مخدوم عبد الرشید حقانی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
Jump to navigation Jump to search
مخدوم عبد الرشید حقانی
Mazarhaqqani.jpg
مذہب اسلام
سلسلہ قادریہ
ذاتی تفصیل
پیدائش

(581ھ)

(مدت حیات 88 سال قمری)
کوٹ کروڑ (کروڑ لعل عیسن)، لیہ، پنجاب
وفات (669ھ)
مخدوم رشید، ملتان، پاکستان
بلند مرتبہ
مقام مخدوم رشید، ملتان ، پاکستان
خطاب •حضرت
•حقانی
شیخ
•غوث زماں
سلطان العارفین
• شمس الاولیاء
•شيخ المشائخ
دور بارہویں/ تیرہویں صدی
پیشرو میر سید علی ہمدانی
جانشینمخدوم سلطان ایوب قتالؒ
مخدوم صدر الدین قتالؒ
مخدوم حسن قتالؒ
شیخ مخدوم سعید الدین المعروف شیخ سادن شہیدؒ، مخدوم فقیر علی شاہ المعروف ملا فقیرؒ (و دیگر)۔

سلطان العارفین حضرت مخدوم عبد الرشید حقانی برصغیر میں سلسلہ قادریہ کے عظیم روحانی بزرگ ہیں۔ آپ کا مزار ملتان، پاکستان کے قریب آپ کے نام سے منسوب قصبے مخدوم رشید میں مرجع خلائق ہے۔ آپ علوم ظاہری و باطنی سے مالا مال تھے، بیک وقت حافظ قرآن، قاری، مفسر، عالم، محدث، عارف، ولی، غوث زماں تھے۔ پورے برصغیر میں نہ صرف آپ کا شہرہ تھا بلکہ صدق و عدل کی صفات کی وجہ سے آپ کا لقب حقانی مشہور ہو گیا تھا۔ آپ کا شمار ان ہستیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے ساری زندگی اسلام کی سربلندی اور عشق مصطفٰی کی شمع روشن کرتے ہوئے گزاری، جن کی کوششوں سے لاکھوں مسلمان علم دین کی دولت سے سرفراز ہوئے، آپ نے جودو سخا کی وہ ارفع مثال قائم کی کہ معاشرے پر سماجی، معاشرتی اور معاشی مثبت تبدیلیاں رونماں ہونے لگیں۔ توکل علی اللہ، عشق رسول پاک، عدل، تکریم انسانیت، آپ کی تعلیمات کی اصل متاع ہیں۔ آپ کا زمانہ اولیائے کرام کا زمانہ مشہور ہے۔ مشہور بزرگ شیخ بہاؤ الدین زکریا ملتانی، شیخ فرید الدین گنج شکر، شاہ شمس تبریزی،لال شہباز قلندر، جلال الدین رومی اور جلال الدین سرخ بخاری، بو علی شاہ قلندر،پیر موسی نواب ان کے ہم عصر اولیاء تھے۔ آپ نسباً سادات ہاشمی ولحسنی ہیں۔

ولادت[ترمیم]

آپ 15 ربیع الاول 581ھ کو ملتان کے قریب کوٹ کروڑ ، لیہ میں ایک کامل بزرگ مخدوم سید وحید الدین احمد غوث اور سیدہ جنت بی بی (دختر سید شرف الدین عیسیٰ جیلانی بن سید عبد القادر جیلانی) کے ہاں پیدا ہوئے۔ آپ کے والدین نے آپ کا نام اللہ کے صفاتی ناموں میں سے ایک محمد عبد الرشید رکھا۔

نسب[ترمیم]

آپ والد کی طرف سے سادات ہاشمی اور والدہ کی جانب سے سادات حسنی ہیں۔

ابتدائی تعلیم و تربیت[ترمیم]

