کیریبین

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
:چھلانگ بطرف رہنمائی، تلاش
وسطی امریکہ و کیریبین کا جغرافیائی نقشہ (اردو میں)


بحیرہ کیریبین اس سے ملحقہ جزائر اور ساحلوں کا علاقہ کیریبین (caribbean) کہلاتا ہے۔ یہ علاقہ شمالی امریکہ کے جنوب مشرق، وسطی امریکہ کے مشرق اور جنوبی امریکہ کے شمال اور مغرب میں واقع ہے۔

کیریبین پرت کے اوپر واقع یہ علاقہ 7 ہزار سے زائد جزائر پر مشتمل ہے۔ یہ علاقہ غرب الہند بھی کہلاتا ہے جو 28 آزاد و محکوم علاقوں کا مجموعہ ہے۔

اس علاقے کا نام کیریبین 15 ویں صدی کے اواخر میں یورپیوں کی آمد کے موقع پر یہاں کے ایک گروہ کیرب سے موسوم ہے۔ جبکہ دوسرا نام یعنی غرب الہند کرسٹوفر کولمبس کے اس نظریے کے باعث وجود میں آیا کہ وہ اس علاقے کو مرتے دم تک ہندوستان ہی سمجھتا رہا۔ دوسری جانب علاقے کے لیے استعمال ہونے والی ہسپانوی اصطلاح انٹیلاس کا مطلب نو دریافت شدہ علاقے ہے۔

یہ علاقہ اپنے خوبصورت ساحلوں اور تفریحی مقامات کے باعث دنیا بھر کے سیاحوں میں معروف ہے اس لیے سیاحت یہاں کی اہم ترین صنعتوں میں سے ایک ہے۔ بر صغیر میں اس کی شہرت کی سب سے بڑی وجہ کرکٹ کا کھیل ہے جس میں ویسٹ انڈیز دو مرتبہ عالمی اعزاز حاصل کر چکا ہے۔ 2007ء میں کرکٹ کا عالمی کپ بھی کیریبین جزائر پر ہی کھیلا گیا جس میں آسٹریلیا نے مسلسل تیسری مرتبہ فتح حاصل کی۔