خباب بن ارت

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
خباب بن ارت
(عربی میں: خباب بن الأرت ویکی ڈیٹا پر (P1559) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
معلومات شخصیت
پیدائش سنہ 587  ویکی ڈیٹا پر (P569) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
نجد  ویکی ڈیٹا پر (P19) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
وفات سنہ 658 (70–71 سال)[1]  ویکی ڈیٹا پر (P570) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
کوفہ  ویکی ڈیٹا پر (P20) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
شہریت خلافت راشدہ  ویکی ڈیٹا پر (P27) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
عملی زندگی
پیشہ فوجی  ویکی ڈیٹا پر (P106) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
پیشہ ورانہ زبان عربی  ویکی ڈیٹا پر (P1412) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
عسکری خدمات
لڑائیاں اور جنگیں غزوۂ بدر،  غزوہ احد  ویکی ڈیٹا پر (P607) کی خاصیت میں تبدیلی کریں

خباب ابن الارت آپ مشہور صحابی ہیں، پرانے مؤمن ہیں، اسلام لانے والوں میں ان کا چھٹا نمبر تھا، اسی لیے "سادس الاسلام" کہلاتے تھے۔

نام ونسب[ترمیم]

خباب نام،ابو عبد اللہ کنیت،نسب نامہ یہ ہے،خباب بن ارت بن جندلہ ابن سعد بن حزیمہ بن کعب بن سعد بن زید مناۃ بن تمیم،زمانہ جاہلیت میں غلام بناکر مکہ میں فروخت کیے گئے۔

اسلام[ترمیم]

خباب ان خوش نصیب بزرگوں میں ہیں جو دعوت اسلام کے بالکل ابتدائی زمانہ میں یعنی زید بن ارقم کے گھر میں آنحضرتﷺ کے پناہ گزین ہونے کے قبل مشرف باسلام ہوئے۔اسلام لانے والوں میں ان کا چھٹا نمبر تھا، اسی لیے "سادس الاسلام" کہلاتے تھے۔

ابتلاوآزمائش[ترمیم]

خباب کے اسلام قبول کرنے کے زمانہ میں اسلام کا اظہار تعزیرات مکہ میں ایسا شدید جرم تھا،جس کی سزا میں مال ودولت،ننگ وناموس ہر چیز سے ہاتھ دھونا پڑتا تھا؛لیکن خباب نے اس کی مطلق پر واہ نہ کی اور ببانگ دہل اپنے اسلام کا اظہار کیا، یہ غلام تھے،ان کا کوئی بھی حامی ومددگار نہ تھا، اس لیے کفار نے ان کو مشق ستم بنا لیا اوران کو بڑی درد ناک سزائیں دیتے تھے،ننگی پیٹھ ،دہکتے ہوئے انگاروں پر لٹاکر سینہ پر ایک بھاری پتھر رکھ کر ایک آدمی اوپر سے مسلتا اوروہ اس وقت تک ان انگاروں پر کباب ہوتے رہتے،جب تک خود زخموں کی رطوبت آگ کو نہ بجھاتی، لیکن اس سختی کے باوجود وہ زبان کلمہ حق سے نہ پھرتی ،رحمۃ اللعالمین اس کسمپرسی کی حالت میں تالیف قلب فرماتے تھے؛لیکن ان کا آقا اتنا سنگدل تھا کہ وہ ان کے لیے اتنا سہارا بھی نہ برداشت کرسکا اوراس کی سزا میں لوہا آگ میں تپاکر اس سے ان کا سرداغا، انہوں نے آنحضرت ﷺ سے کہا کہ میرے لیے بارگاہِ ایزدی میں دعا فرمائیے کہ وہ مجھ کو اس عذاب سے نجات دے،آپ نے دعا فرمائی کہ خدایا!خباب کی مددکر۔ جب اس جسمانی سزا سے بھی آتش انتقام سردنہ پڑی تو مالی نقصان پہنچانے کی کوشش کی،عاص بن وائل کے ذمہ ان کا قرض تھا، یہ جب تقاضا کرتے تو جواب دیتا کہ جب تک محمدﷺ کا ساتھ نہ چھوڑوگے،اس وقت تک نہیں مل سکتا،یہ جواب دیتے کہ جب تک مرکر دوبارہ زندہ نہ ہوگے میں محمد ﷺ سے الگ نہیں ہو سکتا وہ کہتا اچھا میں مرکر پھر زندہ ہوں گا اور مجھ کو مال اور اولاد ملے گی، اس وقت تمہارا قرض دوں گا۔،اس سے مسلمانوں کے اس عقیدے پر تعریض تھی کہ مرنے کے بعد دوبارہ زندگی ملے گی اس واقعہ پر کلام اللہ کی یہ آیت نازل ہوئی: (بخاری کتاب التفسیر باب قولہ ونرثہ مایقول) أَفَرَأَيْتَ الَّذِي كَفَرَ بِآيَاتِنَا وَقَالَ لَأُوتَيَنَّ مَالًا وَوَلَدًا ،أَطَّلَعَ الْغَيْبَ أَمِ اتَّخَذَ عِنْدَ الرَّحْمَنِ عَهْدًا ،كَلَّا سَنَكْتُبُ مَا يَقُولُ وَنَمُدُّ لَهُ مِنَ الْعَذَابِ مَدًّا ،وَنَرِثُهُ مَا يَقُولُ وَيَأْتِينَا فَرْدًا [2] اے محمدﷺ ! کیا تم نے اس شخص کے حال پر نظر کی جس نے ہماری آیات سے کفر کیا اورکہا کہ قیامت میں بھی مجھ کو مال اوراولاد ملے گی،کیا اس کو غیب کی خبر ہوگئی یا اس خدائے رحمن سے عہد لیا ہے ،ہر گز نہیں جو کچھ کہتا ہے ہم اس کو لکھ لیتے ہیں اوراس کے عذاب میں ڈھیل دیتے چلے جائیں گے اور جو کچھ وہ کہتا ہے اس کے ہم وارث ہوں اور یہ تنہا ہمارے سامنے لایا جائے گا۔