حضرت مخدوم عبد الرشید حقانی نے خالص علمی و روحانی اور صوفیانہ ماحول میں آنکھ کھولی اور بہت کم عمری میں مروجہ علوم کے مراحل طے کیے۔ آپ نے ابتدائی تعلیم اپنے دادا مخدوم کمال الدین علی شاہ خوارزمی کے قائم کردہ مدرسہ میں اپنے دادا اور والد حضرت مخدوم سید وحید الدین احمد غوث کے زیر سایہ کوٹ کروڑ میں ہی حاصل کی اور 15 سال کی عمر میں قرآن پاک کا حفظ مکمل کر لیا۔ بعد ازاں آپ نے ملتان کا رخ کیا جو اس وقت عالم اسلام کا ایک عظیم گڑھ بن چکا تھا۔ مزید حصول علم کے لیے آپ نے اپنے سات خدمت گاروں کے ہمراہ ملتان سے مکہ، مدینہ، خراسان، بغداد،بخارا، ہمدان، بلخ کا سفر کیا۔ مکہ پہنچنے کے بعد بیت اللہ کی سعادت حاصل کی اور مدینہ میں روضہ رسول ﷺ کی زیارت کی اور پانچ سال تک مدینہ میں ہی رہے اور وہاں موجود جید علما سے علم حاصل کرنے کے بعد مختلف وفود کو حدیث، فقہ سے متعلق بھی درس دیتے رہے۔ پانچ سال مدینہ میں رہنے کے بعد آپ واپس مکہ تشریف لے گئے اور حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد بیت المقدس کا رخ کیا اور وہاں انبیا کرام کے مزارات پر حاضری دی اور اس وقت کے بڑے بڑے علما مشائخ سے ملاقاتیں کیں اور فیض پایا،اور قبلہ اول میں کچھ عرصہ قیام کیا۔

شجرہ طریقت[ترمیم]

خاندانی پس و منظر[ترمیم]

مخدوم عبد الرشید حقانی کے آبا ؤ اجداد کا تعلق سادات بنو ہاشم سے تھا، آپ کے خاندان کے ایک بزرگ حضرت امیر تاج الدین المطرف کو بنو امیہ کے حکمران مروان الحکم نے زبردستی اپنی بیعت پر مجبور کیا ۔ مروان کے زبردستی بیعت پر مجبور کرنے کی وجہ سے آپ کو اپنے وطن سے ترک سکونت اختیار کرنا پڑی۔ اور آپ ہجرت کر کے مع اہل و عیال الجبال آباد آباد ہو گئے، جو بعد میں خوارزم اور اب ترکمانستان کے نام سے مشہور ہے۔ خاندانی عزت و شرف و سیادت بنو ہاشم کی بنا پر یہ گھرانہ ہمیشہ معزز و مقتدر رہا، لہذا یہاں بھی آپکی اولاد فضل و کمال میں یکتا ٹھہری۔ اور سلاطین وقت کے ممدو معاون رہے اور اور خاندانی پس منظر کی بنا پر باقاعدہ جاگیر اور منصب حاصل ہوئے۔ لہذا اسی وجہ سے امیر تاج الدین المطرف سے لے کر سلطان ابی بکر تک کی ہستیاں والیاں ریاست میں شمار ہوتی ہیں۔ اپ کے خاندان نے باقاعدہ خوارزم کے اس علاقے میں حکومت قائم کی اور عدل و انصاف سے عوام کے دلوں پر بھی حکمرانی کی۔ امیر تاج الدین المطرف کی اولاد میں سے ایک بزرگ ہستی جو سلطان شاہ حسین کے نام سے موسوم ہے، رفقا سلطان سبکتگین و محمود غزنوی میں شامل تھی، جنھیں ان بادشاہوں کے دربار میں ایک مقام حاصل تھا، سلطان محمود غزنوی کے تیسرے حملے کے وقت اس کے ہمراہ ہند میں وارد ہوئی۔ سلطان محمود غزنوی نے جا بجا اپنے قلعے اور چھاؤنیاں قائم تو ایک قلعہ کوٹ کروڑ میں بھی قائم کیا۔ قلعہ کوٹ کروڑ کی وجہ تسمیہ اس میں ایک کروڑ بار سورہ مزمل کی تلاوت کرنا ہے اور اب یہ جگہ حضرت کی اولاد میں سے ایک معروف روحانی بزرگ سید صدر الدین محمد یوسف المعروف لعل عیسن کروڑ کے نام سے مشہور ہے۔ سلطان محمود غزنوی نے یہ قلعہ سلطان شاہ حسین سے عقیدت و احترام رکھتے ہوئے آپ کے سپرد کیا اور ایک کروڑ کے علاقے میں ایک بڑی جاگیر آپ کے حوالے کی اور یہیں پر بعد میں مخدوم عبد الرشید حقانی کے دادا مخدوم کمال الدین علی شاہ کی عدل و انصاف سے بھرپور حکومت قائم ہوئی۔ آپ بڑے صاحب کمال اور بزرگ ہستی تھے، غریبوں کی خدمت کرتے اور ظالم کے ساتھ سختی سے پیش آتے۔ کروڑ کے علاقے میں آپ کے خاندان کو بڑی عزت و تقریم حاصل تھی۔ مخدوم کمال الدین علی شاہ نے دختر شیخ عبد القادر جيلانی سیدہ خیر النساء سے عقد کیا اور جن سے آپ کو اللہ نے دو فرزند عطا کیے: مخدوم سید وحید الدین احمد غوث اور مخدوم سید وجیہ الدین محمد غوث۔

