قطب الدین بختیار کاکی
قطب الدین | |
---|---|
معلومات شخصیت | |
پیدائش | سنہ 1173ء اوش ، صوبہ اوش |
وفات | 27 نومبر 1235ء (61–62 سال) دہلی |
لقب | خواجہ،بختیار ،کاکی، |
والد | سید کمال الدین احمد بن موسی اوشی رحمتہ اللہ علیہ |
عملی زندگی | |
استاذ | خواجہ معین الدین چشتی |
درستی - ترمیم |
آں نازنین رآیت ربی،صدر نشین مشاہدات غیبی،طاہر ہوائے لامکانی،سائر عمان سبحانی،زبیح خنجر تسلیم و رضا،جریح من اتی اللہ بہ قلب سلیم مبعوث بہ کمال تنزیہہ و پاکی،محبوب حق و مستغرق فنائے احدیت حضرت قطب الدین بختیار کاکی دہلوی بّرصغیر کے صوفی بزرگ، سُلطان الہند خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے محبوب ترین خلیفہ اور بابا فرید الدین گنج شکر کے پیر و مرشد ہیں۔
ولادت
[ترمیم]آپ نے 1187ء 582ہجری قصبہ اوش میں آنکھ کھولی۔[1]
نام
[ترمیم]آپ کا نام سید بختیار، لقب قطب الدین اور قطب الاقطاب اور کاکی عرفیت ہے۔ آپ قصبہ اوش ترکستان میں پیدا ہوئے۔ حسینی سادات میں سے تھے۔
نسب
[ترمیم]سید بختیاراوشی بن سید کمال الدین بن سید موسیٰ بن سید احمد اوشی بن سید اسحاق حسن بن سید معروف حسن بن سید احمد حسن بن سید رضی الدین بن سید حسام الدین بن سید رشید الدین بن سید جعفر بن سید امام محمد تقی بن سیدامام علی موسیٰ رضا بن سید امام موسیٰ کاظم بن سید امام جعفر صادق بن سید امام باقر بن سید امام زین العابدین بن سید الشہداء سیدنا امام حسین بن امیر المؤمنین حضرت مولیٰ علی رضی اللہ تعالیٰ عنہم۔[2]
علم باطن
[ترمیم]جب آپ کی عمر پانچ برس کی ہوئی تو آپ کی والدہ ماجدہ نے اپنے پڑوسی بزرگ سے کہا کہ میرے معصوم بچے کو کسی اچھے معلم کے سپرد کر دیں تاکہ یہ کچھ علم دین حاصل کر لے وہ بزرگ اس بچے کو لے کر چلے ہی تھے کہ راستے میں ایک بزرگ سے ملاقات ہوئی۔ بزرگ نے ان سے بچے کے متعلق دریافت کیا تو انھوں نے بتایا کہ ایک اچھے خاندان کا بچہ ہے مگر اس کے والد کا انتقال ہو گیا ہے۔ بیوہ ماں نے مجھے بلا کر کہا کہ اس کو کسی اچھے مکتب میں داخل کر دو۔ بزرگ نے یہ سن کر فرمایا کہ تم یہ کام میرے سپرد کر دو۔ میں اس کو ایک ایسے معلم کے حوالے کروں گا جس کے علم کے فیض اور برکت سے یہ بڑا صاحبِ کمال بن جائے گا۔ پڑوسی اس بات کو سن کر بہت ہی خوش ہوئے اور بچے کو لے کر ان بزرگ کے ساتھ معلم کے گھر جانے پر راضی ہو گئے۔ یہ دونوں قصبہ اوش کے ایک معلم ابو حفص کے پاس گئے اور بختیار کاکی کو ان کے سپرد کر دیا۔ ساتھ ہی ان بزرگ نے ابو حفص کو ہدایت کی کہ یہ لڑکا اولیاء اللہ میں شمار ہو گا اس لیے اس پر خاص شفقت فرمائیں۔ جب یہ دونوں حضرات چھوڑ کر چلے گئے تو معلم ابو حفص نے ان سے دریافت کیا کہ وہ کون تھے جو تم کو اس مدرسہ میں لائے تھے؟ بختیارنے کہا کہ میں ان کو بالکل نہیں جانتا۔ میری والدہ نے تو مجھے اپنے پڑوسی کے سپرد کیا تھا۔ یہ بزرگ راستے میں مل گئے اور مجھے آپ کی خدمت میں لے آئے۔ معلم ابو حفص نے جب یہ دیکھا کہ بچہ ان بزرگ کو نہیں جانتا تو انھوں نے بتایا کہ یہ بزرگ دراصل خضر تھے۔[2] لڑکپن ہی میں بغداد آ گئے اور خواجہ معین الدین چشتی سے بیعت کی۔ سترہ برس کی عمر میں خواجہ صاحب سے خرقہ خلافت پایا۔ کچھ عرصے بعد اپنے پیرو مرشد کی معیت میں ہندوستان تشریف لائے اور دہلی میں قیام فرمایا۔ آپ بابا فرید الدین گنج شکر کے مرشد تھے۔ آپ کی طرف دو کتابیں منسوب کی جاتی ہیں۔ ایک دیوان ہے اور دوسری فوائد السالکین جو تصوف کے موضوع پر ہے۔آپ سے سلسلہ قلندریہ کا فیض بھی جاری ہوا۔
وصال
[ترمیم]سماع سے بہت رغبت تھی۔ دہلی میں ایک محفل سماع کے دوران حضرت احمد جام کے شعرمحفل سماع میں ایک شعر
- کُشتگانِ خنجرِ تسلیم را
- ہر زماں از غیب جانِ دیگر اَست
سن کر وجد طاری ہوا۔ وہ تین روزاسی وجد میں رہے آخر 27 نومبر 1235ء کو انتقال فرماگئے۔ نماز جنازہ سلطان التتمش نے پڑھائی۔ آپ کا مزار دہلی کے علاقے مہرولی میں ہے۔
نگار خانہ
[ترمیم]-
قطب الدین بختیار کاکی کا مزار
حوالہ جات
[ترمیم]- ↑ تاریخ مشائخ چشت از محمد زکریا المہاجر المدنی صفحہ 171ناشر مکتبہ الشیخ کراچی http://www.elmedeen.com/read-book-5168#page-179&viewer-text آرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ elmedeen.com (Error: unknown archive URL)
- ^ ا ب خزینۃ الاصفیاء جلد دوم، غلام سرور لاہوری،صفحہ 77مکتبہ نبویہ لاہور