہیں اور تین کھلاڑیوں میں کھیلا جاتا ہے آٹھ بازیوں میں چار پڑی اور چار چھوٹی بازیاں کپلاتی ہیں ، بڑی بازیوں کے نام تاج ، سفید ، شمشیر اور غلام ہیں ، چھوٹی بازیوں کے نام چنگ ، سرخ ، قماش اور برات ہیں ، تاج کا میر ماہتاب اور سرخ کا میر آفتاب کہلاتا ہے جو اصطلاحاً رات اور دن کے کھیل کے میر کہلاتے ہیں۔
  18. اردو دائرہ معارف اسلامیہ : جلد 6، ص 975۔
  19. اردو دائرہ معارف اسلامیہ : جلد 6، ص 975۔
  20. اردو دائرہ معارف اسلامیہ : جلد 6، ص 975۔
  21. اردو دائرہ معارف اسلامیہ : جلد 6، ص 976۔
  22. سجان رائے: خلاصۃ التواریخ، ص 539۔
  23. اردو دائرہ معارف اسلامیہ : جلد 6، ص 973۔
  24. خلاصۃ التواریخ: صفحہ60، 415۔
  25. Major General Malcolm Robert Haig: The Indus Delta Country, A Memoir, London, 1894, p. 78
  26. سجان رائے: خلاصۃ التواریخ، ص77 ۔
  27. اردو دائرہ معارف اسلامیہ : جلد 6، ص 974۔
  28. اردو دائرہ معارف اسلامیہ : جلد 6، ص 976۔