مخدوم کمال الدین علی شاہ کو تاریخ میں وہ کمال حاصل ہے جو پوری تاریخ میں شاید ہی کسی حاصل ہو کیونکہ آپکے فرزند اکبر سے سلسلہ قادریہ کو برصغیر پاک و ہند میں بنیاد کی فضیلت حاصل ہوئی اور فرزند اصغر سے سلسلہ سہروردیہ کو دوام حاصل ہوا۔

بیعت و خلافت[ترمیم]

بیت المقدس میں علما مشائخ کی صحبت میں رہنے کے بعد آپ جب ہمدان پہنچے تو آپ بے مثل عالم کی حثیت حاصل کر چکے تھے۔ اس وقت ہمدان شریف کے اندر میر سید علی ہمدانی الملقب علی ثانی (دوم علی ) کا طوطی بول رہا تھا، مخدوم عبد الرشید حقانی جب آپ کی بارگاہ عالیہ میں حاضر ہوئے تو انہوں نے دور سے دیکھ کر فرمایا "اے سیدی آپ نے اتنی دیر لگادی، میں کئی دنوں سے آپ کا منتظر ہوں"۔ آپ نے ادب سے گردن جھکا لی اور شیخ کامل نے حلقہ ارادت میں شامل کر لیا۔ آپ تین سال تک بطور خلیفہ اپنے مرشد کامل کی خدمات میں رہے اور بعد ازاں اپنے مرشد کامل کے حکم پر ملتان سے جانب مشرق آکر قیام کیا۔ یہاں آپ نے ایک عالی شان مدرسہ کی بنیاد ڈالی، جہاں حصول علم کی خاطر لوگ دور دور سے یہاں آتے اور اپنی پیاس بجھاتے۔ آپ تا دم مرگ درس قران پاک اور حدیث مبارکہ کی تعلیم دیتے رہے۔ آپکے مرشد حضرت سید علی ہمدانی نے آپ کو دنیاوی شہرت سے دور رہنے کی ہدایت فرمائی اور ساتھ ہی کہا کہ اپنا کوئی گدی نشین مخصوص نہیں کرنا، یہی وجہ ہے کہ آج تک آپ کی درگاہ پر باقاعدہ کوئی گدی نشین موجود نہیں اور آپ کی آل اولاد ہی تمام امور سر انجام دیتی ہے ۔