ہجرت ومواخات[ترمیم]

خباب مدتوں نہایت صبرواستقلال کے ساتھ یہ تمام مصیبتیں جھیلتے رہے،پھر جب ہجرت کی اجازت ملی تو ہجرت کرکے مدینہ آ گئے،ہجرت بھی تکلیف ومصائب کے خوف سے نہ کی تھی؛بلکہ خاصۃ لوجہ اللہ کی تھی،چنانچہ کہاکرتے تھے کہ میں نے آنحضرتﷺ کے ساتھ خالصۃ لوجہ اللہ ہجرت کی تھی،مدینہ آنے کے بعد آنحضرتﷺ نے ان میں اورخراش بن صمہ غلام تمیم کے درمیان مواخات کرادی۔[3]

غزوات[ترمیم]

مدینہ آنے کے بعد شروع سے آخر تک تمام غزوات میں شریک رہے۔،[4]

خلافت فاروقی[ترمیم]

عمرفاروق ان کے فضائل کی وجہ سے ان کا بہت احترام کرتے تھے ایک دن یہ ان سے ملنے گئے تو عمر نے ان کو اپنے گدھے پر بٹھایا اور لوگوں کو مخاطب کرکے فرمایا کہ ان کے علاوہ صرف ایک شخص اور ہے جو اس پر بیٹھنے کا مستحق ہے،خباب نے پوچھا امیر المومنین! وہ کون؟ فرمایا بلال! آپ نے عرض کیا وہ میرے برابر کیوں کر مستحق ہوسکتے ہیں،مشرکین میں ان کے بہت سے مدد گار تھے؛لیکن میرا پوچھنے والا سوائے اللہ کے کوئی نہ تھا، اس کے بعد اپنا استحقاق بتاتے ہوئے اپنے مصائب کی داستان سنائی۔[5]

علالت ووفات[ترمیم]

37ھ میں کوفہ میں بیمار پڑے، علاج سے افاقہ ہونے کے بجائے مرض اور بڑھ گیا، اس کی طوالت اور تکلیف سے گھبراکر کہنے لگے کہ اگر خدانے رسول اللہ ﷺ سے موت کی دعا کرنے کی ممانعت نہ کی ہوتی تو میں دعا کرتا جب حالت زیادہ نازک ہوئی اور کفن لایا گیا تو اسے دیکھ کر آنکھوں سے بے اختیار آنسو جاری ہوگئے فرمانے لگے،آہ! حمزہؓ کو پورا کفن بھی میسر نہ ہوا تھا، ایک معمولی چھوٹی سی چادر میں کفنائےگئے کہ اگر پیر ڈھانکا جاتا تو سر کھل جاتا اور سرڈھانکا جاتا تھا تو پاؤں کھل جاتے تھے ،آخر میں سرڈھانک کر اذخر(ایک قسم کی گھاس) سے پاؤں چھپائے گئے۔ کچھ لوگ عیادت کرنے کو آئے اورکہا ابو عبداللہ تم کو خوش ہونا چاہئے،کل تک اپنے ساتھیوں سے مل جاؤ گے،یہ سن کر رقت طاری ہوگئی،فرمایا کہ میں موت سے نہیں گھبراتا تم لوگوں نے ایسے لوگوں کو یاد دلایا جو اس دنیا سے اجرکے مستحق اٹھے مجھ کو خوف ہے کہ کہیں ثواب آخرت کے بدلہ میں مجھ کو یہ دنیا نہ ملی ہو۔ [6]

