شماس بن عثمان
شماس بن عثمان | |
---|---|
معلومات شخصیت | |
پیدائش | سنہ 591ء مکہ |
وفات | سنہ 625ء (33–34 سال) جبل احد |
پیشہ ورانہ زبان | عربی |
عسکری خدمات | |
لڑائیاں اور جنگیں | غزوۂ بدر ، غزوہ احد |
درستی - ترمیم |
شماس بن عثمان رضی اللہ عنہ (وفات: 3ھ) بڑے خوبصورت مہاجر صحابی غزوہ بدر میں شریک تھے۔آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ابتدا ہی میں مشرف باسلام ہو گئے تھے ۔حبشہ کی دونوں ہجرتوں میں شامل تھے۔پھر مدینہ کی ہجرت شامل ہوئے ۔غزوہ بدر لڑی اور غزوہ احد میں شہادت نوش فرمائی۔
نام و نسب
[ترمیم]شماس نام ، والد کا نام عثمان اور والدہ کا نام صفیہ تھا، پورا سلسلہ نسب یہ ہے: شماس بن عثمان بن الشرید بن ہرمی بن عامر بن مخزوم القرشی المخزومی ان کا اصلی نام عثمان تھا، شماس اس لیے نام پڑا کہ ایک دفعہ ایام جاہلیت میں ایک نہایت حسین وجمیل نصرانی جس کا چہرہ آفتاب کی طرح چمکتا تھا مکہ آیا، لوگ اس کے غیر معمولی حسن وجمال پر سخت متعجب تھے، عتبہ بن ربیعہ نے(جو شماس کا ماموں تھا دعویٰ کیا کہ اس کے پاس اس سے بہتر شماس یعنی رخ تاباں موجود ہے اور مقابلہ میں ابن عثمان کو پیش کیا، چنانچہ اس دن سے ان کا نام ہی شماس ہو گیا۔ [1]
اسلام
[ترمیم]شماس بن عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کی والدہ صفیہ بنت ربیعہ نے بھی ابتدا ہی میں دعوتِ توحید پر صدائے لبیک بلند کیا تھا۔ [2]
دوہجرتیں
[ترمیم]مشرکین کے ظلم سے مجبور ہوکر راہی حبش ہوئے، صفیہ بھی ہمراہ تھیں، وہاں سے واپس آکر پھر مدینہ کی راہ لی اور مبشر بن عبد المنذر کے مہمان ہوئے، یہاں حنظلہ ابن ابی عامر انصاری سے مواخات ہوئی۔ [3]
غزوات
[ترمیم]غزوۂ بدر و غزوہ اُحد میں جانبازی سے لڑے معرکہ احد میں جب کہ اتفاقاً جنگ کا پانسا پلٹ گیا، غازیانِ اسلام کی فتح شکست سے بدل گئی اور صرف چند جان نثار میدان میں رہ گئے تو شماس بھی انھی پروانوں میں تھے جو شمع نبوت کے ارد گرد فداکاری کے جوہر دکھا رہے تھے، آنحضرت ﷺ فرمایا کرتے تھے کہ میں شماس کے لیے "سپر" کے سوا کوئی تشبیہ نہیں پاتا، آپ چپ وراست جس طرف دیکھتے شماس ہی سربکف نظر آتے، غرض انھوں نے اپنے آپ کو آنحضرت ﷺ کے لیے سپر بنادیا، یہاں تک کہ زخموں سے چور ہوکر گر گئے، اختتامِ جنگ کے بعد دیکھا گیا تو دمِ واپسیں کے چند انفاس باقی تھے، آنحضرت ﷺ کے حکم سے مدینہ اٹھاکر لائے گئے، ام سلمہ ان کی تیمار داری پر مامور ہوئیں، چند دنوں بعد فوت ہوئے آنحضرت ﷺ نے ان کو اسی خونیں پیراہن کے ساتھ بغیر جنازہ اُحد کے گورِ شہیداں میں دفن کرنے کا حکم دیا،[4] غرض چونتیس برس کی عمر میں سپرد خاک ہوئے ،[5][6][7] [8]
حلیہ
[ترمیم]حضرت شماسؓ بن عثمان نہایت حسین وخوبرو تھے، چنانچہ اس تابانی رخ نے ان کو شماسؓ کے نام سے مشہور کیا۔ [9]
اولاد
[ترمیم]حضرت شماس بن عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایک لڑکا عبد اللہ اور ایک لڑکی ام حبیب یاد گار چھوڑی، لیکن یہ دونوں لاولد فوت ہوئے اس لیے سلسلہ نسل منقطع ہو گیا۔ [10] [11]
حوالہ جات
[ترمیم]- ↑ أسد الغابة في معرفة الصحابة - شماس بن عثمان آرکائیو شدہ 2017-01-16 بذریعہ وے بیک مشین
- ↑ الطبقات الكبرى لابن سعد - شَمَّاسُ بْنُ عُثْمَانَ (1) آرکائیو شدہ 2017-01-16 بذریعہ وے بیک مشین
- ↑ الطبقات الكبرى لابن سعد - شَمَّاسُ بْنُ عُثْمَانَ (2) آرکائیو شدہ 2017-01-16 بذریعہ وے بیک مشین
- ↑ (اسد الغابہ :3/4)
- ↑ اسد الغابہ:3/375
- ↑ طبقات ابن سعد قسم اول جزء ثالث :176
- ↑ اصحاب بدر،صفحہ 95،قاضی محمد سلیمان منصور پوری، مکتبہ اسلامیہ اردو بازار لاہور
- ↑ الإصابة في تمييز الصحابة - شمّاس بن عثمان آرکائیو شدہ 2017-01-16 بذریعہ وے بیک مشین
- ↑ (ایضاً: 175)
- ↑ (ایضاً:175)
- ↑ السيرة النبوية لابن هشام» غزوة أحد» ذكر ما قيل من الشعر يوم أحد - شعر نعم في بكاء شماس آرکائیو شدہ 2017-01-16 بذریعہ وے بیک مشین