سید علی ہمدانی نے آپ کے متعلق فرمایا " یہ میرے سلسلے کا مہتاب ہو گا اور سلسلہ بھی وسعت پزیر ہوگا"

اتفاق[ترمیم]

چار کا عدد حضرت مخدوم عبدالرشید حقانیؒ پر فدا نظر آتا ہے، کیوں کہ آپ کی ازواج مطہرات بھی چار ہیں۔ آپ کے صاحبزادے بھی چار ہیں۔ مزید اتفاق کہ آپ کے ہر ایک فرزند کے چار چار فرزند ہیں۔

ازواج و اولاد[ترمیم]

مخدوم عبدالرشید حقانی کے چار حرم تھے۔ ایک بی بی شیخ السلام مخدوم بہاؤ الدین زکریا کی ہمشیرہ مخدومہ کمال خاتون تھیں۔ دوسری بی بی تغلق کی صاحبزادی تھیں۔ اس علاوہ آپ نے دو عقد اور فرمائے۔ اللہ نے آپ کو بی بی مخدومہ کمال خاتون کے بطن پاک سے صالح اولاد عطا فرمائی اور آپکی اولاد کو بھی ولایت کے عظیم مرتبہ پر پہنچایا۔ صاحب منبع البرکات نے حضرت مخدو م کی اولاد کا شجرہ اس طرح سے دیا ہے۔

بہن بھائی[ترمیم]

جامع الکرامات اور منبع البرکات میں آپ کے برادران و خواہران کا تذکرہ اس طرح موجود ہے:

  • مخدوم عبد الرشید حقانیؒ
  • مخدوم محمد عبد الرحمن شاہؒ
  • مخدوم محمد موسیٰ شاہؒ (المعروف پیر موسی نواب، نواب الاولیاء، خلیفہ شیخ السلام مخدوم بہاؤ الدین زکریاؒ)
  • مخدوم محمد راول دریا ؒ(المعروف حاجی شاہ، ڈیڈھا لعل)
  • مخدوم محمد طاہر شاہ ؒ(المعروف ظاہر بگا شیر)
  • مخدوم محمد سعید الدینؒ (المعروف شیخ سادن شہید)
  • مخدوم محمد فقیر علی شاہ ؒ(المعروف پیر ملا فقیر)
  • بی بی مخدومہ رشیدہ خاتونؒ (زوجہ شیخ السلام مخدوم بہاؤالدین زکریاؒ، والدہ ماجدہ مخدوم صدر الدین عارفؒ، دادی شاہ رکن الدین عالمؒ نوری حضوری)
  • بی بی مخدومہ بصراںؒ

قرامطیوں کے خلاف تحریک[ترمیم]