وصیت اوروفات[ترمیم]

کوفہ والے عموما ًاپنے مردوں کو شہر کے اندردفن کرتے تھے ؛لیکن انہوں نے وصیت کردی تھی کہ مجھ کو بیرون شہر دفن کرنا،اس وصیت کے مطابق ان کو شہر کے باہر دفن کیا گیا، آپ پہلے صحابی ہیں جن کی قبر سے کوفہ کے باہر ویرانہ کی آبادی ہوئی، وفات کے وقت بہتر سال کی عمر تھی، حضرت علی ؓ جنگ صفین سے واپس ہورہے تھے کہ خبابؓ کی وفات کی اطلاع ملی ؛چنانچہ آپ ہی نے نماز جنازہ پڑھائی، [7] اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ۳۷ھ میں وفات پائی، ایک روایت یہ بھی ہے کہ ۱۹ھ میں مدینہ میں پیوند خاک ہوئے اورحضرت عمرؓ نے جنازہ کی نماز پڑھائی۔

ذریعہ ٔمعاش[ترمیم]

زمانہ جاہلیت میں اوراس کے بعد عرصہ تک تلواریں بنا کر کسب معاش کرتے رہے، اسلام کا ابتدائی زمانہ بہت عسرت میں بسر ہوا؛لیکن کچھ دنوں کے بعد اللہ نے فارغ البال کیا اور اتنی دولت ملی کہ پھر کسی پیشہ وغیرہ کی احتیاج باقی نہیں رہی،وفات کے وقت چالیس ہزار درہم پس انداز تھے۔ [8]

فضل وکمال[ترمیم]

خبابؓ کو آنحضرتﷺ کے اقوال واعمال کی بڑی جستجورہتی تھی اوروہ کبھی کبھی آنحضرت کی لا علمی میں رات رات بھر آپ کے طریقہ عبادت کو دیکھتے اورصبح کو اس کے متعلق استفسار کرتے، ایک مرتبہ آنحضرتﷺ نے ساری رات نماز پڑھی،یہ پوری رات دیکھتے رہے اورصبح کو آکر پوچھا، فدیت بابی وامی،یا رسول اللہ؛ رات کو آپ نے ایسی نماز پڑھی کہ اس کے قبل کبھی نہ پڑھی تھی، فرمایا وہ بیم ورجا کی نماز تھی میں نے بارگاہ ایزدی میں تین چیزوں کی دعا کی تھی،دو مقبول ہوئیں اورایک نامقبول، ایک دعا یہ تھی کہ اللہ مسلمانوں کو اس عذاب سے نہ ہلاک کرے جس سے گذشتہ امتیں ہلاک ہوئیں اور میرے دشمنوں کو مجھ پر غالب نہ کرے،یہ دونوں دعائیں تو قبول ہوگئیں؛ لیکن تیسری قبول نہیں ہوئی۔ [9] ان کی مرویات کی مجموعی تعداد ۳۳ ہےان میں سے ۳ متفق علیہ ہیں اور ۲ میں امام بخاری اورایک میں مسلم منفرد ہیں، [10] صحابہ اور تابعین میں جن بزرگوں نے ان سے حدیثیں سنی ہیں، ان کے نام حسب ذیل ہیں: آپ کے صاحبزادہ عبداللہ اورابو امامہ باہلی، عبداللہ بن شخیر، قیس ابن ابی حازم، مسروق بن اجدع اور علقمہ بن قیس وغیرہ۔ [11]

حوالہ جات[ترمیم]

  1. عنوان : Хаббаб ибн Арат
  2. (مریم:۷۷،۷۹)
  3. اسد الغابہ:2/106
  4. ابن سعد،جلد3،قسم1،صفحہ116
  5. مستدرک حاکم،جلد3،تذکرہ خباب بن ارت
  6. (ابن سعد،جز۳،ق۱،صفحہ:۱۱۸،حضرت حمزہؓ کی تکفین کا واقعہ بخاری کتاب المغازی اورمسند ابن حنبل:۵/۱۰۹، میں ہے)
  7. (مستدرک حاکم:۳/۳۸۲)
  8. (ابن سعد،جلد۳،ق۱ تذکرہ خبابؓ)
  9. (مسند احمد بن حنبل:۵/۱۰۸)
  10. (تہذیب الکمال تذکرہ خباب بن ارت)
  11. (تہذیب التہذیب :۳/۱۳۳)