ابو محمد مشتاق عکس و تحریر کے مقالہ مخدوم عبد الرشید حقانی رحمتہ اللہ میں لکھتے ہیں، یہ اس دور کی بات ہے کہ جب مخدوم عبد الرشید حقانی کوٹ کروڑ میں جہاں فرائض سلطنت نبھا رہے تھے وہاں اپنے آباؤ اجداد کی طرح علم و عمل کے ذریعے دین اسلام کی اشاعت و تبلیغ میں پوری طرح مصروف تھے یہی وجہ ہے کہ اس دور میں کوٹ کروڑ میں قرامطہ اثرات نہ پھیل سکے۔ یہ حقیقت ہے کہ مخدوم عبد الرشید حقانی کی موجودگی میں قرامطیوں کو اپنے عقائد و نظریات کی اشاعت کا موقع نہ مل سکا البتہ ملتان میں قرامطیوں نے اپنے مذہب کی خوب اشاعت کی اس لیے ملتان کے گرد و نواح اور دیہی علاقہ جات میں قرامطہ کے نظریاتی اثرات موجود تھے۔ ایک مرتبہ 1191ء شہاب الدین غوری ایک لاکھ ستر ہزار فوج لیے غزنی سے روانہ ہوا اس دوران میں اس کا گزر لیہ سے ہوا اسے بتایا گیا اس وقت یہاں کی سربراہ حکمران شخصیت 18 سال کے نوجوان عالم دین ہے جو کوٹ کروڑ لیہ میں قیام پزیر ہے۔ شہاب الدین غور ی نے مخدوم حقانی سے ملاقات کی اور ملتان میں قرامطی اثرات پھیلنے کے خدشہ کا اظہار کیا اور ساتھ ہی آپ سے ملتان منتقل ہونے کی گزارش کی اور اس پر مخدوم حقانی کو اس نے آمادہ کر لیا۔ سلطان غوری کا مخدوم حقانی کو ملتان منتقل کرنے کا واحد مقصد قرامطیوں کا قلع قمع کرنا تھا۔ مخدوم حقانی سلطان غوری کی درخواست پر کوٹ کروڑ کی جاگیرات سے دست بردار ہو کر ملتان قیام پزیر ہو گئے اس نے ملتان میں کوٹ کروڑ کی سربراہی کے بدلے میں آپ کو وسیع جاگیر عطا کی۔ ملتان منتقل ہونے کے ساتھ ہی کوٹ کروڑ میں قائم مدرسہ بھی ملتان منتقل کر دیا۔ ملتان میں آپ کے علم و رشد کا شہرہ دور دور تک ہوا اور لوگ آپ کے گرد جوق در جوق جمع ہونے لگے۔ تاریخ دان نور احمد خان فریدی لکھتا ہے کہ خصوصی حالات کی بنا پر آپ (مخدوم حقانی)کوٹ کروڑ سے ملتان ہجرت کر آئے اور قلعہ قدیم میں اس مقام پر قیام فرمایا جہاں اس وقت حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانی سہروردی کا مزار ہے۔ آپ کے ملتان میں قیام کے دوران میں قرامطہ تحریک کو ہمت نہ ہو سکی۔

برصغیر کی پہلی اقامتی درس گاہ کا قیام[ترمیم]

قرامطیوں سے نمٹنے کے بعد مخدوم حقانی نے ملتان سے جانب مشرق 28 کلومیٹر کے فاصلے پر ابو الفتح مڑل سے قطعہ اراضی خرید کر جنگل و بیابان میں ایک مسجد اور دینی و اخلاقی درس گاہ کی بنیاد رکھی جسے برصغیر میں پہلی اقامتی درس گاہ ہونے کا اعزاز و شرف عطا ہوا۔ (پہلے یہاں نرسنگ پسرایسر دیو کا ستھان تھا) اس درس گاہ کا مقصد علمائے حق و مبلغین اسلام اور صوفیائے کرام کی ایک ایسی جماعت کی آبیاری کرنا تھی جو لوگوں کی اخلاقی و نظریاتی روحانی ودینی تربیت کرنے کی صلاحیت سے بہرہ ور ہو، یہ درس گاہ جلد ہی اقامتی یونیورسٹی کی حیثیت اختیار کر گئی۔ اسی درس گاہ میں علوم دنیاوی کے ساتھ ساتھ علوم دینی فلسفہ و منطق معقولات و منقولات کا علم بھی سکھایا اور پڑھایا جاتا تھا۔ نہایت قلیل عرصہ میں مخدوم حقانی کے علم و رشد اور فقر ولایت کا چرچا چہار دانگ عالم میں پھیل گیا۔ اکناف عالم سے سعید روحیں کھچ کھچا کر یہاں جمع ہونے لگیں حتیٰ کہ قال ﷲ و قال الرسول ﷲ سے ملتان کے در و دیوار گونجنے لگے۔ آپ کی مجلس میں علماءمشائخ جمع ہوا کرتے تھے۔ ایک بار ایسا ہوا آپ کی مجلس میں علمائے مشائخ کی ایک جماعت بحث و مناظرہ میں سرگرم تھی حتیٰ کہ سہ پہر گزر گئی کہیں شام کوجا کر اجلاس برخاست ہوا۔ یہ معمول بلاتاخیر روزانہ جاری رہتا تھا۔ یہاں سے فارغ التحصیل علما و فضلاء نے اکناف عالم میں پھیل کر تبلیغ اسلام اشاعتِ دین میں لازوال کردار ادا کیا۔ آپ کی تعلیمات کا عکس آج بھی ان علاقوں کے لوگوں کی تہذیبی و ثقافتی زندگیوں میں نمایاں دکھائی دیتا ہے۔ آپ کی درسگاہ الگ الگ دو شعبہ جات پر مشتمل تھی۔ ایک شعبہ علوم دینیہ واخلاقی و روحانی تربیت کے لیے مخصوص تھا جبکہ دوسرا شعبہ فلسفہ منطق زبان و بیان جیسے علوم کے لیے خاص تھا۔

روایت گنج شکر[ترمیم]

حضرت بابا فرید الدین گنج شکر فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ برادرم بہاؤالدین اور (میں)فقیر ملتان میں ایک جگہ اکٹھے بیٹھے تھے کہ مجاہدہ و ریاضت کا ذکر شروع ہوا۔ مخدوم حقانی کے بارے میں ذکر ہوا تو برادرم بہاؤالدین نے فرمایا:

"مراتب برادرم مخدوم عبدالرشید حقانی در قرب الہی علو مکان است

در رسد مخدوم عبدالرشید حقانی یار امی تعدیل نمی دارد۔
ھو اقْرَبُ الله و أقربه
چنانچہ خلعت جسم و جاں برادرم ماسوی الله یک سوئے راغت نمی درد برچہ از جسم ایشاں خروج میشو داز سر فارغ نست۔"

"یعنی میرے بھائی مخدوم عبدالرشید حقانی کا درجہ قرب الہی میں اتنا بلند ہے کہ میں اس معاملے میں ان کی برابری کا یارا نہیں رکھتا۔وہ الله کے بہت قریب ہیں، اور الله ان کے بہت قریب۔ چنانچہ میرے بھائی کے جسم و جاں میں ایک بال بھی برابر جگہ بھی ماسوی الله کے لئے خالی نہیں "۔ شیخ السلام مخدوم بہاؤ الدین زکریا نے مزید فرماتے ہوئے کہا کہ: ولایت کے جس مقام پر میرے بھائی مخدوم عبد الرشید حقانی پہنچے ہیں، وہاں تک ہم نہیں پہنچ سکے۔

لعل شہباز سے ملاقات[ترمیم]

حضرت لعل شہباز قلندر مجزوبانہ اور قلندرانہ طریقہ اختیار کرتے تھے، ملتان کے قاضی کاشانی جو خود بھی عالم تھے لیکن قلندرانہ طریقے کو پسند نہیں فرماتے تھے نے لعل شہباز قلندر پر فتوی جاری کر دیا، لال شہباز قلندر جو اس وقت ملتان کے قریب کسی گاؤں میں موجود تھے، آپ کے کسی مرید نے آپ کو قاضی صاحب کے فتوی سے آگاہ کیا تو آپ بڑے غضبناک ہوئے اور اپنے مریدوں کے ساتھ ملتان کی طرف چل دے۔ شیخ السلام مخدوم بہاؤ الدین زکریا کو کسی نے اطلاع دی کے لال شہباز قلندر نامی کوئی بزرگ قاضی کے فتوی کو سن کر غضبناک ہو کر ملتان تشریف لا رہے ہیں، مخدوم بہاؤ الدین زکریا نے کسی سے کہا کے انھیں ہماری محفل میں لے آو، اس وقت اس محفل میں مخدوم عبد الرشید حقانی بھی موجود تھے۔ آپ نے اپنے بیٹے مخدوم حسن سے کہا کے جاؤ اور قلندر کو احترام سے ہمارے پاس لے آؤ، جب قلندر خانقاہ پر پہنچے تو عظیم بزرگ ہستیوں کی موجودگی میں اپنا غصہ بھول بیٹھے۔ لعل شہباز قلندر اور مخدوم حقانی ایک دوسرے سے بڑے اخلاق اور پیار سے پیش آئے۔

وصال[ترمیم]

مخدوم حقانی نے عمر کے آخری حصے میں گوشہ نشینی اختیار کرلی تھی اور ہم وقت یاد الٰہی میں مصروف رہتے اور مریدین سے بھی صرف خاص اوقات میں ملاقات فرماتے۔ ایک دن آپ اپنے حجرے میں یاد الہی میں مصروف تھے، تو ایک نورانی چہرے والے ایک بزرگ ہاتھ میں ایک پھول لیے آپ کے حجرے کے باہر تشریف لائے اور حجرے کے باہر آپ کے پوتے مخدوم مخدوم سلطان ایوب قتال سے مخاطب ہو کر کہا کے یہ پھول حضرت کی خدمت میں پیش کردو، مخدوم سلطان ایوب قتال پہلے تو ہچکچائے اور اس کے بعد وہ پھول لے کر اپنے دادا کی خدمات میں حاضر ہوئے اور سارا ماجرا سنایا۔ مخدوم حقانی نے اس پھول کو سونگھا اور اشارہ سمجھ گئے کہ پروردگار کا بلاوا آگیا ہے۔ آپ نے دو رکعت نفل پڑھی اور آخری سجدے میں (بالآخر 669 ھ) آواز دوست پر لبیک کہتے ہوئے اپنی جان جان آفرین کے سپرد کر دی اور عالم برززخ کا سفر کیا۔ اور یوں آسمان تصوف کا حیات آفریں ستارہ ہم سے جدا ہوا۔ آپ کے نام سے منسوب قصبہ مخدوم رشید میں قائم کردہ مدرسہ سے ملحقہ آپ کے حجرے میں مخدوم سلطان ایوب قتال کے ہاتھوں آپکی تدفین ہوئی۔

مزار[ترمیم]

آپ کا مزار سردار بہادر خان دریشک (راجن پور) نے تعمیر کروایا تھا، جو آپ کے خاص معتقدین میں سے تھا۔

جامع مسجد حقانی[ترمیم]

آپ کے مزار کے ساتھ ہی ایک نہایت عالیشان جامع مسجد جو پانچ بڑے گنبدوں پر مشتمل ہے، ملک بھر میں اپنے منفرد طرز تعمیر کی واحد مسجد ہے۔ جس پر ملتانی کاشی گری کا کام نہایت خوبصورت انداز میں کیا گیا ہے۔

کراماتی چشمہ/آب شفاء[ترمیم]

آپ کے مزار کے نزدیک ایک چشمہ ہے، جو عرس کے موقع پر زائرین کے لیے کھولا جاتا ہے۔ روایت ہے کہ ایک بار جب مخدوم حقانی نے کسی مرض سے شفاء حاصل کی تو اس دوا کو اس کنویں میں پھینک دیا اور اس کے بعد عقیدت مندوں نے اس کنویں کے پانی کو جسمانی بیماریوں سے نجات کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا اور اللہ کے حکم سے شفاء یاب ہوئے۔

عرس[ترمیم]

آپ کا عرس ہر سال 15 جون سے شرو ع ہوتا ہے اور پورا ایک ماہ جاری رہتا ہے۔ آپ کی تعلیمات اجاگر کرنے کی خاطر کانفرنس کا بھی اہتمام ہوتا ہے جس میں ملک کے مشہور و معروف علما محققین شریک ہوتے ہیں۔ آپ کے مزار پر روزانہ ہزاروں زائرین و عقیدت مند فاتحہ خوانی کے لیے حاضر ہوتے ہیں، آپ کا مزار ہر وقت خاص و عام کے لیے کھلا رہتا ہے۔

سوشل میڈیا[ترمیم]

حوالہ جات[ترمیم]

  • حضرت مخدوم عبد الرشید حقانی رحمتہ اللہ علیہ، جلد اول، حقانی اکیڈمی، مخدوم رشید ملتان۔
  • انوار غوثیہ از مخدوم حسن بخش ، جلد اول(1909ء) صفحہ 13 تا 16 ۔
  • انوار غوثیہ از مخدوم حسن بخش ، جلد اول(1909ء) صفحہ 163۔
  • دختر سید عبدلقادر جیلانی ؒ حوالہ غنیة الطالبین / سیر:20؍447 نیز دیکھئے: فوات الوفیات:2-374۔
  • مکاشفتہ الطریقت ملفوظ نوابیہ (شجرہ اولاد حضرت شاہ وحید الدین احمد غوث رحمتہ الله علیہ، پدر گرامی حضرت مخدوم عبدالرشید حقانی رحمتہ الله علیہ)۔
  • روزنامہ امروز ، 13 دسمبر 1980 پروفیسر بشیر احمد ملک (خاندانی پس و منظر کوٹ کروڑ، سلطان شاہ حسین رحمتہ الله علیہ)۔
  • کتاب حالات مبارکہ "حضرت پیر شاہ موسیٰ نواب رحمتہ اللہ علیہ، جلد اول، صفحہ 2 تا 7۔ (مصنف محمد عبد للہ تونسوی نظامی، رحیم یار خان)۔
  • کتاب تذکرہ حالات حضرت مخدوم عبد الرشید حقانی رحمتہ اللہ علیہ، جلد اول، صفحہ 3 تا 5۔ (پبلشر چشتی پرنٹنگ پریس، کراچی)۔
  • مقالات مولوی محمد شفیع جلد پنجم صفحہ 138 ، مجلس ترقی ادب لاہور 1981ء (مخدوم کمال الدین علی شاہ خوارزمی رحمتہ الله علیہ)۔
  • سید عبدلقادر گیلانی (حیات ۔اثار) تالیف یونس الشیخ ابراہیم السامرانی، (مطبوعہ بغداد) صفحہ 61۔
  • سوانح سلطان العارفین ، غوث زماں حضرت مخدوم عبدالرشید حقانی رحمتہ الله علیہ ۔
  • <ref>جامع الکرامات مؤ لف شرف الدین لاہوری ، صفحہ نمبر 10 ۔ (تذکرہ برادران و خواہران)
  • منبع البرکات ملفوظ شیخ شمس الدین (بحوالہ ازواج و اولاد)۔
  • مسالک السالکین جلد دوم صفحہ 509 بحوالہ خم خانہ تصوف از ڈاکٹر ظہور الحسن شارب ، صفحہ 43، صابری دارالکتب لاہور1980ء۔
  • پنجاب گزیٹیر (ملتان ڈسٹرکٹ) کننگھم رپورٹ۔
  • مقالات مولوی محمد شفیع ، جلد پنجم مرتب احمد ربانی صفحہ 194۔علانیہ محمد شاہ (سلطان سلطنت دہلی) ۔
  • نور محمد تھند"تاریخ لیہ" صفحہ 135-
  • ابو محمد مشتاق عکس و تحریر مقالہ مخدوم عبد الرشید حقانی علیہ رحمة۔
  • روزنامہ دنیا، ملتان، 3٠ جون 2٠16 -
  • تاریخ ملتان، ڈاکٹر روبینہ ترین، صفحہ 172-
  • تاریخ ملتان صفحہ 159باب مخدوم عبدالرشید حقانی، ناشر قصر الادب ، مصنف مولانا نور احمد خاں فریدی۔